نام کتاب: راہِ کامرانی مصنفہ: فائزہ قمر صفحات: 240 قیمت: ایک ہزار روپے ناشر: قلمکار کلب پاکستان
نام کتاب: راہِ کامرانی
مصنفہ: فائزہ قمر
صفحات: 240
قیمت: ایک ہزار روپے
ناشر: قلمکار کلب پاکستان
ہمارے معاشرے میں ہر طبقے میں بے حد بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے، اس کا اہم سبب معاشرتی مسائل، معاشی مسائل، گھریلو زندگیوں میں کئی قسم کے الجھائو، والدین اور اولاد کے مابین تعلقات میں دراڑیں، مصائب، دُکھ اور تکالیف، نوجوانوں پر بے جا پابندیاں اور آزادی اور اسی طرز کے بے شمار مسائل، جن سے معاشرے کا ہر گھر متاثر ہے۔
ہر گھر کا مسئلہ مختلف نوعیت کا ہے، اگر پیسے کی فراوانی ہے تو اولاد کی نافرمانی کا سامنا ہے۔ اگر معاشی مسئلہ ہے تو رشتوں میں ناچاقی اور مصائب میں اُلجھے ہوئے ہیں۔ ایسے میں انسان بے چین اور مضطرب رہتا ہے، اس کی سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ ان مسائل سے کس طرح نمٹے، ان کے حل کے لیے ہمہ وقت الجھے رہنے کے سبب اس کا ذہن منتشر رہتا ہے، وہ زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتا ہے۔
قلمکار کلب پاکستان کے تحت شائع ہونے والی محترمہ فائزہ قمر کی کتاب ”راہِ کامرانی“ ایسے ہی اُلجھے ہوئے مسائل کا حل پیش کرتی ہے۔
اس کتاب کے بارے میں چند اہم شخصیات کی رائے پھی پیش کی جارہی ہے:
٭ بہت ہی سادہ لیکن دلکش اندازِ بیاں ہے۔ معاشرتی مسائل اور گھریلو زندگی کے مصائب اور دُکھوں کا مکمل ادراک ہے۔ دردمندی اور اخلاص موجود ہے۔ فائزہ اپنے معاشرے کے مسائل کو خوب سمجھتی ہیں۔ بہترین نبّاض ہیں۔ اپنی انگلی ہمیشہ دُکھتی رگ ہی پر رکھتی ہیں اور اچھی طرح تجزیہ کر کے، ان مسائل کا حل بھی پیش کرتی ہیں۔ جو بھی مرض ان کی گرفت میں آتا ہے، اس کا علاج بھی بتاتی ہیں۔ یہ ایک قیمتی کتاب ہے۔ اس کا ہر حرف مفید اور انمول ہے۔ زندگی کی کٹھن راہوں میں چراغوں کی مانند ہے، بہت سے لوگوں کے تجربات کا خلاصہ ہے، جس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
سلمیٰ یاسمین نجمی (مدیرہ، ماہنامہ ”عفت“)
٭ مجھے یقین ہے، یہ کتاب نہ صرف نوجوانوں کی رہنمائی کرےگی بلکہ ہر عمر کی خواتین اورحضرات کو ایک آزاد معاشرے میں بھٹکنے سے بھی بچائے گی۔
پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی
(ڈائریکٹر، بیت الحکمہ لائبریری، ہمدرد یونیورسٹی، کراچی)
٭ فائزہ کا اندازِ بیاں سلیس ہے، نفسِ مضموں کی وضاحت جامع انداز میں کرتی ہیں، بات کو پُر اثر اور خوب صورت بناتی ہیں۔اصلاحِ معاشرہ ان کا خاص موضوع ہے۔افسانہ، مضمون، سروے ، سب ہی اصناف پر انہوں نے طبع آزمائی کی ہے اور بہترین کی ہے۔ اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ۔
نادرہ انصاری (قلمکار، مؤلفہ، مصنفہ۔ ہیوسٹن، ٹیکسس)
٭ فائزہ کی تحریروں میں ہمیشہ دین کی محبت اور عملی مثالوں کے ذریعہ سے سادہ الفاظ میں اللہ کی محبت اور اس کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دکھائی دیتی ہے ۔
راضیہ فرحین (مدیرہ، ماہنامہ ”نور“)
٭ ان تحریر وں کی سب سے اہم اور قابلِ قدر خوبی یہ ہے کہ وہ ایک دلِ مضطرب سے نکلی ہیں اور انہیں پڑھنے والے ہر فرد کے دل کو بے کل کردینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہ تحریریں شائستہ ، شستہ زبان اورپُرکشش ادبی اسلوب میں لکھی گئی ہیں۔ ان کو پڑھتے ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ صاحبِ تحریر کس قدر درد مند دل کی مالک ہیں۔
کلیم چغتائی (سابق ایڈیٹر، ماہنامہ ”رابطہ“)
قلمکار کلب پاکستان کے تحت شائع ہونے والی اس کتاب کی قیمت محض ایک ہزار روپے رکھی گئی ہے، مصنفہ کے بقول ان شاء اللہ،اس کتاب کی فروخت سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے فلاحی کاموں میں خرچ کی جائے گی۔
یعنی اس کتاب کی خریداری سے آپ فلاحی کاموں میں خرچ ہونے والی رقم سے ملنے والی نیکیوں کا حصہ تو بنیں گے ہی، اس سے رہنمائی حاصل کرنے اپنی زندگی کو منتشر ہونے سے بھی بچاسکیں گے۔
یہ کتاب قلمکار کلب پاکستان سے واٹس ایپ 03024274115 پر منگوائی جاسکتی ہے۔٭٭