November 17, 2026

سکھر میں طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور ناجائز کٹوتیوں پر پی ٹی آئی رہنما صفیہ بلوچ کا اظہارِ تشویش

Screenshot_2025-10-16_130408

سکھر میں طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور ناجائز کٹوتیوں پر پی ٹی آئی رہنما صفیہ بلوچ کا اظہارِ تشویش

سیپکو عوامی ادارہ ہوتے ہوئے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، بجلی چوری میں افسران کی ملی بھگت، وفاقی وزیر بجلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) موسمِ گرما کے اختتام اور موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہی سکھر میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور ناجائز ڈیڈکشن کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ اس صورتحال پر پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما اور سکھر کی معروف سماجی شخصیت میڈم صفیہ بلوچ نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکھر الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی (سیپکو) کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔میڈم صفیہ بلوچ نے کہا کہ سیپکو ایک عوامی ادارہ ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہی ادارہ عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ سکھر کے ایکسپریس ایریاز میں روزانہ 6 سے 8 گھنٹے جبکہ اندرونی اور مضافاتی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس سے عوام کا روزمرہ اور کاروباری نظام بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ شریف شہریوں کے بلوں میں ناجائز کٹوتیاں اور ڈیڈکشنز کی جا رہی ہیں۔ بجلی پہلے ہی مہنگی ہے لیکن سیپکو کی جانب سے ایکسٹرا بلنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، گھروں میں چھوٹے بچے اور خواتین دہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔صفیہ بلوچ نے کہا کہ سیپکو افسران “سب اچھا ہے” کا نعرہ لگاتے ہیں مگر عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں۔ بجلی چوری میں سیپکو کے بعض افسران اور اہلکاروں کی آشیرباد شامل ہے، اور اس کا بوجھ ایمانداری سے بل ادا کرنے والے صارفین پر ڈال دیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ شہر میں بوگس میٹر نصب کر کے عوام سے ماہانہ بھتہ وصول کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف صارفین پریشان ہیں بلکہ ادارہ خود بھی نقصان کا شکار ہو رہا ہے۔ ٹرانسفارمرز پر مسلسل اوور لوڈنگ کے باعث وہ پھٹ جاتے ہیں، اور ان کی مرمت کے اخراجات بھی عوام سے وصول کیے جاتے ہیں۔صفیہ بلوچ نے کہا کہ سیپکو ایک منافع بخش ادارہ ہے، لیکن اس میں موجود کالی بھیڑوں نے اسے کرپٹ ادارہ بنا دیا ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں سیاسی بنیادوں پر تعینات افراد اپنے ذاتی مفادات حاصل کر رہے ہیں، جبکہ عوام کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا جو عوام کے ساتھ سراسر زیادتی کے مترادف ہے۔آخر میں پی ٹی آئی رہنما صفیہ بلوچ نے وفاقی وزیرِ بجلی و پانی اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور صارفین کو بجلی سے متعلق درپیش مسائل، اوور بلنگ، ناجائز کٹوتیوں اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کا پرزور مطالبہ کیا۔