November 17, 2026

ایک باوقار سیاسی و عوامی شخصیت — سردار شجاع محمد خان بلوچ مرحوم خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف

IMG-20251015-WA0165

ایک باوقار سیاسی و عوامی شخصیت — سردار شجاع محمد خان بلوچ مرحوم

خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف

قومیں اپنے ان رہنماؤں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں جو ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بناتے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں جمالی بلوچاں سے تعلق رکھنے والے سردار شجاع محمد خان بلوچ مرحوم کا نام انہی باوقار شخصیات میں شمار ہوتا ہے جنہوں نے دیانت، اصول پسندی اور خدمتِ خلق کو سیاست کا حقیقی چہرہ ثابت کیا۔سردار شجاع محمد خان بلوچ مرحوم کا تعلق ایک باعزت اور سیاسی طور پر مستحکم خاندان سے تھا۔ مگر ان کی سب سے بڑی پہچان ان کی عوام سے گہری وابستگی تھی۔ وہ سیاست کو ذاتی مفاد یا اقتدار کا ذریعہ نہیں بلکہ عوامی خدمت کی ایک ذمہ داری سمجھتے تھے۔ ان کے دورِ نمائندگی میں علاقے کی ترقی، عوامی فلاح، تعلیمی اداروں کا قیام، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اُن کی سیاسی بصیرت کا واضح ثبوت ہیں۔
مرحوم نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو ارباب بست و کشاد تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ چاہے بات کسانوں کے حقوق کی ہو، نوجوانوں کے روزگار کی یا صحت و تعلیم کے مسائل کی، وہ ہر جگہ اپنے عوام کے حقیقی نمائندہ بن کر اُبھرے۔ ان کی گفتگو میں سنجیدگی، رویّے میں نرمی، اور فیصلوں میں انصاف نمایاں تھا۔ یہی وہ خصوصیات تھیں جنہوں نے انہیں عوام کی نظر میں بھی قابلِ احترام بنا دیا۔
سردار شجاع محمد خان بلوچ مرحوم صرف ایک سیاستدان نہیں بلکہ ایک کردار ساز انسان بھی تھے۔ وہ نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ تھے۔ وہ ہمیشہ اس بات پر زور دیتے کہ سیاست میں شرافت، بردباری اور اصول پسندی کو فروغ دیا جائے۔ ان کا طرزِ سیاست نرم گفتاری، تحمل مزاجی اور عملیت پسندی کا حسین امتزاج تھا۔ بطور ممبر قومی اسمبلی سردار شجاع محمد خان بلوچ نے حتی المقدور عوامی امنگوں کی ترجمانی کےلیے بھرپور کردار ادا کیا۔ وہ علاقہ تھل اور علاقہ کدھی کی پسماندگی کے خاتمے کا جذبہ رکھتے تھے۔ راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف ) کو بطور میڈیا پرسن ایک مرتبہ ڈیرہ ملک محمد خان بوڑانہ آف بوڑانانوالا پر ان کے ساتھ خصوصی میڈیا ٹاک کا موقع ملا تو اس حوالے سے ان کے خیالات عالیہ سے آگاہی حاصل ہوئ۔ اسی طرح جب وہ ممبر قومی اسمبلی تھے تو ایک مرتبہ سول ریسٹ ہاوس نورپورتھل پر اس وقت کے صدر نورپورتھل پریس کلب ملک محمد حیات جوئیہ ، سئنیر صحافیوں چوہدری عبدالستار اور ایم نوردین کے ہمراہ انہوں نے “میٹ دی پریس ” پروگرام کے دوران انہوں کہا تھا کہ ہم نے اپنے حلقہ ء نیابت سے پسماندگی اور ناخواندگی کے خاتمے ، طبی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹریکچر کی بہتری کےلیے عزم صمیم کااظہار کیاتھا۔
ان کی رحلت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ عوام آج بھی ان کے دور کی بے لوث عوامی خدمت کی یادیں اور ان کا خلوصِ دل سے خدمت کرنے والا انداز یاد کرتے ہیں۔ وہ چلے گئے مگر اپنے نقشِ قدم ایسے چھوڑ گئے جو آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ رہیں گے۔ اب ان کے سیاسی جانشین ان کے بھتیجے سردار علی حسین خان بلوچ بطور ممبر صوبائ اسمبلی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوءے عوامی تعمیروترقی کے ایجنڈا کی تکمیل کےلیے بھرپورکوشاں نظر آتے ہیں۔
آخر میں صرف اتنا کہا جا سکتا ہے کہ سردار شجاع محمد خان بلوچ مرحوم جیسے سیاستدان کم ہی پیدا ہوتے ہیں — وہ دلوں میں زندہ ہیں، اور ہمیشہ رہیں گے۔