سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب سکھر نے تقریباً 70 ماہ بعد حتمی چالان احتساب عدالت سکھر میں پیش کر
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب سکھر نے تقریباً 70 ماہ بعد حتمی چالان احتساب عدالت سکھر میں پیش کر دیا۔ نیب کی جانب سے 2019 میں ایک ارب 23 کروڑ روپے کے عبوری ریفرنس کی جگہ اب 19 کروڑ روپے مالیت کا حتمی ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت ون سکھر کے جج غلام یاسین کولاچی نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ، ایم پی اے سید فرخ شاہ سمیت 18 نامزد ملزمان کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر خورشید شاہ کے وکلا ایڈووکیٹ مکیش کمار، ایڈووکیٹ محفوظ اعوان اور نیب کے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔وکلا دفاع کے مطابق نیب سکھر نے 5 سال 10 ماہ بعد کیس کا حتمی چالان پیش کیا، جس میں اثاثہ جات کی مالیت 19 کروڑ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ ایڈووکیٹ مکیش کمار نے مؤقف اختیار کیا کہ جب نیب خود تسلیم کر رہا ہے کہ مجموعی اثاثے 19 کروڑ روپے کے ہیں، تو یہ کیس ختم ہو جانا چاہیے، کیونکہ پہلے 2019 میں نیب نے ایک ارب 23 کروڑ روپے کے عبوری ریفرنس کے ذریعے غلط اعداد و شمار پیش کیے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ “ہم نے احتساب عدالت، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں نیب کو حتمی چالان جمع کروانے کی درخواستیں دی تھیں، اور تقریباً 6 سال بعد نیب نے یہ ریفرنس دائر کیا ہے۔ ہمارا مؤقف پہلے دن سے یہی رہا ہے کہ یہ کیس بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔ایڈووکیٹ مکیش کمار نے انکشاف کیا کہ نیب نے 1980 اور 1990 کی دہائی میں خریدی گئی زرعی اراضی، زیورات اور جائیدادوں کی قیمت 2019 کے حساب سے لگائی، جس سے اثاثوں کی مالیت غیر حقیقی طور پر بڑھا چڑھا کر ایک ارب 23 کروڑ روپے ظاہر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے تمام اثاثے ایف بی آر میں ظاہر کردہ ہیں، ان میں سے کوئی بھی آمدن سے زائد نہیں۔وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ سید خورشید شاہ ہر انتخاب میں اپنے تمام اثاثے ظاہر کرتے رہے ہیں، ان کی کوئی بھی ملکیت چھپائی نہیں گئی۔ چھ سال بعد نیب کا حتمی چالان پیش ہونا دراصل ہماری جیت ہے۔دوسری جانب نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے کیس ایف آئی اے کے حوالے کرنے کی درخواست کی ہے۔ تاہم عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مزید کارروائی کے لیے سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ایڈووکیٹ مکیش کمار نے امید ظاہر کی کہ “اگلی سماعت پر عدالت انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے کیس ختم کر دے گی، کیونکہ نیب کا نیا ریفرنس خود اس بات کا ثبوت ہے کہ ابتدائی الزامات بے بنیاد تھے۔