November 17, 2026

احسان فراموشی کی داستان ازقلم غنی محمود قصوری

IMG-20251019-WA0107

احسان فراموشی کی داستان

ازقلم غنی محمود قصوری

پاک افغان جھڑپوں کے بعد 18 اکتوبر 2025 کو قطر میں مذاکرات ہونے کے بعد ایک بار پھر سے پاک افغان فریقین کے مابین جنگ بندی معائدہ ہو گیا ہے
پاکستان اور افغانستان کی یہ جھڑپیں کوئی نئی نہیں ہیں بلکہ اس سے قبل بھی جھڑپیں ہوتی رہی ہیں اور مختلف ادوار میں خود افغانستان بھی جنگ جنگی کا شکار رہا اور پاکستان میں بھی خانہ جنگی سازشیں کرتا رہا

پاکستان اور افغانستان کے مابین 1950 میں پہلی بار جھڑپیں ہوئی تھیں
اس سے پہلے آپکو بتا دوں کہ 1947 میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی رکنیت کی مخالفت بھی افغانستان نے ہی کی تھی

فروری 1975 میں افغان نواز تنظیم پشتون زلمی نے گورنر حیات شیرپاؤ کو بم دھماکے میں شہید کیا تھا جبکہ 10 اپریل 1988 کو روسی خفیہ ادارے کے جی بی نے افغان ایجنسی خاد کے ساتھ مل کر راولپنڈی کے اوجڑی کیمپ کو دھماکے سے اڑا تھا جس میں 98 افراد شہید اور 1100 زخمی ہوئے تھے
28 اپریل 1978 کو روسی حمایت یافتہ تنظیم پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے افغانستان میں بغاوت کی اور صدر داؤد سمیت ہزاروں افغانیوں کو قتل کیا
24 دسمبر 1979 کو روسی افواج نے افغانستان پر حملہ کیا جس کے بعد پاکستان نے 3 ملین افغانوں کو پناہ دی اور روس کے خلاف ان کی ہر طرح مدد بھی کی مگر اس احسان کے بدلے پاکستان کو 300 سے زائد خودکش دھماکوں، 70,000 سے زائد پاکستانیوں کی شہادتوں اور اربوں روپیہ کا نقصان ملا
تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے افغانستان پر ہمیشہ احسان ہی کیا ہے
سوویت یونین کے خلاف کھلے عام ان کی مدد کی، لاکھوں مہاجرین کو اپنے ملک میں جگہ دی، علاج، تعلیم، روزگار سب کچھ بانٹا
پھر امریکہ کے خلاف جنگ میں بھی افغانستان کے لئے کسی نہ کسی صورت کندھا فراہم کیا مگر تاریخ کا قرض عجیب ہوتا ہے وہ ہمیشہ احسان کا بدلہ نہیں لوٹاتا یہی کام افغانوں نے کیا ہے
افغانوں کی پاکستان آمد کا بڑا سلسلہ 1979 میں سوویت حملے کے بعد شروع ہوا تھا
پھر 1990 کی خانہ جنگی اور 2001 میں امریکی حملے کے بعد مزید افغان پاکستان آئے اور افغانوں کی یہ نقل مکانی 40 برس سے زائد عرصہ سے جنگ، غربت اور طالبان دور کے اتار چڑھاؤ کے باعث جاری ہے

ایک محتاط اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان میں 29 لاکھ افغان مقیم ہیں
ان میں سے 15 لاکھ کے پاس POR یعنی
Proof of Registration
کارڈ ہیں اور 8 لاکھ کے پاس
ACC یعنی
Afghan Citizen Card
کارڈ ہے جو ان افغانوں کو دیا گیا تھا جو طویل عرصے سے پاکستان میں رہ رہے ہیں مگر POR فہرست میں شامل نہیں تھے جبکہ باقی تقریباً 6 لاکھ افغان غیر رجسٹرڈ ہیں یعنی نہ ان کے پاس POR ہے نا ACC
یہ افغان زیادہ تر خیبر پختونخوا، بلوچستان، کراچی، اور راولپنڈی,اسلام آباد کے علاقوں میں آباد ہیں
ایک بات نوٹ کر لیں کہ یہ اصل تعداد نہیں کیونکہ بیشتر افغان باشندوں نے جعلی طریقے سے پاکستان کے شناختی حاصل کر لئے ہیں باوثوق ذرائع کے مطابق ٹوٹل قانونی و غیر قانونی افغانوں کی تعداد کسی صورت بھی 1 ارب سے کم نہیں کیونکہ بہت سے افغانی عورتوں کی شادیاں پاکستانی مردوں سے ہونے کے بعد ان کے پورے پورے گھرانے کو پاکستانی ظاہر کیا گیا ہے
افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ افغان سر زمین سے ہی پاکستان کے خلاف کئی بار زخم آئے ہیں
ان افغانیوں نے کبھی کسی جماعت کے نام پر خودکش دھماکے ہمارے ملک میں کئے، کبھی ڈکیتیاں، کبھی بے گناہوں کا خون
جن کو ہم نے پناہ دی تھی وہی لوگ بعض اوقات دشمن کی صف میں جا کھڑے ہوتے ہیں

اب لگتا ہے کہ وہی خانہ جنگی کروانے کی آگ جو دوسروں کے گھر جلانے کے لئے افغانستان و انڈیا نے بھڑکائی تھی وہ اب خود افغانستان کے دروازے پر واپس آن پہنچی ہے
اطلاع ہے کہ مرحوم کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد ولی مسعود نے طالبان حکومت کے خلاف اعلانِ جنگ کیا ہے انہوں نے واضح کہا ہے کہ اگر انتخابات نہ کرائے گئے تو کابل پر بزور شمشیر قبضہ کیا جائے گا
نیز طالبان کی اندرونی صفوں میں بھی دراڑیں پڑنے لگی ہیں
کوئٹہ شوری، قندھار شوری اور دوحہ شوری ایک دوسرے سے نالاں ہیں
طالبان کے بارے میں دنیا ہمیشہ یہی سمجھتی رہی کہ ان کے پیچھے پاکستان کی قوت کار فرما ہے
مگر جب انہوں نے خود پاکستان کے خلاف آواز اٹھائی تو اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی ماری

اب حالات نے نیا رخ لیا ہے پاکستان کی جانب سے طالبان سے لاتعلقی کے اعلانات کے بعد افغانستان میں طاقت کے نئے مراکز جنم لے رہے ہیں
شمالی اتحاد دوبارہ سرگرم ہے جبکہ طالبان اندرونی اختلافات میں الجھ گئے ہیں
یوں لگتا ہے کہ جس خانہ جنگی سے افغانستان نے پچھلی دو دہائیوں میں جان چھڑانے کی کوشش کی وہ اب ایک نئے روپ میں لوٹ آئی ہے جس سے افغانستان اب خود دوبارہ ایک بار پھر سے لمبے عرصے تک جلے گا اور مذید تنگی یہ کہ اب افغان پناہ گزینوں کو بھی پاکستان سے واپس جانا ہو گا
کیونکہ ان کا دعوی ہے کہ ان کے ملک افغانستان میں شریعت نافذ ہے اور وہاں امن و امان کی صورتحال و معیشت پاکستان سے بہتر ہے تو پھر ان کو یہاں رہنے میں کیا مزہ ہے؟
جائیں اپنی ملک میں اور شریعت میں سکون سے رہیں ہم گناہگار پاکستانی قوم کو اسی جمہوریت میں جینے دیں

پاکستان کے لیے لمحہہ فکریہ یہ ہے کہ ہم کب تک دوسروں کے زخموں پر مرہم رکھتے رہیں گے؟
جبکہ اپنے بدن پر نشانات بڑھتے جائیں؟
اب شاید وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اپنے مفاد کو ترجیح دے اور اپنی سرحدوں کے اندر امن کو اولین حیثیت دے اور جو قومیں احسان بھول چکی ہیں ان کے فیصلے ان پر چھوڑ دیئے جائیں تاکہ ان کو کچھ نصیحت حاصل ہو اور پاکستانی قوم کو امن و سکون ملے جو کہ ہماری ریاست کی اولین ذمہ داری ہے

افغانستان کی تاریخ بتاتی ہے کہ وہاں ہر طاقت آخرکار اپنے انجام سے دو چار ہوئی ہے
اور خانہ جنگی نے سکون آنے ہی نہیں دیا
اب دیکھنا یہ ہے کہ طالبان اور ان کے مخالف گروہ اس انجام سے کیا سیکھتے ہیں ؟
جبکہ اب ہم پاکستانی قوم کو دیکھنا ہے کہ ہمارا پاکستان اس باب میں کس صف میں کھڑا رہتا ہے؟
میرے اندازے کے مطابق یہ ایک لمبی خانہ جنگی چلے گی اور افغانوں کو احسان کے بدلے نمک حرام بننے پر سخت پچھتاوا بھی ہو گا
مگر اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت