ہارون آباد مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کی کانفرنس نیک
ہارون آباد
مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کی کانفرنس نیک شگون اور اسلامی ملکوں کے اتحاد کی طرف بڑی پیش رفت ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے تدارک کے لیے خطے کے ممالک کو مل بیٹھ کر اپنی پالیسی واضح کرنا ہوگی۔ کراچی میں چھ منزلہ خستہ حال عمارت کے منہدم ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ ایک تواتر سے عمارتوں کا منہدم ہونا اور ملبے تلے دب کر قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی تکلیف دہ ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں خستہ حال عمارتوں کی ایک جامع رپورٹ تیار کریں اور خستہ حال عمارتوں کو فوری سیل کیا جائے۔ عمارتوں کی تعمیرات کے دوران تمام قانونی کارروائی مکمل کی جائے۔ ناقص کارکردگی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار سابق ایم پی اے، عوامی لیڈر ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
عوامی لیڈر نے کہا پنجاب کا کاشتکار شدید پریشانی کا شکار ہے۔ بمشکل گندم کی فصل کاشت کرنے والے مستقبل کے حوالے سے مایوس نظر آ رہے ہیں۔ کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ کسانوں کی کمر توڑ رہا ہے اور ناقص زرعی ادویات کا خدشہ کسانوں کے لیے وبال جان بنا ہوا ہے۔ تمام ادارے مل کر کسانوں کی مشکلات کے خاتمے کے لیے کھادوں اور زرعی ادویات کی مارکیٹنگ کی مسلسل مانیٹرنگ کریں۔ اداروں کی کسی قسم کی کوتاہی کسانوں کے لیے بڑی مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق کسانوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری نے کہا پاکستان مسلم لیگ نون نے ہمیشہ کاشتکاروں بالخصوص چھوٹے کاشتکاروں کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔ مکہ معاہدے کو توسیع دے کر مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کو فوری طور پر معاہدے میں شامل کرنے کی اشد ترین ضرورت ہے۔ مکہ معاہدے کی مضبوطی اور حاصل ہونے والی طاقت مستقبل میں صیہونی طاقتوں کی جارحیت سے بچاؤ اور خطے کے ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے معاون و مددگار ثابت ہوگی۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید حافظ عاصم منیر کی امن کے لیے کاوشیں بے مثال ہیں اور دنیا ان کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔