سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)گھوٹکی کی بوزدار برادری کا زمینوں پر مبینہ قبضوں کے خلاف احتجاج بااثر افراد کی دھمکیاں اور پولیس کی مبینہ
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)گھوٹکی کی بوزدار برادری کا زمینوں پر مبینہ قبضوں کے خلاف احتجاج بااثر افراد کی دھمکیاں اور پولیس کی مبینہ ملی بھگت کا الزام — چیف جسٹس اور اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو کے مکینوں نے زمینوں پر مبینہ قبضوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں میر حمزہ خان بوزدار، دودو خان، غلام حسین اور دیگر افراد شامل تھے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے سخت نعرے بازی کی اور الزام عائد کیا کہ برادری کے بااثر افراد صدام حسین، اعجاز، ریاض، نور حسن، علی حسن، نياز، محمد علی اور دیگر نے ان کی زرعی زمینوں پر غیر قانونی قبضہ جما رکھا ہے۔مظاہرین کے مطابق، مذکورہ زمینیں 75 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہیں، جو مختلف دیہاتوں میرپور ماتھیلو، سوراہ اور گھوٹکی میں واقع ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زمینوں کے اصل مالکان ہونے کے باوجود پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے قبضہ برقرار رکھا گیا ہے۔احتجاج کرنے والوں نے الزام لگایا کہ جب انہوں نے قبضہ ختم کرانے کے لیے شکایات درج کرائیں تو جوابداروں نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور پولیس کے تعاون سے تین سے زائد جھوٹے مقدمات بھی درج کرائے۔ مظاہرین نے کہا کہ پولیس متاثرین کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے بجائے بااثر جوابداروں کی مکمل سرپرستی کر رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی زمینوں پر موجود فصلیں اس وقت بھی جوابداروں کے قبضے میں ہیں، جبکہ وہ خود مسلسل خوف اور ہراسانی کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کے مطابق، وہ 2017 سے انصاف کے حصول کے لیے در بدر پھر رہے ہیں، مگر تاحال کسی بھی ذمہ دار کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں، جوابدھروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں، متاثرہ خاندانوں کو تحفظ فراہم کریں اور ان کی زرعی زمینوں سے غیر قانونی قبضہ ختم کرایا جائے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ اپنے مطالبات کے حق میں آئندہ دنوں میں شدید احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔