صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کی اہمیت خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف
صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کی اہمیت
خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف
کسی بھی قوم کی ترقی و خوشحالی کا انحصار اس کے افراد کی صحت، توانائی اور محنت پر ہوتا ہے۔ اگر معاشرہ جسمانی، ذہنی اور اخلاقی طور پر صحت مند ہو تو وہ ترقی کی منازل تیزی سے طے کرتا ہے۔ کھیل انسانی زندگی کا وہ پہلو ہے جو نہ صرف جسم کو تندرست رکھتا ہے بلکہ ذہن کو بھی سکون اور تازگی بخشتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کھیلوں کو دنیا بھر میں صحت مند معاشرے کی تشکیل کا بنیادی جزو سمجھا جاتا ہے۔
کھیل دراصل ایک ایسی مشق ہے جو نظم و ضبط، محنت، صبر اور ٹیم ورک کے ذریعے انسان کو ایک متوازن شخصیت عطا کرتی ہے۔ میدان میں جیت اور ہار کے تجربات انسان کو یہ سبق دیتے ہیں کہ زندگی میں کامیابی مستقل محنت اور استقامت سے حاصل ہوتی ہے۔ کھیل کا میدان ایک عملی درسگاہ کی مانند ہے جہاں نوجوان اپنی قوتِ فیصلہ، برداشت، اخلاق اور خود اعتمادی کو پروان چڑھاتے ہیں۔
ترقی یافتہ ممالک نے کھیلوں کی اہمیت کو بہت پہلے سمجھ لیا تھا۔ یورپ، امریکہ، جاپان اور دیگر ترقی یافتہ اقوام نے اپنی تعلیمی پالیسیوں میں کھیلوں کو لازمی جزو کے طور پر شامل کیا۔ وہاں کے تعلیمی اداروں میں کھیل محض تفریح نہیں بلکہ تعلیم و تربیت کا حصہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان ممالک کے شہری جسمانی طور پر تندرست، ذہنی طور پر پُرسکون اور معاشرتی طور پر ذمہ دار ہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں بھی کھیلوں کو بھرپوراہمیت دی جاءے جس کے وہ مستحق ہیں۔ ہمارے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے ہوں گے، کھیلوں کے بجٹ میں اضافہ کیا جاءے اور نوجوان نسل زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی رغبت دی جاءے ۔ غیر ضروری موبائل اور سوشل میڈیا کے بے جا استعمال جیسے طرزِ زندگی نے نہ صرف بچوں کی جسمانی صحت متاثر کی ہے بلکہ ان کے مزاج میں چڑچڑاہٹ، تنہائی اور ذہنی دباؤ بھی بڑھا دیا ہے۔ اگر ہم کھیلوں کو فروغ دیں، تعلیمی اداروں میں اسپورٹس لازمی قرار دیں، اور گلی محلوں میں کھیلوں کے میدان آباد کریں تو نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔
کھیلوں کا ایک اہم پہلو قومی اتحاد اور بھائی چارے کا فروغ بھی ہے۔ جب مختلف علاقوں، زبانوں اور ثقافتوں کے افراد ایک ٹیم میں کھیلتے ہیں تو وہ ایک دوسرے کو سمجھنے اور احترام کرنے کا سبق سیکھتے ہیں۔ یہی جذبہ آگے چل کر معاشرتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا باعث بنتا ہے۔ کرکٹ، ہاکی، فٹبال یا کبڈی جیسے کھیل صرف مقابلے نہیں بلکہ اجتماعی شعور کے استعارے ہیں جو قوم کو ایک لڑی میں پرونے کا کام کرتے ہیں۔
کھیل انسانی صحت کے لیے اکسیر ہیں۔ یہ خون کی گردش کو بہتر بناتے ہیں، اعصاب کو مضبوط کرتے ہیں، اور جسم میں قوتِ مدافعت بڑھاتے ہیں۔ طبی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ روزانہ کھیلوں میں حصہ لینے والا شخص نہ صرف جسمانی طور پر توانا رہتا ہے بلکہ ذہنی دباؤ، ڈپریشن اور مایوسی سے بھی محفوظ رہتا ہے۔ کھیل انسان کے اندر خود اعتمادی، خوش مزاجی اور زندگی سے محبت کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔
صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیےکھیلوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کھیلوں کے میدانوں کو فعال بنایا جائے، اسپورٹس اساتذہ کا تقرر کیا جائے، دیہی علاقوں میں کھیلوں کے ٹورنامنٹس کرائے جائیں اور مقامی سطح پر سپورٹس کلب قائم کیے جائیں۔ میڈیا کو بھی چاہیے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے مثبت مہم چلائے تاکہ نوجوان نسل کے اندر کھیلوں کا جذبہ بیدار ہو۔
والدین اور اساتذہ کرام کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔ وہ اپنے بچوں کو صرف کتابی تعلیم تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔ ایک صحت مند جسم ہی صحت مند دماغ کی ضمانت ہے، اور جب نوجوان جسمانی طور پر مضبوط اور ذہنی طور پر متوازن ہوں گے تو وہ معاشرے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں گے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ کھیل کسی بھی قوم کے لیے محض تفریح یا وقت گزاری کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک قومی ضرورت ہیں۔ یہ قوموں کے کردار کو سنوارتے ہیں، اتحاد پیدا کرتے ہیں، صحت دیتے ہیں اور ایک مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔
اگر ہم ایک پُرامن، صحت مند اور متوازن معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں کھیلوں کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنانا ہو گا۔ کیونکہ —
“جہاں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں، وہاں اسپتال ویران ہو جاتے ہیں۔”