سکھر (بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی کے ساتھ کمیرا میں اشفاق کھوسو سکھر کے علاقے مائیکرو کالونی اور پیر مراد شاہ کے رہائشیوں نے
سکھر (بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی کے ساتھ کمیرا میں اشفاق کھوسو سکھر کے علاقے مائیکرو کالونی اور پیر مراد شاہ کے رہائشیوں نے پانی کی طویل بندش اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پانی کے خالی برتن اٹھا رکھے تھے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔مظاہرین نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے ان کے گھروں میں پینے اور گھریلو استعمال کے لیے پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں پانی جیسی بنیادی سہولت سے محرومی نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ گھروں میں خواتین، بچے اور بزرگ شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ مساجد میں بھی وضو کے لیے پانی میسر نہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ سکھر جیسے بڑے شہر میں میونسپل کارپوریشن کی غفلت اور ناقص کارکردگی نے شہریوں کی زندگی مفلوج کر دی ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو گھروں میں پانی نہیں، دوسری جانب شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر میں پولیس کا کوئی وجود ہی نہیں۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور اعلیٰ حکام فوری طور پر نوٹس لیں، علاقے میں پانی کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری عمل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔