November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر حسین زیدی)اے ایس آئی ٹیسٹ میں بڑا فراڈ بے نقاب جعلی لیبارٹری کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیالیے گئے، 186 امیدوار متاثر — غفلت یا ملی بھگت میں ملوث افسران کے خلاف

Screenshot_2025-10-18_064014

سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر حسین زیدی)اے ایس آئی ٹیسٹ میں بڑا فراڈ بے نقاب جعلی لیبارٹری کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیالیے گئے، 186 امیدوار متاثر — غفلت یا ملی بھگت میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا امکان سکھر پولیس لائن میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کے ٹیسٹ کے دوران بڑا مالی فراڈ منظرِ عام پر آگیا، جہاں امیدواروں سے طبی ٹیسٹ کے نام پر جعلی لیبارٹری کے ذریعے لاکھوں روپے بٹورے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق، فراڈ میں ملوث عناصر نے 186 امیدواروں سے فیسیں وصول کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ ان کے میڈیکل ٹیسٹ “ایڈوانس لیبارٹری کراچی” کے تحت کروائے جا رہے ہیں۔ تاہم تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا کہ یہ لیبارٹری دراصل کراچی کی معروف ایڈوانس لیبارٹری سے کسی بھی طرح منسلک نہیں تھی، بلکہ جعلسازوں نے جعلی کوٹیشنز اور دستاویزات تیار کرکے امیدواروں کو دھوکہ دیا۔واقعے کا مقدمہ اے سیکشن تھانہ سکھر میں ایڈوانس لیبارٹری کراچی کے ایڈمنسٹریٹر عامر شاہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے کے مطابق فراڈ میں ملوث افراد میں ایک خاتون ارما ضمیر اور ایک شخص سید اظہر شاہ شامل ہیں۔ دونوں کا تعلق کراچی سے ہے اور یہ ماضی میں ایڈوانس لیبارٹری سے وابستہ رہے ہیں۔شکایت کنندہ عامر شاہ کے مطابق، ملازمت چھوڑنے کے بعد دونوں نے “پاکستان لیبارٹری” کے نام سے ایک نئی جعلی لیب قائم کی، جہاں سے ایڈوانس لیبارٹری کے نام پر جعلی رسیدیں اور دستاویزات تیار کرکے امیدواروں سے بھاری رقم وصول کی گئی۔ ملزمان نے امیدواروں کو یہ تاثر دیا کہ ان کے میڈیکل ٹیسٹ ایڈوانس لیبارٹری کے تحت کیے جا رہے ہیں، حالانکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا۔پولیس نے دونوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کتنی رقم ہتھیائی گئی اور آیا اس جعلسازی میں دیگر افراد یا افسران بھی ملوث ہیں یا نہیں۔ذرائع کے مطابق، حکام نے اس معاملے پر اندرونی انکوائری بھی شروع کردی ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ پولیس بھرتی کے دوران اس نوعیت کا فراڈ غفلت کے باعث ہوا یا کسی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی اہلکار یا افسر کی سستی یا شراکت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس اور تحقیقاتی ادارے فراڈ کی مکمل تفصیلات سامنے لانے اور متاثرہ امیدواروں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔