November 17, 2026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی بلاول بھٹو زرداری کا وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ گڈو بیراج کا دورہ، وزیر آبپاشی کی بریفنگ

IMG-20250910-WA0239

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
بلاول بھٹو زرداری کا وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ گڈو بیراج کا دورہ، وزیر آبپاشی کی بریفنگ

سکھر/کشمور (بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ گڈو بیراج کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے آبپاشی جام خان شورو اور محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ افسران نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو بیراج کی موجودہ صورتحال، پانی کے بہاؤ اور ممکنہ سیلابی خدشات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر آبپاشی جام خان شورو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گڈو بیراج پر پانی کے بہاؤ پر مکمل نگرانی کی جا رہی ہے، عملہ ہمہ وقت الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیراج کے اسٹرکچر اور حفاظتی بندوں کی حالت کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان یا خطرے سے قبل از وقت نمٹا جا سکے۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں میں بروقت اقدامات کریں اور کسی بھی غفلت کی گنجائش نہ چھوڑی جائے۔ بلاول بھٹو نے بیراج کے اطراف آباد مقامی آبادی کے مسائل سنے اور انتظامیہ کو متاثرین کے لیے ریلیف اور حفاظتی انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیراجوں اور بندوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کے لیے ریلیف کیمپس، خوراک، پینے کے صاف پانی اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔