باندھ کے مروانا
باندھ کے مروانا
ایک نوخیز لونڈے کا حسن اتنا زیادہ تھا کہ جو دیکھتا، اس پر فریفتہ ہو جاتا۔ انسان تو انسان
ایک فرشتہ بھی اس بلا خیز حسن کے سامنے دل ہار گیا۔
فرشتہ بھی شاید ہاروت ماروت کی نسل سے ہوا ہو گا۔
لونڈے سے دوستی کے چکر میں عاشق فرشتے نے کچھ آسمانی راز بھی حسین لڑکے کو بتا دیے۔
فرشتے کو تو خیانت کی سزا کے طور پر گوانتانامو بے ٹائپ کسی جیل میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بھیج دیا گیا البتہ وہ خاص راز جان کر اس حسین لڑکے کو زندگی میں خاصا فائدہ ہوا۔ ایک راز نادیدہ فرشتوں کو دیکھنے کا طریقہ تھا۔
اسی طرح ایک نہایت اہم راز یہ تھا کہ بیمار کے پاس فرشتہ سرہانے والی طرف سے آئے تو جان لینے آتا ہے اور اگر پائنتی والی طرف سے آئے تو شفا دینے آتا ہے۔
نوجوان نے یہ بات پلے سے باندھ لی۔ وقت گزرتا گیا۔
وہ خوبرو جوان بھی وقت کے ساتھ ساتھ بوڑھا ہو گیا۔ حسن ڈھل گیا، جلد ڈھلک گئی۔ دو تین بار بیمار پڑا تو دیکھا کہ فرشتہ پائنتی کی جانب کھڑا ہے۔ وہ سمجھ گیا کہ شفا ملنے والی ہے اور شفا مل جاتی۔
ایک بار وہ بہت زیادہ بیمار ہو گیا۔ اتنا زیادہ کہ غشی کے دورے پڑنے لگ گئے۔ ایک دن شدید دورے کے بعد ہوش میں آیا، آنکھ کھلی تو کیا دیکھتا ہے کہ فرشتہ سمائل پاس کرتے ہوئے، اس کے سرہانے کھڑا ہے۔
موت کے خوف سے، اس نے تمام لاغری اور نقاہت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تڑپ کر چارپائی پر اپنی سمت تبدیل کر لی۔ سر چارپائی کی پائنتی کی طرف کر لیا اور ٹانگیں سرہانے کی طرف۔
وہ فرشتے کو سر والی طرف رسائی نہیں دینا چاہتا تھا۔
فرشتہ بھی کنفیوزڈ ہو گیا کہ اب وہ کیا کرے۔ احکام ربانی توڑنے کی جسارت نہیں کر سکتا ۔ جان تو لینی ہے مگر طے ہےکہ سرہانے والی طرف سے ہی لینی ہے۔
ناچار فرشتہ چارپائی کی دوسری جانب بڑھنے لگا تو بوڑھے نے تڑپ کر دوبارہ سر کی جگہ پر پاؤں اور پاؤں کی جگہ پر سر رکھ دیا۔
فرشتہ اور مریض بار بار اپنی سمت تبدیل کرتے رہے۔ زچ ہو کر فرشتے نے ڈائری اٹھائی اور واپس جانے کی ٹھان لی۔
بیمار بوڑھے کے رشتہ داروں نے جب بیمار کی چارپائی پر کشمکش دیکھی تو انہیں لگا کہ شاید بڑے میاں کا دماغ چل گیا ہے اور انہوں نے پاگلوں والی حرکتیں شروع کر دی ہیں۔
ان میں تین چار تنومند رشتہ داروں نے آگے بڑھ کر بیمار بزرگ کو چارپائی پر باندھ دیا تاکہ وہ اچھل کود نہ کر سکے۔
اب باقی لوگ تو فرشتے کو نہیں دیکھ سکتے تھے۔ انہیں کیا پتا تھا کہ بڑے میاں اس اچھل کود کے ذریعے موت کو ٹال رہے ہیں۔
فرشتہ تنگ ہو کر واپس جانے کی نیت سے دروازے کے قریب پہنچ چکا تھا کہ اس دوران میں بیمار بزرگوار کو چارپائی پر باندھ دیا گیا۔
فرشتے کے چہرے پر کچھ ویسی ہی مسکراہٹ ابھری جیسی عاصم منیر کے چہرے پر خان کو دیکھ کر ابھرتی ہے۔
وہ واپس آیا اور نہایت اطمینان سے بیمار کی روح کھینچ لی کیوں کہ بزرگ اب ، بندھے ہونے کی وجہ سے، سر اور پاؤں کی سمت تبدیل کرنے کے لائق نہ رہے تھے۔
بزرگوار نے جان دینے سے قبل، سارے حواس مجتمع کر کے تاریخی گالی دی اور فرمایا کہ مرنا تو کسی صورت میں بھی نہیں تھا البتہ ان ۔۔۔۔۔۔۔۔،۔۔۔۔۔۔۔۔۔ رشتہ داروں نے باندھ کر مروا دیا۔
اور یوں باندھ کر مروانے کا محاورہ ایجاد ہوا۔
اس مروانے سے مراد جان لینا ہے۔
یہ تصویر والی چارپائی بھی رشتہ داروں، نگرانوں اور فرشتوں وغیرہ کو ڈاج کرنے کی کوشش لگتی ہے۔
اس کی ادوان درمیان میں ہے لہذا پائنتی اور بالیں کا فرق مٹ گیا ہے۔
آپ کو بے شک ایسی چارپائی مل جائے البتہ نازک معاملات میں رشتہ داروں سے محتاط رہیں۔
🥀🥀عبدالبصیر تاجور 🥀🥀