November 28, 2026

حکمتِ نبوی ﷺ اور خلافتِ راشدہ: رفاقت، اعتماد اور خاندانی رشتوں کی گہری کڑی ہفتہ 28 نومبر 2026ء تحریر: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

Screenshot_2026-11-23_082356.935

حکمتِ نبوی ﷺ اور خلافتِ راشدہ: رفاقت، اعتماد اور خاندانی رشتوں کی گہری کڑی

ہفتہ 28 نومبر 2026ء
تحریر: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

جب انسان سیرتِ نبوی ﷺ اور اس کے بعد قائم ہونے والے خلافتِ راشدہ کے نظام پر گہری نظر ڈالتا ہے تو ایک غیر معمولی فکری و عملی ہم آہنگی سامنے آتی ہے۔ تیئیس برس کے مختصر عرصے میں جس دین کی تکمیل کا اعلان ہوا اور جس کے اصولوں پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی گئی، اس کی حفاظت اور آگے بڑھانے کے لیے ایک ایسی قیادت اور رفاقت درکار تھی جو محض وقتی جوش یا سیاسی مفاد سے نہیں بلکہ گہرے اعتماد، تربیت اور باہمی وابستگی سے جڑی ہو۔

اس پورے منظرنامے میں سب سے پہلے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی شخصیت اور رفاقت کا پہلو نمایاں ہوتا ہے۔ آپ ﷺ کے ساتھ ان کا تعلق محض دوستی تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ ہر قدم پر ساتھ چلنے والے، سائے کی مانند وفادار اور ہر مشکل گھڑی میں شریکِ سفر تھے۔ عربی زبان میں “بکر” اس جوان اونٹ یا اونٹ کے بچے کو کہتے ہیں جو اپنی ماں کے ساتھ جڑا رہتا ہے اور اس کے نقشِ قدم پر چلتا ہے—جسے ہماری مقامی زبان میں بڑے پیار سے “توڈا” کہا جاتا ہے—اور اس کنیت میں یہ لطیف معنویت بھی جھلکتی ہے کہ رفاقت، قربت اور تربیت کس طرح قدم بہ قدم ساتھ چلتے ہیں۔ پھر واقعۂ معراج پر ان کی بے ساختہ اور غیر مشروط تصدیق نے انہیں “صدیق” کے لقب سے ہمیشہ کے لیے سرفراز کر دیا، جو اس بات کا ثبوت تھا کہ ان کا یقین کسی شک و تردد کے بغیر نبی کریم ﷺ کی صداقت اور وحی سے جڑا تھا۔

جب ہم خلافتِ راشدہ کے تسلسل پر غور کرتے ہیں تو ایک نہایت دلچسپ اور حکمت بھرا توازن نظر آتا ہے: پہلے دو خلفاء—حضرت ابو بکر صدیقؓ اور حضرت عمر فاروقؓ—نبی کریم ﷺ کے خسر تھے، جبکہ اگلے دو خلفاء—حضرت عثمان غنیؓ اور حضرت علی المرتضیٰؓ—آپ ﷺ کے داماد تھے۔

معاشرتی اور انسانی نفسیات کے اعتبار سے دیکھا جائے تو بیٹی کا رشتہ ایک بہت بڑے اعتماد، وقار اور قربت کا نام ہے۔ انسان اپنی بیٹی اسی کو سونپتا ہے جس پر اسے کردار، دیانت اور وفا کا پورا بھروسا ہو۔ جب رفاقت، ایمانی رشتے اور خاندانی اعتماد ایک جگہ جمع ہو جائیں تو ان میں باہمی ہم آہنگی اور قرب کی ایک مضبوط فضا پیدا ہوتی ہے؛ عام طور پر نہ تو ایک بااعتماد سسر اپنے داماد کے خلاف کھڑا ہوتا ہے اور نہ ہی ایک مخلص داماد اپنے سسر کے ساتھ بدعہدی یا بغاوت کا سوچتا ہے۔
یہی وہ غیر معمولی حکمت، دور اندیشی اور فکری گہرائی ہے جو سیرتِ نبوی ﷺ کا مطالعہ کرنے والے ہر شخص کو حیرت میں ڈال دیتی ہے۔ یہ کسی عام انسانی تدبیر کا نتیجہ نہیں بلکہ نبوت کی حکمت، وحی کی رہنمائی اور طویل تربیت کا ثمر تھا، جس نے ایسے بااعتماد اور باصلاحیت افراد تیار کیے جنہوں نے تکمیلِ دین کے بعد اس امانت کو سنبھالا اور آگے پہنچایا۔

خلاصہ یہ کہ سیرتِ نبوی ﷺ اور خلافتِ راشدہ کا یہ باب ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ کسی بھی عظیم مقصد اور نظام کی بقا کے لیے محض الفاظ یا وقتی نعرے کافی نہیں ہوتے، بلکہ مضبوط کردار، بے مثال وفا، باہمی اعتماد اور گہری بصیرت درکار ہوتی ہے۔ جب یہ اوصاف کسی قیادت اور جماعت میں جمع ہو جائیں تو وہ تاریخ کا رخ موڑ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
مگر آج جب ہم اپنے اردگرد اور پوری امتِ مسلمہ کی حالت پر نظر ڈالتے ہیں تو تصویر بالکل برعکس دکھائی دیتی ہے۔ جو امت ایک مضبوط پیٹرن، نظم، رفاقت اور اجتماعی شعور کے ساتھ کھڑی ہوئی تھی، وہ اپنی اصل ڈگر سے ہٹ کر انتشار اور بے سمتی کا شکار ہو چکی ہے۔ آج صورتحال یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ معاملات، اخلاق اور اجتماعی ذمہ داریوں کی تو بات ہی دور، ہم عبادات کے میدان میں بھی یکجا اور متحد نظر نہیں آتے؛ کہیں گروہ بندیاں ہیں، کہیں اختلافات ہیں اور کہیں ظاہری رسوم تو ہیں مگر وہ روح، اخوت اور اجتماعی قوت مفقود ہے جو کبھی مسلمانوں کی پہچان تھی۔ سوال یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا منہج اور طریقہ تو بالکل واضح، متوازن اور جوڑنے والا تھا، پھر ہم کہاں کھو گئے؟ ہم نے اس مضبوط پیٹرن کو کیوں چھوڑ دیا اور جب ہمیں اپنی کمزوریوں اور انتشار کا احساس ہے تو ہم دوبارہ اسی نبوی منہج، اخلاص، باہمی اعتماد اور اتحاد کی طرف پلٹ کیوں نہیں آتے؟ جب تک ہم اپنی ذات اور اجتماعی رویوں کا جائزہ لے کر دوبارہ اس اصل راستے پر نہیں لوٹیں گے، تب تک محض دعووں اور حسرتوں سے حالت نہیں بدل سکتی۔

الدعاء
اے اللہ! امتِ مسلمہ کو پھر سے وہی بصیرت، اخلاص، باہمی اعتماد اور وحدت عطا فرما جو رسول اللہ ﷺ کے منہج اور خلافتِ راشدہ کی شان تھی۔ ہمارے دلوں سے نفرتیں، تفرقے اور خودغرضیاں مٹا دے، ہمیں عبادات کی روح کے ساتھ معاملات میں سچائی، امانت اور انصاف کا پیکر بنا دے، ہماری صفوں میں اتحاد اور ہمارے اعمال میں برکت پیدا فرما، اور ہمیں اپنا اصل راستہ پہچان کر اس پر ثابت قدم رہنے کی توفیق نصیب فرما۔

آمین یا رب العالمین۔

تحریر: انجینیئر نذیر ملک، سرگودھا
ویب سائٹ: www.nazirmalik.com
رابطہ: 00923008604333