اے حوا کی بیٹی تحریر. ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
اے حوا کی بیٹی
تحریر. ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
پتا نہیں کیوں مجھے مغرب کی اذان کے ہوتے ہی صرف اور صرف گھر میں، جی اپنے محفوظ، محبت اور احترام بھرے، چاہت بھرے گھر میں رہنے کی خواہش ہی نہیں ارمان ہوتا ہے، اب خواہش اور ارمان کا فرق پھر کبھی واضح کرتی ہوں ابھی تو مغرب کے وقت کی مقناطیسیت اور روحانی طاقت کے اثر میں یہ کہہ رہی ہوں کہ عجب وقت ہے وقت مغرب بھی جب دو اوقات ایک دوسرے میں مدغم ہو رہے ہوتے ہیں،جب اجالا، اندھیرے میں پناہ لے رہا ہوتا ہے، جب لوگ باگ کام دھندے نبٹا کے زمین پہ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہوتے ہیں اور آسمانوں پہ پنکھ پکھیرو اپنے اپنے آشیانوں کو، لیکن میری آنکھیں اک واضح تضاد انسانوں اور پرندوں میں دیکھ کر نم ہو جاتی ہیں وہ آسمانوں والے تو بغیر پڑھے لکھے، بغیر سکولوں کالجوں اور یونیورسٹیوں کے دھکے کھاے، بغیر کوی ہنر سیکھے بڑی تمیز اور طریقے سے قطار در قطار چل رہے ہوتے ہیں، مگر حضرت انسان اتنی زیادہ تعلیم و ہنر اور شعور کے باوجود، سڑکوں پہ اپنے جیسے دوسرے انسانوں کودھکے پہ دھکے مارتے،اوورٹیکنگ کرتے، جلدی نہ ہوتے ہوے بھی جلدی، بھاگو دوڑو کا scene create کرتے ہوے،کبھی خود زخمی ہو جاتے ہیں یا پھر دوسروں کو زخمی کر دیتے ہیں مگر مجال ہے جو ذرا بھی شرمندہ ہوتے ہوں، راہ گیر تو ان اڑان بھرتے ہوے پایلٹوں کے لیے کیڑے مکوڑے ہی ہیں ، اور کیڑے مکوڑے اگر مر بھی جائیں تو کیا فرق پڑتا ہے؟
خیر مغرب اس لیے بھی میرے دل پہ نقش ہے کہ ڈر اور خوف کی ملی جلی کیفیت کے ساتھ مجھے ابو جی کی تنبیہ کہ مغرب کی نماز کی ادای اذان کے ساتھ ہی ضروری ہے کیونکہ اس نماز کا وقت بہت مختصر ہوتا ہے دوسرے دادی جان کی یہ ہدایت جو کہ گھر کے تمام افراد پہ لاگو ہوتی تھی کہ مغرب سے پہلے سب گھر لوٹ آییں، دادای جان کاکہنا تھا کہ اللہ پاک نے دن انسانوں کے کام کے لیے بنایا ہے تو ان پہ لازم ہے کہ اپنے سارے کام نمٹا کے شام سے پہلے گھروں کو لوٹ آییں بالکل ایسے جیسے فجر سے نکلے ہوے اللہ توکل پرندے سورج غروب ہونےسے پہلے اپنے اپنے آشیانوں کو لوٹ جاتے ہیں. دادی جان فرماتی تھیں کہ رات کو انسانوں کو اس لیے بھی گھرسے باہر نہیں نکلنا چاہیے کہ رات کو کوی اور مخلوق باہر نکل آتی ہے تو ہم نے تو اپنی دادی جان کی بات کو ایسے پلو سے باندھا کہ مغرب کے بعد گھر سے نکلنا تو دور کبھے نکلنے کا ارادہ بھی نہ باندھا، ابو جی نے بڑے غیر محسوس طریقے سے محرم نا محرم کا درس رگ و جان میں یوں انڈیلا کہ ہم سیر ہو گیے، سچ ہی کہتے ہیں کہ احتیاط، علاج سے بہتر ہے، دنیا کے کسی بھی مذہب میں مرد عورت کا بغیر نکاح یا شادی کے رہنا گناہ ہی ہے، اب لوگوں نے اللہ تعالیٰ کے احکامات سے روگردانی یوں کی کہ ہر ممنوعہ شے کو اپنے لیے جایز قرار دیا اور شجر ممنوعہ کھا کر اپنی اذیتوں اور مصایب میں جی بھر کے اضافہ کیا، مردوں کے اس معاشرے میں عورت کو تو پھونک پھونک کے قدم رکھنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ یہاں عورت پہ الزام بھی زیادہ اور ان الزامات پہ جرح بھی زیادہ، تو خواتین کو ہر زمانے میں کءی محاذوں پہ لڑنا پڑتا ہے، عورت کے دشمن گھر میں بھی ہیں اور گھر سے باہر بھی تو عورت کو اپنے تمام دشمنوں سے لڑنے کے لیے طاقت سے زیادہ اپنی عقل پہ بھروسہ کرنا چاہیے تاکہ نہ وہ تماشا بنے نہ اس کا خاندان؛اور نہ کوی منصف اس کی محرومیوں اور نادانیوں کا سر عام مذاق اڑا سکے، میری بیٹیو اور بہنو اپنے عشاق پہ اپنی قیمتی جانیں نثار کرنے سے پہلے اپنے پیاروں اپنے والدین کی سن لیا کرو کیونکہ
یہ محبت تو نرا دھوکہ ہے
ہم نے روکا ہے بہت روکا ہے
ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
Punnam. Naureen 1@cloud.com