سالانہ تاریخی میلہ حضرت بابا سخی سیدن شاہ بخاری خصوصی تحریر :راجہ نورالہی عاطف
سالانہ تاریخی میلہ حضرت بابا سخی سیدن شاہ بخاری
خصوصی تحریر :راجہ نورالہی عاطف
میلےٹھیلے ہماری ثقافت کا حصہ ہیں اور ثقافت کے فروغ کے لیے ان کی اہمیت و افادیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ پنجاب کے میلے ٹھیلے علاقائی ثقافت اور تہذیب کے آئینہ دارہوتے ہیں ۔ برصغیر پاک و ہند میں میلوں کی تاریخ بہت پرانی ہے ۔ تاریخی میلہ حضرت بابا سخی سیدن شاہ بخاری نورپورتھل طویل بھی عرصہ سے انعقاد پذیر ہوتا چلا آرہا ہے ۔ برصغیر پاک و ہند کے معروف صوفی بزرگ حضرت بابا سخی سیدن شاہ بخاری نور پور تھل کے عرس کی مناسبت سے ہر سال بڑے تزک و احتشام سے یہاں پر میلہ بھی منعقد کیا جاتا ہے ۔ یہ تین روزہ میلہ علاقہ تھل کے عوام کو تفریح کے مواقع میسر کرنے کے ساتھ ساتھ دور دراز سے آئے ہوئے لوگوں کو کاروباری مواقع بھی میسر کرتا ہے ۔ یہ میلہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے جو کہ صدیوں سے لگتا چلا آرہا ہے ۔ میلہ بابا سخی سیدن شاہ بخاری نورپور تھل کے متعلق کئی روایات بیان کی جاتی ہیں ۔ ایک روایت کے مطابق حضرت سخی بابا سیدن شاہ بخاری نے اپنے پیر و مرشد کے حکم پر اسلام کی تبلیغ کے لیے علاقہ تھل کو اپنا مسکن بنایا یہاں آپ نے اسلام کی تبلیغ کا کام شروع کیا تو روز بروز آپ کے عقیدت مندوں میں اضافہ ہوتا چلا گیا ۔ ایک اور روایت کے مطابق آپ کے پاس اونٹنی کا ایک بچہ تھا جو روزانہ شہر میں چلتا تھا اس کے گلے میں ایک بڑا کشکول ہوتا تھا اور لوگ اس کشکول میں روٹیاں سالن وغیرہ ڈال دیتے کشکول بھر جانے پر یہ اونٹنی کا بچہ واپس آجاتا تھا اس طرح وہاں پر سکونت اختیار کرنے والے عقیدت مندوں کی خوراک کا بندوبست بھی ہو جاتا تھا ۔ ایک اور روایت کے مطابق اس وقت برصغیر میں طاعون کی وباء پھیلی جس کی وجہ سے روزانہ کئی افراد موت کی آغوش میں چلے جانے لگے طاعون کی بیماری سے بچنے کے لیے لوگ موجودہ دربار بابا سخی سیدن شاہ بخاری والی جگہ پر داخل ہو گئے اور وہ لوگ جو اس ایریا میں داخل ہوئے بیماری سے محفوظ رہے اور یہ وباء ختم ہونے پر دربار کے احاطہ سے باہر لوگ آئے اور خوشی کے اظہار کے لیے کھلے میدان میں اونٹ دوڑائے اس طرح اس تاریخی میلہ کی ابتداء ہوئی اور اس وقت سے لے کر آج تک یہ میلہ ہر سال منعقد ہوتا چلا آ رہا ہے ۔ وقت کے ساتھ ساتھ میلہ کے پروگراموں میں جدت آتی گئی۔ کافی عرصہ تک اس میلہ کا انعقاد پولیس تھانہ نور پورپورتھل بھی کرواتی رہی۔ وقت کے ساتھ ساتھ اب یہ میلہ عوامی نمائندوں کی دلچسپی سے ہرسال انتہائی تزک و احتشام سے منعقد کرایا جاتا ہے ۔ امسال سالانہ تاریخی میلہ حضرت بابا سخی سیدن شاہ بخاری کے انعقاد کی تاریخ کا تعین ابھی نہیں ہوا تاہم اسسٹنٹ کمشنر تحصیل نورپورتھل ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کے مطابق انشاءاللہ امسال بھی تاریخی میلہ حضرت باباسخی سیدن شاہ بخاری بڑے تزک و احتشام سے منعقد کیا جاءے گا، عوام کو معیاری تفریح فراہم کی جاءے گی اور میلہ تقریبات حسب سابق اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے شان و شوکت سے منعقد ہوں گی۔ واضح رہے کہ ماضی کی روایات کے مطابق میلے کے پروگراموں میں نیزہ باز، پڑ کوڈی مقابلہ، گھوڑا ڈانس، اونٹ ناچ اور دیگر رنگا رنگ عوامی تفریح کے پروگرامز شامل ہوتے ہیں جو عوامی تفریح کا سبب بنتے ہیں۔ یادرہے کہ سالانہ تاریخی میلہ بابا سیدن شاہ کی مناسبت سے ہر سال میلے کے موقع پر پاکستان کی سب سے بڑی اونٹوں کی منڈی بھی یہاں پر سجائ جاتی ہے جہاں پر ملک بھر سے بیوپاری حضرات آتے ہیں اور اپنے پسند کے اونٹوں کی خرید و فروخت کرتے ہیں ۔ یہ میلہ نہ صرف علاقہ تھل کی ثقافتی روایات کا آئینہ دار ہے بلکہ اس میں عوامی دلچسپی کے پیش نظر مختلف رنگا رنگ تفریحی پروگرامز بھی ترتیب دیے جاتے ہیں اور علاقائی کھیلوں کے مقابلے منعقد کروا کر نوجوانوں میں نہ صرف جذبہ ء مسابقت کو ابھارا جاتا ہے بلکہ ان کے کوصحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جاتا ہے اور یوں ان میں مقابلے کا رجحان پیدا کر کے ان کی انفرادی اور اجتماعی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے ۔ سالانہ تاریخی میلہ بابا سیدن شاہ بخاری کی نورپورتھل میں منعقدہ تین روزہ تقریبات میں منتخب عوامی نمائندگان سمیت ضلعی انتظامیہ کے آفیسرز بھی بطور مہمانان خصوصی شرکت کرتے ہیں ۔ ان کی آمد پر تحصیل انتظامیہ نورپور تھل کی طرف سے ان کا پرتپاک استقبال کیا جاتاہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کھیلوں اور میلوں کی علاقائی ثفافت کو بھر پور طریقے سے پنجاب میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔ سالانہ میلہ بابا سخی سیدن شاہ بخاری کے موقع پر ہرسال عوام بڑی تعداد میں میلہ کی ان تقریبات میں شرکت کرتی ہے اور ان کا جوش وجذبہ اور خوشی دیدنی ہوتی ہے۔ میلے ہماری قدیم ثقافت کا اہم جزو اور پنجاب کی شاندار روایات کے آمین ہیں۔ ان سے مقامی آبادی کے ہر طبقے کو نہ صرف صحتمند تفریح میسر آتی ہے بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔ میلہ کے موقع پر مختلف کھیلوں کی فاتح ٹیموں اور کھیلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے جاتے ہیں۔ سالانہ تاریخی میلہ حضرت بابا سخی سیدن شاہ بخاری سے پہلے ہر سال دربار پر سالانہ عرس کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جو کہ چند روز قبل انعقاد پذیر رہی ہیں جن میں عقیدت مندوں نے بھرپور شرکت کی تا ہم ابھی میلہ تقریبات کی تواریخ کا تعین انتظامیہ نے نہیں کیا جونہی میلہ کے انعقاد کی بابت تاریخ کا تعین ہوگا تو اس کے ساتھ ہی علاقہ میں ان تفریحی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا ۔