سکھر: شراب خانوں کے خلاف عوامی آواز بلند “سوکھے تالاب والا گھاٹا” فوری بند کرنے کا مطالبہ
سکھر: شراب خانوں کے خلاف عوامی آواز بلند “سوکھے تالاب والا گھاٹا” فوری بند کرنے کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی) سکھر کے شہریوں نے شہر میں قائم شراب خانوں کے خلاف شدید احتجاج اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام، پولیس افسران اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تمام شراب خانے بند کیے جائیں، خصوصاً سوکھے تالاب والے گھاٹے میں قائم شراب خانہ جو شہر کی گنجان آبادی کے درمیان واقع ہے، اسے فی الفور بند کیا جائے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ شراب خانے سکھر جیسے تاریخی اور مذہبی شہر کے لیے ایک “ناسور” بن چکے ہیں، جنہوں نے درجنوں خاندانوں کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کن قوانین کے تحت مسلمانوں کو شراب فروخت کی جا رہی ہے، اور اس غیر قانونی کاروبار کے خلاف کوئی موثر کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی۔مقامی رہائشیوں کے مطابق مذکورہ گھاٹا شراب فروشی میں پیش پیش ہے اور بیچ آبادی میں واقع ہونے کے باعث آئے دن لڑائی جھگڑے، شور شرابہ اور سماجی مسائل جنم لیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک روز کی بندش کے بعد بھی یہ شراب خانے دوبارہ کھل جاتے ہیں، جس سے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے۔عوامی نمائندوں، علمائے کرام اور سماجی رہنماؤں نے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ سندھ اور سکھر پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شہر بھر کے تمام شراب خانوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں، اور شراب فروشی کے اس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ شہر کا امن و سکون بحال ہو اور نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔