بیتے دنوں کی یادیں
بیتے دنوں کی یادیں
یہ قریب انیس سو اسی کی دہائی کے زمانوں کی باتیں ہیں میرا چھوٹا سا گاوں میرک پور ضلع سیالکوٹ میں نالہ ڈیک کے کنارے واقع ہے، جس کے چاروں اور کچے راستے ہیں کوئی پختہ سڑک نہیں، سب سے بڑی بات گاؤں میں بجلی بھی نہیں تھی۔ میں پرائمری سکول میں پڑھتا تھا، برسات میں بہت زیادہ فلڈ آیا ہوا تھا۔کشمیر کے پہاڑوں سے آتا ہوا نالہ ڈیک بھی بپھرا پڑا تھا جس میں طغیانی آئی ہوئی تھی۔گاوں پانی میں ڈوب چکا تھا باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تھے، گھروں میں راشن اور مال مویشیوں کے چارے کے حصول میں بڑی مشکلات ہوجایا کرتی تھیں، ہر سال ہی برسات کے موسم میں فلڈ آتے تھے لیکن سن انیس سو اٹھاسی کا سیلاب کچھ زیادہ ہی تباہ کن تھا، پھر جیسے جیسے دن گزرتے گئے آہستہ آہستہ پانی اترنے لگا، مجھے یاد پڑتا ہے کہ اس زمانے میں ہمارے گاؤں میں صرف ایک ہی ٹی وی تھا وہ بلیک اینڈ وائٹ کا زمانہ تھا اور گھروں کی چھت پر انٹینا لگا کر ایک پٹی نما تار کو اینٹینا سے لگا کر ٹی وی سے جوڑ دیتے تھے ٹی وی پر دو ہی چینل پی ٹی وی اور انڈیا کا دور درشن آیا کرتا تھا۔ جب جنرل ضیاء الحق کا بہاولپور بستی لال کمال کے قریب طیارہ گر کر تباہ ہوا جس میں صدر پاکستان کے ساتھ ساتھ اور بھی کافی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا، میں نے ڈھاکہ ڈوبتے دیکھا، ایمرجنسی، سلیوٹ، پریشرککر، تادم تحریر اور ہمہ یاراں دوزخ، والے برگیڈیر صدیق سالک بھی اسی طیارے میں اللہ کو پیارے ہوگئے تھے، میرے والد محترم کا نام بھی محمد صدیق ہے تو مجھے اس لیے بھی ان کے ہم نام لوگوں کے ساتھ ایک دلی محبت سی ہو جاتی ہے، تو بات کر رہا تھا کہ جب ضیاء کے طیارے کے تباہ ہونے کی خبر پھیلی تو ہم چھوٹے ہی تھے ہمارے دونوں جڑواں گاوں کا ایک پرائمری سکول تھا جہاں ہم اس وقت پڑھتے تھے، تو پورا گاوں بابا برکت میو کی بیٹھک جو اس وقت نئی نئی بنی تھی، میں اکھٹا ہوگیا، گاؤں کی مسجد کے لاوڈ اسپیکر کی بیٹری اتار کر لائے اور بابا اعجاز میو اپنے گھر سے ٹی وی لائے جو اس وقت ہمارے گاؤں کا اکلوتا ٹی وی تھا جس کو بیٹری سے چلا کر ہم خبریں نشریات دیکھ رہے تھے جس میں جنرل ضیاء الحق کے طیارہ حادثہ اور ان کے جنازہ کے مناظر دکھائے جا رہے تھے گاؤں کے سارے لوگ افسردہ تھے اس زمانے میں گاؤں میں چند ایک لوگ ہی تھے جو میٹرک پاس تھے، کسی کسی کے پاس ریڈیو ہوتا تھا جس پر خبریں اور میچ کمنٹری سنتے تھے، اخبار تو گاوں میں بلکل بھی نہیں آتا تھا میرے والد صاحب، چھوٹے سے کسان زمیندار تھے اس وقت کے حساب سے پڑھے لکھے آدمی تھے، خوبصورت جوان ہردلعزیز آدمی تھے اور نوجوانی میں وہ، والی بال، کبڈی اور ایتھلیٹ کے اچھے کھلاڑی تھے سالوں پہلے کے میٹرک پاس تھے، کبھی کبھی ان کو اسلامی کتابیں پڑھتے دیکھتے اور مہینہ دو مہینہ بعد ماہانہ جاسوسی، اور سسپنس ڈائجسٹ بھی لاتے جو رات کو دئیے یا لالٹین کی روشنی میں پڑھتے اس زمانے میں ان کا یہی تفریح کا ذریعہ تھا میں بھی کبھی کبھی وہ ڈائجسٹ کھول کر پڑھنا شروع کر دیتا، جن میں دیوتا، گمراہ، تاوان، عنکبوت، شکاری، اور عبدالقیوم شاد کی دیوی جیسی شاہکار سلسلہ وار کہانیاں ہوتیں جن کو پڑھ کر مجھے بھی آہستہ آہستہ اپنے سکول کے ہوم ورق کے ساتھ ساتھ میگزین کی ان کہانیوں کو پڑھنے کا چسکا پڑ رہا تھا، یہ بڑی بے مثال کہانیاں تھیں دیوی، پھولن دیوی کی زندگی کی سچائی تھی جس پر بعد ازاں انڈیا میں بینڈٹ کوئین نامی ایک مشہور زمانہ فلم بھی بنی جس میں منوج باجپائی نے پھولن دیوی کے ساتھی مان سنگھ ڈاکو کا لازوال کردار ادا کیا تھا، پھر دیکھا کہ گاوں کے باہر اینٹوں کے ڈھیر لگنے شروع ہوگئے، گاوں کے لوگ بھل صفائی اور سوشل ورک کے کام باہم مل جل کر کرتے تھے تو سارا گاوں کچا راستہ ہموار کر رہا تھا گاوں کے واحد راستے پر ان اینٹوں سے سولنگ لگایا گیا یہ اس زمانے کی ہمارے گاوں کی پختہ سڑک تھی جو ہمیں دوسرے قریبی دیہاتوں سے ملاتی تھی، پھر ضیاء الحق کے بعد الیکشن کا شور اٹھا، ہمارے گاوں کے حلقہ سے میاں نواز شریف تب قومی اسمبلی کا الیکشن جیتے، اور بینظیر بھٹو کا نام سننے لگے الیکشن ہوگئے تو سنتے کہ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کسی مسلم ملک کی سربراہ بنی ہے اسی دوران گاوں میں بجلی کے سیمنٹ کے کھمبے آنے شروع ہوگئے اور چند مہینوں کے اندر اندر گاوں میں بجلی بھی آگئی اور گھر گھر میں بجلی کے میٹر لگ گئے اور پورا گاوں جگمگا اٹھا، رات میں گاوں کو دور سے دیکھتے تو جگمگاتا ہوا بہت خوبصورت لگتا یہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں تھیں جو اس زمانے میں بہت بڑی بڑی لگتیں تھیں، گاوں ابھی جدید ترقی سے بہت دور تھا ویسے تو اب بھی ترقی نام کی کوئی چیز نہیں گاؤں میں لیکن میرے بچپن میں تو زیادہ ہی پسماندگی تھی، بچپن کی آنکھ سے دیکھتا ہوں تو گاوں میں کھیتی باڑی کے لیے کالے انجن والے ٹیوب ویل ابھی لگنے شروع ہو گئے، ہر طرف راہٹ چلا کر زمینوں کو کنویں کے پانی سے سراب کیا جاتا تھا بعد میں ٹیوب ویل لگ گئے اور آہستہ آہستہ کنویں ختم ہوگئے، ہمارے کھیتوں میں ایک کنواں تھا جو چلتے ہوئے میں نے خود دیکھا جو ابھی ایک دو سال پہلے ہی اس میں مٹی ڈال کر ختم کر دیا گیا ہے تو زمینداری کا نظام بھی بہت روایتی اور سست تھا، کیتھوں میں بیلوں کی جوگ سے ہل چلا کر فصلیں کاشت کی جاتیں، آمدورفت کے لیے تانگے اور بائی سائیکل ہوتے، اور مال برداری کے لئیے بیل گاڑی گڈے ہوا کرتے تھے یہ ٹریکٹر ٹرالی اور دیگر جدید زرعی آلات تو کہیں بعد میں آئے، تو میں اپنے انہیں گمنام زمانوں کی بات کر رہا تھا کہ کیسے بچپن میں سکول اور مسجد کی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے یار دوستوں کے ساتھ کھیلتے کھیلنے رسالوں ڈائجسٹوں کی کہانیاں پڑھتے پڑھتے دوسری کتابیں پڑھنے کی لت بھی لگ گئی، مجھے یاد پڑتا ہے کہ پرائمری سکول کے بعد جب ہائی سکول میں چلے گئے تو میں کبھی کبھی لاہور ٹاون شپ اپنے ماموں کے پاس جاتا جو اس زمانے میں یہ لاہور کا آخری سٹاپ ہوا کرتا تھا تب لاہور میں بھی گاوں کی سی خاموشی ہوا کرتی تھی یہ افراتفری کا ماحول نہیں تھا تب، جناح ہسپتال میں نے خود دیکھا ابھی زیر تعمیر تھا، اکبر چوک کے ساتھ جوہر ٹاون نہیں تھا بلکہ سارے کھیت پھیلے ہوئے تھے تو ٹاون شپ بوائز ہائی سکول کے ساتھ ڈاکخانہ والی مارکیٹ تھی تب پولیس چوکی بھی وہاں ہوا کرتی تھی، تو ایک پرانی کتابوں کی دکان ہوا کرتی تھی رفیق اولڈ بک شاپ کے نام کی جہاں پر میں اپنے ماموں اشفاق کے ساتھ جاتا اور وہاں سے میں ابن صفی کی جاسوسی کہانیاں، ناول لے آتا الطاف حسین حالی کی مدوجزر حالی ، مولوی عبدالحق کی چند ہم عصر، اور علامہ اقبال کی بانگ درا، بھی اسی بک شاپ سے پہلی بار لایا تھا ان کتابوں کے پیسے بھی میرا ماموں ہی ادا کرتا اس زمانے میں یہ بڑی عیاشیاں تھیں میرے لیئے ، میرے والد صاحب مجھے ایسی کہانیاں، ناول اور غیر نصابی کتابیں پڑھنے سے منع تو نہ کرتے لیکن تاکید کرتے کہ پہلے اپنے سکول کی کتابیں پڑھو، تو یہ انہی گزرے ہوئے زمانوں کے قصے ہیں، جن کا موجودہ دور سے جوڑ تو کوئی نہیں بنتا لیکن انسان اپنی بنیاد سے ہی اٹھتا ہے نا وہ اپنے ذہن سے دماغ سے خون سے ان کو نکال تو نہیں سکتا نا بلکہ وہ انہیں بنیادوں کی بنیاد پر وہ آنے والے دنوں کی تعمیر کرتا ہے، لیکن کبھی کبھار ان گزرے وقتوں کو یاد کر لینا چاہیے ، زندگی کو زندہ رکھنے کے لیے ، بہترین دنوں کے لیئے بد ترین دنوں میں سے گزرتا ہی پڑتا ہے، دوڑ پیچھے کی طرف اے گردش ایام تو
شاہد محمود سیالکوٹ
24/11/2025