مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیر صدارت محکمہ اعلیٰ تعلیم کا اجلاس۔
مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیر صدارت محکمہ اعلیٰ تعلیم کا اجلاس۔
وائس چانسلرز کانفرنس کی سفارشات پر عملدرآمد کیلئے فریم ورک کی تیاری پر غور کیا گیا۔
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیر صدارت پیر کے روز محکمہ اعلیٰ تعلیم کے امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعات کو درپیش مسائل کے حل اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے منعقدہ وائس چانسلرز کانفرنس میں مرتب کردہ سفارشات پر عملدرآمد کے لیے جامع فریم ورک کی تیاری پر غور کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز عابد اللہ کاکاخیل، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے دیگر حکام، سفارشات مرتب کرنے والی کمیٹی کے اراکین، جامعات کے وائس چانسلرز اور متعلقہ انتظامی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مشیر تعلیم کو وائس چانسلرز کانفرنس میں اکیڈمک و اسٹریٹجک اصلاحات اور جامعات کے ادارہ جاتی و تعلیمی ڈھانچے کے حوالے سے مرتب کردہ مختلف سفارشات پیش کی گئیں۔اس موقع پر مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ صوبے کی جامعات میں کمپیوٹر سائنسز اور اس سے متعلقہ شعبہ جات میں نئے داخلوں کیلئے وفاقی حکومت سے درکار اجازت کے حصول کے سلسلے میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور و فاقی وزیر احد چیمہ سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کو اس ضمن میں ایک جامع اور مدلل کیس تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔مشیر تعلیم نے جامعات میں اکیڈمک آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کے ذریعے دستیاب تدریسی عملے، جاری تعلیمی پروگراموں اور اکیڈمک وسائل کا درست اور جامع جائزہ لیا جا سکے گا۔ انہوں نے متعلقہ ڈائریکٹر اور ڈپٹی سیکرٹری کو یہ ذمہ داری سونپتے ہوئے دو ہفتوں میں آڈٹ مکمل کرنے کی ٹائم لائن مقرر کی۔انہوں نے جامعات کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی الحاق پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے اور الحاق شدہ اداروں کے مین کیمپس میں پرنسپل کی آسامی کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس سلسلے میں تمام جامعات کو باقاعدہ سرکلر جاری کرنے اور آئندہ اجلاس میں عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ڈاکٹر عامر عبداللہ نے جامعات میں یکساں نوعیت کے ممکنہ شعبہ جات کو ایک مشترکہ کثیرالجہتی (ملٹی ڈسپلنری) شعبے کے تحت یکجا کرنے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس پہلو کا مزید جائزہ لیا جائے تاکہ تعلیمی و انتظامی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔طلبہ کو ڈگریوں کی تصدیق کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کیلئے مشیر تعلیم نے جامعات اور ان کے ملحقہ کالجز کے اکیڈمک پروگراموں کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹر (PQR) پر دو ہفتوں کے اندر اپ لوڈ کرنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کیلئے اسٹریٹجک فریم ورک کی تیاری پر کام جاری ہے، جس میں جدید تعلیمی رجحانات اور تقاضوں کے مطابق مختلف تعلیمی پروگراموں کو بہتر اور جدید بنانے کیلئے جامعات کے ماہرین کی آراء کو شامل کیا جائے گا۔ اس فریم ورک کو بعدازاں ایڈوائزری کونسل سے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔مشیر تعلیم نےخیبرپختونخوا کونسل فار ہائر ایجوکیشن کے قیام کی تجویز کو بھی محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اسٹریٹجک پلان میں شامل کرنے کی ہدایت کی تاکہ صوبائی سطح پر دیگر صوبوں کی طرح اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی طرز کی خدمات اور ذمہ داریوں کیلئے ایک مؤثر ادارہ جاتی نظام وضع کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت میں محکمہ تعلیم کے تحت کسی بھی آسامی پر موزوں امیدواروں کی نامزدگی کے عمل میں ناانصافی یا میرٹ کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام تقرریوں و نامزدگیوں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔