کٹھہ سگھرال (راجہ نورالہی عاطف سے) محکمہ زراعت خوشاب کے زیر اہتمام آف سیزن ٹماٹر کی پیداوار اور کسانوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کٹھہ سگھرال میں منعقد کیا گیا ۔اجلاس کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر لاہور محمد شہزاد اختر تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں ڈائریکٹر زراعت سرگودھا ڈویژن شاہد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت خوشاب عبدالماجد خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر قمر اقبال ، زراعت آفیسر محمد منیر اور زراعت آفیسر نور احمد شامل تھے۔علاقہ کے معروف کسانوں راجہ واجد علی جنجوعہ اور راجہ صابر حسین جنجوعہ سمیت دیگر کاشتکاروں نے بھی اجلاس میں بھرپور شرکت کی۔اجلاس کے دوران آف سیزن ٹماٹر کی پیداوار بڑھانے، مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام اور کسانوں کو مالی و تکنیکی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔محکمہ زراعت کے افسران اور ماہرین نے ٹماٹر کے کھیتوں کا معائنہ کیا اور کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیجوں کے استعمال، اور بیماریوں کے تدارک کے طریقوں پر رہنمائی فراہم کی۔اس موقع پر ماہرین نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب ٹماٹر کی ترقی اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ کے لیے تین سالہ جامع منصوبہ شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت نہ صرف آف سیزن ٹماٹر کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا بلکہ علاقے میں فوڈ پراسیسنگ انڈسٹری کو بھی ترغیب دی جائے گی کہ وہ یہاں آ کر اپنا نظام قائم کرے۔مزید یہ کہ زمینداروں کو چھوٹی چھوٹی مشینیں (ٹماٹر پلپ نکالنے والی یونٹس) فراہم کرنے کی تجویز بھی دی گئی تاکہ وہ خود ٹماٹر پلپ تیار کر کے بڑی کمپنیوں کو فروخت کر سکیں یا ٹماٹر پر مبنی مختلف مصنوعات تیار کر کے مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن کے عمل کو فروغ دیں۔اجلاس کے اختتام پر محکمہ زراعت کے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسانوں کو ہر ممکن رہنمائی اور تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی تاکہ خوشاب ضلع ٹماٹر کی پیداوار اور ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے ایک ماڈل ضلع کے طور پر ابھرے۔
106









