نیب کا جھنگ ہائی وے ڈیپارٹمنٹ پر چھاپہ! ناقص میٹریل کے استعمال پر کارروائی، سڑکوں کی تعمیر میں کروڑوں کی خرد برد کا انکشاف
نیب کا جھنگ ہائی وے ڈیپارٹمنٹ پر چھاپہ! ناقص میٹریل کے استعمال پر کارروائی، سڑکوں کی تعمیر میں کروڑوں کی خرد برد کا انکشاف
جھنگ.قومی احتساب بیورو (نیب) نے جھنگ ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی تعمیر/مرمت ہونے والی سڑکوں میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل کے استعمال کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ہائی وے سب ڈویژن جھنگ کے دفاتر اور مختلف زیر تعمیر سڑکوں کا معائنہ کیا۔ لیبارٹری ٹیم کے ساتھ معائنہ: ریت اور مٹی کا استعمال!
نیب ٹیم نے لیبارٹری ماہرین کے ساتھ مختلف سڑکوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور میٹریل کے نمونے حاصل کیے۔ ذرائع کے مطابق، انسپکشن کے دوران ایک سڑک سے تو نیچے پتھروں کی بجائے صرف ریت اور مٹی ہی برآمد ہوئی، جو محکمہ کے افسران اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے کا واضح ثبوت ہے۔
ذرائع کے مطابق، ہائی وے سب ڈویژن جھنگ میں عرصہ دراز سے تعینات سب انجینئرز نقاش، ندیم عباس اور صفدر کلیار پر کرپشن کی انتہا کرنے کا الزام ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ افسران ٹھیکیداروں سے کھلے عام مک مکا کرتے ہیں، موٹا مال وصول کر کے کام کے معیار کو نظر انداز کرتے ہیں، اور کام جیسا بھی ہو، فوری طور پر ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کر دیتے ہیں۔ ان کی سرپرستی میں غیر معیاری اور ناقص میٹریل کے استعمال سے قومی وسائل کا بے دریغ ضیاع ہوا ہے۔
عوامی حلقوں کا مطالبہ: اعلیٰ سطحی انکوائری
شہریوں نے ان افسران اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر ہائی وے سب ڈویژن جھنگ کی جانب سے تعمیر/مرمت ہونے والی تمام روڈز کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس کرپشن میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔