November 17, 2026

تحریر – محمد فاروق عزمی رابطہ ۔ 4788517 0321 عظمت عظیم کی عظمتیں اور دیگر کتب

IMG-20251108-WA0218

تحریر – محمد فاروق عزمی
رابطہ ۔ 4788517 0321

عظمت عظیم کی عظمتیں اور دیگر کتب

عظمت عظیم سے میرا پہلا تعارف ان کی تحریروں کے حوالے سے ہوا ۔ اور یہی اب تک اُن سے آخری تعارف بھی ہے۔ ان سے ملنے یا گفتگو کرنے کا اتفاق نہیں ہوا۔ لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں انھیں جانتا ہوں ۔ عظمت عظیم اس دھرتی کی بیٹی ہیں۔ ایسی بیٹی جو ہماری راویات کی امین اور پنجاب کی دھرتی کا مان اور فخر ہیں۔ عظمت عظیم ایسی بیٹی جس پر صرف ان کے ” شجر سایہ دار ” (والدین ) کو ہی فخر نہیں بلکہ ہر اس انسان کو فخر ہے۔ جو بیٹیوں کی عظمت کو سمجھتا اور جانتا ہے ۔ جو اللہ کی ان رحمتوں (بیٹیوں) کا احترام کرتا ہے۔ جو اپنے دستِ شفقت سے بیٹیوں کے سروں پر ” ردائیں” ڈالتا اور انھیں دعائیں دیتا ہے۔ کوئی شخص جب بیٹی کو آتا دیکھ کر کھڑا ہو جائے تو گویا وہ سنتِ نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم ) ادا کرتا ہے ۔ بیٹیوں کے لیے یہ احترام اس وقت پیدا ہوتا ہے جب وہ اپنے آنچل کی حفاظت اپنی جان سے بڑھ کر کرتی ہیں۔ عظمت عظیم کی تحریروں سے ان کی ذات کا جو عکس جھلکتا ہے ۔ وہ ایسا ہی ہے کہ ان
لیے دل میں ویسی ہی عقیدت ، شفقت اور محبت پیدا ہوتی ہے جو ایک باپ اپنے دل میں اپنی حقیقی بیٹی کے لیے رکھتا ہے۔

2023 میں عظمت عظیم نے اپنی پہلی کتاب ” عظمتیں ” کی اشاعت پر یہ کتاب اپنے ہاتھ سے لکھ کر مجھے بھیجی ۔ کتاب کے دیباچے میں انھوں نے لکھا ہے کہ ” میں نے جس معاشرے میں آنکھ کھولی وہاں بیٹی کی تعلیم کا کوئی خاص رواج نہیں تھا ۔ دور افتادہ اور پسماندہ گاؤں سے کسی لڑکی کا شہر کالج میں پڑھنے آنا بڑا معیوب سمجھا جاتا تھا ” ان کی اس بات سے مجھے مصر کی معروف مصنفہ ڈاکٹر عائشہ عبد الرحمن بنت شاطی کا خیال آیا ۔ جن کی پیدائش 1913 میں نیل کے ساحل پر واقع ایک پس ماندہ اور دور دراز علاقے ” دمیاط ” میں ہوئی ۔ روایتوں میں جکڑے ہوئے ماحول میں گھر سے باہر نکل کر لڑکیوں کے لیے حصول تعلیم کا کوئی تصور نہیں تھا مگر انہوں نے شاندار تعلیمی و تحقیقی کامیابیاں حاصل کیں ۔ 1939 میں انہوں نے عربی ادب میں بی اے، دو سال بعد ایم اے ادبیات اور 40 سال کی عمر تک پہنچنے تک ڈاکٹریٹ کی اعلیٰ سند حاصل کی ۔ ڈاکٹر عائشہ ایک دانشور فاضل خاتون تھیں ۔ انھوں نے ایک سو سے زائد کتابیں لکھیں ۔ عظمت عظیم نے بھی روایات کے بندھن توڑتے ہوئے جانے کن کن محاذوں پر لڑتے ہوئے تعلیمی کامیابیاں حاصل کیں ، اور چار ماسٹر ڈگریاں اپنے نام کر لیں ۔ مجھے اپنی بیٹی کی یاد بھی آئی وہ ہمارے خاندان کی پہلی بچی ہے جس نے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹر کیا ۔ جن دنوں وہ زیرِ تعلیم تھی اور غالباً انٹر میں تھی تو ہمارے ایک عزیز گاؤں سے مجھے ملنے لاھور آئے۔ جب انھیں علم ہوا کہ ہماری بیٹی گیارہویں جماعت میں پڑھتی ہے تو انہوں نے خاصی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور بچی کی تعلیم کو گویا کوئی جرم قرار دیا ۔ ایسے معاشروں اور ایسے ماحول میں کسی خاتون کی اس طرح کی کامیابیاں قابلِ صد ستائش ہیں ۔
عظمت نے 2023 میں اپنی پہلی کتاب کے بعد دو برسوں میں اردو ادب کو مزید کئی کتابیں دیں ۔ جن میں ان کی خود نوشت ” خوابوں کی جاگیر میری ” نظموں کا مجموعہ ” صدائیں گونجتی ہیں ” اور معاشرتی، سماجی اور عائلی مسائل اور اس کے اسباب و مضمرات پر بے لاگ و بے باک مضامین کا مرقع ” بے نقاب ” قابل ذکر ہیں ۔ کسی اچھی کتاب کی خوبی یہ ہوتی ہے کہ اسے کھول کر پڑھنا شروع کریں تو پھر ورق موڑ کر الگ رکھنے کی نوبت نہ آئے ۔ اور دل چاہے کہ ایک ہی نشست میں مکمل کتاب پڑھ لی جائے ، عظمت کی تحریروں میں بھی ایسا ہی جادو ہے ۔ عظمت عظیم کی تحریروں اور کتابوں کے بارے پاکستان کے نامور مصنف اور ہر دلعزیز شخصیت محمد سعید جاوید نے بہت خوبصورت انداز میں اپنی راۓ کا اظہار کیا ہے ۔ وہ لکھتے ہیں ۔

” عظمت عظیم نے چڑھتے سورج کی سر زمین شکرگڑھ کے ایک گاؤں ” بڑا بھائی مسرور” میں جنم لیا۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں کے وقت کو پاکستان کا معیاری وقت گردانا گیا ۔ وہ اپنے علاقے کی پہلی مصنفہ و شاعرہ ہیں جنھوں نے اپنی بے پناہ صلاحیتوں اور انتھک محنت کی بدولت صنف نازک کے لیے قابل تقلید مثال قائم کی ہے متعدد اعلیٰ تعلیمی اسناد کی حامل عظمت عظیم فہم و دانائی میں بھی یکتا ہیں ۔ انسانی رویوں کو سمجھنے کی بات ہو یا علم و ادب سے متعلق کسی مسئلے کو سلجھانا ہو وہ بہت خوبصورتی سے اس کا کوئی نہ کوئی حل نکال لیتی ہیں۔ وہ گمبھیر سوالوں کی فصل جس طرح اُگاتی ہیں اس کو کاٹنے کا حوصلہ بھی خود ہی رکھتی ہیں ۔”

عظمت عظیم کے حوصلوں ، بے باکی ، جرات اور خلوصِ نیت کا عکس دیکھنا یا مشاہدہ کرنا ہو تو ان کی کتاب ” بےنقاب ” کا عمیق مطالعہ ان کی عظمت کی گواہی دیتا ہے ۔ وہ عظمت جسے بچپن میں درختوں ، پھولوں، تتلیوں ، رنگوں اور خوبصورت موسموں سے پیار تھا ، صنف نازک ہونے کے کے باوجود اس نے معاشرے کے بے شمار مکروہ ، غلیظ اور بدکردار ، چہروں کو بے نقاب کیا ہے ۔ ان کا قلم جس بےخوفی اور جرات سے معاشرتی ناسوروں کو بے نقاب کرتا ہے یہ دل گردے کا کام ہے ۔ وہ بڑی بے خوفی سے کہہ جاتی ہیں کہ

” عدالتیں وہ بازار ہیں جہاں
انصاف بکتا ہے ۔ وہ وطن عزیز کے قاضیوں، وکلاء اور شعبہ انصاف سے وابستہ صاحبِ اختیار لوگوں کو متنبہ کرتے ہوئی پکار اٹھتی ہیں۔ “میرے ملک کے وکلا و ججز صاحبان یاد رکھیے ۔۔۔۔منصف کا ایک دن ساٹھ سال کی عبادت سے افضل ہے ”
پھر کہتی ہیں ۔ اگر میری تحریر پڑھ کر کسی “جج یا وکیل ” کو تکلیف ہوئی ہے تو برداشت کریں کیونکہ کروڑوں عوام آپ کی بدنیتوں اور ناانصافیوں کو برداشت کر رہے ہیں ۔

جرات اظہار کا عطا ہونا بھی رب کی بڑی نعمت ہے ۔ یہ توفیق سب کو کہاں ملتی ہے ۔ عظمت بڑے نازک اور حساس موضوعات کو بھی روانی، سلاست اور بے ساختہ پن سے زیرِ بحث لاتی ہیں۔ ” مجھے اعتراض ہے ” کے عنوان سے ایک مضمون میں عظمت عظیم نے بڑے تلخ سوالات اٹھائے ہیں، انہوں نے اس عنوان کے تحت معاشرے کے تقریباً ہر شعبے اور طبقے کے ہر فرد کو ایک تلخ لیکن حقیقت پر مبنی سوال کے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے سوئے ہوئے ضمیروں کو جھنجھوڑ کر جگانے کی کوشش کی ہے۔ معاشرے کے بدبودار کرداروں کو آئینہ دکھایا ہے۔ اس آئینے میں ہر وہ شخص اپنی تصویر دیکھ سکتا ہے جس نے اپنے چہرے پر ایک اور چہرہ سجا رکھا ہے ۔ عوام سے لے کر خواص تک ، ریڑھی اور ٹھیلا لگانے والے سے اشرافیہ تک ، عظمت غلیظ اور مکروہ چہروں سے نقاب نوچتی چلی گئیں ہیں وہ کہتی ہیں ۔ میں نے ان مسائل کی نشاندہی کی ہے جو ہمارے ملک میں ایک وبا صورت اختیار کر چکے ہیں ۔ کسی برائی کو دیکھ کر خاموش رہنا بھی برائی ہے۔ آپ کچھ نہ کر سکیں تو میری طرح اعتراض ہی کر لیں ۔

نثر کے ساتھ ساتھ مصنفہ کو شاعری کا شغف بھی ودیعت ہوا ہے۔ ان کی آزاد نظموں کا انتخاب “صدائیں گونجتی ہیں “۔ ان کے لطیف جذبات و احساسات کی ترجمانی کا نام ہے ۔ ان نظموں کے بعض بند ” قاری کو چونکا دیتے ہیں ۔

خانگی زندگی کی مصروفیت اور ذمہ داریاں ، درس و تدریس کے فرائض اور لکھنے لکھانے کے شوق کو احسن طریقے سے نبھانا عظمت کے حوصلے ، سلیقے اور پُرعزم ارادوں کا ثبوت ہے۔ مشرقی روایات کی امین، خانگی زندگی کے تقدس کی نگہداشت ، اطاعت شعار بیٹی ، وفا شعار بیوی اور اپنے بچوں کی شفیق ذمہ دار اور مہربان “ماں” عظمت عظیم کی قلم و قرطاس سے محبت اس بات کی گواہ ہے کہ وہ اردو ادب میں دیر تک اور دور تک منزلیں سر کرتی رہیں گی ۔ عظمت عظیم کے لیے ڈھیروں دعائیں اور نیک خواہشات ۔
اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ