*خضدار: میٹرک امتحانات کے امتحانی عملے کو تاحال معاوضہ نہ مل سکا، امتحانی عملے میں تشویش*
*خضدار: میٹرک امتحانات کے امتحانی عملے کو تاحال معاوضہ نہ مل سکا، امتحانی عملے میں تشویش*
بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی مبینہ غفلت یا مقامی برانچ کی عدم دلچسپی کے باعث، تین ماہ قبل ہونے والے میٹرک امتحانات کے امتحانی عملے کو تاحال معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نتائج کے اعلان میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں، مگر اساتذہ و عملہ جنہوں نے امتحانی مراکز میں اپنی ڈیوٹیاں انجام دی تھیں، اب تک ادائیگی سے محروم ہیں۔
امتحانی عملے کا کہنا ہے کہ یہ تاخیر نہ صرف ان کے لیے مالی مشکلات کا باعث بن رہی ہے بلکہ آئندہ امتحانات میں فرائض انجام دینے کے لیے ان کی دلچسپی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
اساتذہ تنظیموں نے اس رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام، بالخصوص بلوچستان بورڈ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تمام واجبات ادا کیے جائیں تاکہ تعلیمی عمل سے وابستہ افراد کی حوصلہ شکنی نہ ہو۔