November 17, 2026

قصور نوجوان صحافی غفار ریاض المعروف جرار شاکر کی وفات پر صحافی برادری کا اظہارِ افسوس

IMG-20261117-WA0142

قصور
نوجوان صحافی غفار ریاض المعروف جرار شاکر کی وفات پر صحافی برادری کا اظہارِ افسوس

باغی ٹی وی کے ڈسٹرکٹ رپورٹر قصور غفار ریاض المعروف جرار شاکر کی المناک وفات پر قصور کی صحافی برادری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

تفصیلات کے مطابق غفار ریاض المعروف جرار شاکر ہفتے کی دوپہر لاہور کے علاقے ہمدرد چوک میں موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوئے، جہاں پیچھے سے آنے والی ایک کار نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہوگئی۔ حادثے کے نتیجے میں وہ موٹر سائیکل سے گر پڑے، جس کے باعث ان کے سر پر شدید چوٹ آئی اور دماغ متاثر ہوا۔

انہیں فوری طور پر جنرل ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا، جہاں ان کا ہنگامی آپریشن کیا گیا، تاہم طبیعت میں بہتری نہ آسکی اور وہ اتوار کی دوپہر ایک بجے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

اِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

مرحوم کی نمازِ جنازہ 15 نومبر 2026ء کو بعد نمازِ عشاء ان کے آبائی گاؤں موضع جوڑا، نزد نور پور نہر، قصور میں مرکز القادسیہ میں ادا کی گئی، جس کی امامت مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی صدر عمران لیاقت بھٹی نے کی۔ نمازِ جنازہ میں مقامی و غیر مقامی سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی

قصور کی صحافی برادری نے غفار ریاض المعروف جرار شاکر کی وفات کو صحافتی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے

رپورٹ: غنی محمود قصوری

ڈویژنل بیورو چیف باغی ٹی وی
بیورو چیف دعا نیوز
کونسل ممبر ڈسٹرکٹ پریس کلب قصور
ممبر اتحاد میڈیا کونسل پاکستان

#قصوریات