November 16, 2026

پنجاب کے مختلف اضلاع کی طرح بہاولنگر میں رین ایمرجنسی نافذ، بہاولنگر کی تمام تحصیلوں میں بھی اطلاق

20250716_213231

پنجاب کے مختلف اضلاع کی طرح بہاولنگر میں رین ایمرجنسی نافذ، بہاولنگر کی تمام تحصیلوں میں بھی اطلاق

بہاولنگر ()
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جاری شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے مختلف اضلاع کی طرح بہاولنگر میں “رین ایمرجنسی” نافذ کر دی گئی ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے فوری طور پر احکامات جاری کرتے ہوئے ضلع بہاولنگر کی تمام تحصیلوں میں بھی رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوامی فلاح و تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہمہ وقت متحرک اور الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ممکنہ سیلابی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کشتیوں کے ذریعے امدادی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے، پولیس گشت میں اضافہ ہو، اور نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو ندی نالوں، تالابوں اور بارش کے پانی میں نہانے سے روکیں، کیونکہ اس سے قیمتی انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رکھنے، فیلڈ ہسپتال فعال کرنے، اور تمام طبی مشینری کو ہنگامی حالت میں کام میں لانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے ہدایت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کی تمام تحصیلوں بہاولنگر، منچن آباد، فورٹ عباس، چشتیاں، اور ہارون آباد میں رین ایمرجنسی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ ضلعی سطح پر تمام محکمے فیلڈ میں موجود رہیں گے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جذبے، فرض شناسی، اور فوری رسپانس کے ساتھ کام کریں اور عوام کو سائرن و اعلانات کے ذریعے مسلسل صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔
انہوں نے آخر میں اپیل کی کہ عوام حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔