November 17, 2026

*سماج کی بقا، نوجوانوں کی ذمہ داری* تحریر: ایڈووکیٹ سکندر علی کھوسو

IMG-20251015-WA0172

*سماج کی بقا، نوجوانوں کی ذمہ داری*

تحریر: ایڈووکیٹ سکندر علی کھوسو

ویسے تو تمام سندھ کی حالت ایک سی ہی ہے لیکن خاص طور پر ضلع عمرکوٹ کی صورتحال بہت ابتر ھوچکی ہے۔ ایسا محسوس ھوتا ہے جیسے جنگل کا قانون ھو اور سامارو شہر تو اس وقت بدامنی، کرپشن اور لاقانونیت کے ایک ایسے گہرے بحران میں مبتلا ہے جہاں عوام کا اعتماد اور امید دونوں ٹوٹ چکے ہیں۔ روز بروز بڑھتی ہوئی ڈکیتیاں، لوٹ مار اور جرائم نے شہری زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ امن و امان کی صورتحال خطرناک حد تک بگڑ چکی ہے، اور عوام عدم تحفظ کے احساس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

پورے ضلع عمرکوٹ میں اگر کہیں بدحالی، جرائم اور کرپشن کی فضا نمایاں ہے تو وہ سامارو ہے۔ بدقسمتی سے عوام کے نمائندے اور ادارے، جو عوامی خدمت کے لیے منتخب یا مقرر کیے گئے تھے، خود غیر سنجیدگی، بدعنوانی اور نااہلی کا شکار ہیں۔ اپنے خاندانوں کے مفاد کے لیے عوام کو پسِ پشت ڈال دیا گیا ہے۔

ٹاؤن کمیٹی، بلدیاتی ادارے، لوکل انتظامیہ اور صوبائی حکومت — سب اپنے فرائض سے غافل دکھائی دیتے ہیں۔، یہاں تو نااھلی کا یہ عالم ہے کہ تین سال گذر گئے مگر ٹاؤن کمیٹی کا بجٹ تاحال پاس نہیں ہوا۔ نہ کوئی ترقیاتی اسکیم آئی، نہ صفائی، سڑکوں یا نکاسی آب کے مسائل حل ہوئے۔ عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

تعلیم اور صحت جیسے شعبے جو آئینِ پاکستان کے تحت بنیادی حقوق میں شامل ہیں، ان کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے۔ نہ نئے تعلیمی ادارے بنائے جا رہے ہیں، نہ موجودہ اسکولوں میں اصلاحات ہو رہی ہیں۔ نوجوانوں کے لیے روزگار، تربیت یا نمائندگی کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ایسی صورحال میں یہاں صرف ایک ہی امید ہے اور وہ یہاں کا شعور یافتہ نوجوان ہے کیونکہ یہ دور نوجوانوں کا ہے — نوجوان ہی وہ طاقت ہیں جو حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ مگر افسوس کہ نوجوانوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، حالانکہ یہی طبقہ ملک و معاشرے کا مستقبل ہے۔ اگر ادارے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیں، تعلیم، روزگار اور قیادت کے دروازے کھولیں، تو یہی نسل سماج کو روشنی دے سکتی ہے۔

میں، بحیثیت وکیل اور ایک ذمہ دار شہری، اپنی تمام تر قانونی اور سماجی خدمات اس مقصد کے لیے پیش کرنے کو تیار ہوں۔ میرا پیغام ہے کہ عوام بالخصوص نوجوان اپنی بقا اور اپنے شہر کی عزت کے لیے متحد ہوں۔

آئیے، ہم سب مل کر اس مٹی کی حفاظت کریں —
کیونکہ سماج کو بچانا، امن کو بحال کرنا، اور انصاف کو عام کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

✍️