*خضدار: پی ٹی سی ایل کی ناقص سروسز سے شہری پریشان، ہزاروں درخواستیں نظرانداز، خضدار اور کوئٹہ کی پی ٹی سی ایل انتظامیہ ہیڈ آفس کو مِس گائیڈ کررہاہے*
*خضدار: پی ٹی سی ایل کی ناقص سروسز سے شہری پریشان، ہزاروں درخواستیں نظرانداز، خضدار اور کوئٹہ کی پی ٹی سی ایل انتظامیہ ہیڈ آفس کو مِس گائیڈ کررہاہے*
خضدار: خضدار کے شہریوں میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کی مقامی انتظامیہ کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں کا الزام ہے کہ پی ٹی سی ایل کے ہیڈ آفس کے مثبت ارادوں کو خضدار اور کوئٹہ میں بیٹھے پی ٹی سی ایل آفیسرز نے ہائی جیک کرلیا ہے، جس کے باعث ہزاروں شہریوں کی انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کنکشن کی درخواستیں دھول کھا رہی ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق، پی ٹی سی ایل کی جانب سے نئے کنکشن فراہم کرنے یا پرانے کنکشنز کی بحالی کے لیئے کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔ نتیجتاً، شہریوں کو انٹرنیٹ سہولیات کے لیئے مہنگے متبادل اختیار کرنے پڑ رہے ہیں۔ خضدار میں شہری 50 ہزار سے 80 ہزار روپے تک خرچ کرکے ڈش اینٹینا اور راؤٹرز کے ذریعے انٹرنیٹ سروس حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی سی ایل بروقت کنکشن فراہم کرتا تو نہ صرف یہ اضافی اخراجات بچائے جا سکتے تھے بلکہ شہری کنکشن سے محروم نہ ہوتے۔ایک مقامی رہائشی نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے بارہا پی ٹی سی ایل سے رابطہ کیا، لیکن ہر بار ہمیں ٹال مٹول کے جوابات ملتے ہیں۔ آخر ہم کیوں اتنی بھاری رقم خرچ کریں جب پی ٹی سی ایل جیسا ادارہ موجود ہے؟ شہریوں نے پی ٹی سی ایل کی اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی سطح پر ناقص کارکردگی کا نوٹس لیا جائے اور خضدار کے عوام کو سستی اور قابل اعتماد انٹرنیٹ سروسز فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو شہریوں کا ادارے پر اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔