November 16, 2026

تحریر : ناظمہ ایاز نیک لڑکی گھر والے میرے رشتے کے سلسلے میں کافی پریشان تھے۔ جب بھی میرے رشتے کی بات ھوتی، آخر کسی نہ کسی وجہ سے میرے انکار پر ختم ھو جاتی۔

IMG-20250708-WA0189

تحریر : ناظمہ ایاز
نیک لڑکی

گھر والے میرے رشتے کے سلسلے میں کافی پریشان تھے۔ جب بھی میرے رشتے کی بات ھوتی، آخر کسی نہ کسی وجہ سے میرے انکار پر ختم ھو جاتی۔
امی میرے رویۓ سے کافی پریشان رھنے لگیں تھیں۔ میں دو بہنوں کا اکلوتا بھائی ھوں۔ میری دو چھوٹی بہنیں یونیورسٹی میں پڑھتی تھیں، انکے رشتے بھی اب آنا شروع ھو گۓ تھے۔
میرے ابو ریٹائرڈ سرکاری ملازم ھیں، ریٹائیرمنٹ کے بعد ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کرنے لگے تھے۔ میں نے ماسٹر کر رکھا تھا اور ایک اچھی کمپنی میں نوکری کرتا تھا۔ شہر میں 7 مرلے کا اپنا گھر تھا۔
جب بھی گھر میں میرے رشتے کی بات ھوتی، مجھے بتایا جاتا کہ ھمارے فلاں رشتہ دار کی بیٹی پڑھی لکھی اور خوبصورت ھے، اگر تم کہو تو ھم رشتے کی بات چلائیں؟
میرا جواب ھمیشہ یہ ھوتا کہ تھوڑا وقت دیں “سوچ کر بتاؤں گا” ۔
اس تھوڑے وقت کے دوران, میں لڑکی کے گھر والوں اور لڑکی کے بارے میں ادھر ادھر سے پوچھ لیتا ۔ آخر میں کوئی بھی وجہ بتا کر گھر والوں کو منع کر دیتا۔
امی میرے اس روئۓ سے تنگ آ چکی تھیں۔
ایک دن امی نے بتایا کہ تمہاری خالہ نے تمہارے لۓ ایک رشتہ دیکھا ھے۔ وہ لوگ تمہاری خالہ کے گھر کے قریب رھتے ھیں۔ بہت اچھی فیملی ھے۔ انکی تین بیٹیاں ھیں ۔ بڑی بیٹی سکول ٹیچر ھے، اس کی عمر تھوڑی زیادہ ھو چکی ھے ۔ وہ اب شادی نہیں کرنا چاھتی۔
اسلۓ وہ لوگ اب درمیانی بیٹی کیلۓ لڑکا تلاش کر رھے ھیں۔ لڑکی ھم نے دیکھ لی ھے بہت خوبصورت اور پڑھی لکھی ھے۔ ھمیں لڑکی اور اسکی فیملی پسند ھے۔
ھم کل تمہیں وہ لڑکی دکھائیں گے۔
اب تمہیں سوچنے کا وقت نہیں ملے گا ۔ اس لۓ ھم کل انکے ھاں جائیں گے اور تم بھی ساتھ چلو گے۔
امی نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔
اگلے دن میں اور میرے امی ابو پہلے خالہ کے گھر گۓ، وھاں سے خالہ کو لیکر انکے ھاں پہنچ گۓ۔
انکا گھر تقریبا ھمارے گھر جتنا ھی ھوگا۔ ڈبل سٹوری گھر تھا۔ گھر کی ایک ایک چیز، مکینوں کی سلیقہ مندی اور نفاست پسندی کی گواھی دے رھی تھی۔ متوسط فیملی تھی۔
تین بہنوں کے علاوہ دو چھوٹے بھائی تھے۔
والد ریٹائرڈ سرکاری ملازم تھے اور اب اپنا چھوٹا موٹا کام کرتے تھے۔
ھم سے انکی پہلی ملاقات تھی مگر خالہ کا انکے ھاں آنا جانا تھا۔ اس لۓ وہ ھمیں کافی بے تکلفی سے ملے۔
انکی والدہ تھوڑی سنجیدہ خاتون لگتی تھی۔ مگر بڑی بیٹی جس نام ناہیلہ تھا، ھم سے ملکر کر بہت خوش تھی۔
ناہیلہ ایک دراز قد ، خوبصورت اور خوش گفتار لڑکی تھی۔ عمر میں مجھ سے ایک سال بڑی تھی۔
انکی چھوٹی بیٹیاں سلمی اور عائشہ شاید اوپر والے پورشن میں تھیں۔ ناہیلہ نے ھماری خوب خاطر تواضع کی ھمیں اپنا گھر دکھایا ۔
اس کے بعد وہ اٹھ کر چلی گئ اور تھوڑی دیر بعد سلمی کو ساتھ لیکر آ گئ ۔
سلمی سلام کر کے امی کے پاس بیٹھ گئی ۔ ناہیلہ نے بتایا کہ یہ ھماری سلمی ھے۔
سلمی ایک دراز قد خوبصورت لڑکی تھی۔عمر میں ناہیلہ سے تین سال چھوٹی تھی۔
ناہیلہ سلمی کی تعریفیں کرنے لگی کہ یہ پڑھائی میں بہت اچھی ھے ۔ اپنا ٹائم بالکل بھی ضائع نہیں کرتی۔ اپنی کلاس میں ھمشہ فرسٹ آتی ھے۔ ناہیلہ نے بتایا کہ سلمی MS کمپیوٹر سائینس کر رھی ھے۔ اور اسکا آخری سیمیسٹر چل رھا ھے۔
امی نے ناہیلہ سے پوچھا کہ آپ نے کہاں تک پڑھا ھوا ھے؟
اس نے بتایا آنٹی میں نے گریجویشن کیا ھوا ھے۔ اس کے بعد ناہیلہ میز پر پڑے برتن سمیٹنے لگی اور اٹھا کر لے گئی۔
امی نے انکی والدہ سے پوچھا کہ ناہیلہ نے آگے کیوں نہیں پڑھا؟
تو وہ کہنے لگیں کہ انکے ابو ریٹائرڈ ھوۓ تو ھمارے تمام بچے پڑھ رھے تھے۔
ریٹائرمنٹ پر جو پیسے ملے ان سے یہ گھر بنا لیا تھا۔ پلاٹ پہلے کا لیا ھوا تھا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد صرف پینشن پر سب بچوں کو پڑھانا مشکل ھو رھا تھا۔ اس لۓ ناہیلہ نے خود ھی کہ دیا کہ گریجویشن کے بعد میں آگے نہیں پڑھوں گی۔
پھر اس نے گھر پر بچوں کو ٹیوشن پڑھانا شروع کر دی۔
بعد میں اس کی سرکاری سکول میں ٹیچر کی نوکری بھی لگ گئ۔
ناہیلہ کی عمر بھی کچھ زیادہ ھو چکی ھے ۔ ھم تو چاھتے تھے کہ پہلے اسکی شادی ھو مگر اس نے شادی سے انکار کر دیا ھے۔
میرے گھر والوں کو سلمی بہت پسند آئی اور گھر کے باقی لوگ بھی بہت ہسند تھے۔ آتے ھوۓ امی نے انہیں کہا کہ آپ بھی کسی دن ھمارے گھر آئیں۔ تاکہ آپ ھمارا گھر بھی دیکھ لیں ۔ اس کے بعد مشورہ کر کے فیصلہ کر لیں گے۔
کچھ دن بعد سلمی کے امی ابو اور بڑی بہن ناہیلہ ھمارے گھر آۓ۔
انہیں بھی ھماری فیملی اور گھر پسند آیا۔ ناہیلہ بہت ھنس مکھ لڑکی تھی۔ تھوڑی ھی دیر میں میری بہنوں سے اسکی دوستی ھو گئ۔
انکے جانے کے بعد گھر والوں نے سلمی کے بارے میں میری راۓ پوچھی تو میں نے پھر کہ دیا کہ ” مجھے تھوڑا وقت چاھۓ “۔
میری اس بات پر امی غصہ ھو گئیں۔ امی کہنے لگیں پہلی دفعہ ھمیں اتنا اچھا خاندان ملا ھے۔ لڑکی پڑھی لکھی، خوبصورت اور سمجھدار ھے۔ دوسرا انکے گھر والے بھی بہت اچھے ھیں۔ آخر تم چاھتے کیا ھو؟
میں نے امی کو بہت مشکل سے منایا کہ مجھے صرف ایک ھفتہ سوچنے کی مہلت دے دیں۔ تاکہ میں انکے خاندان کے بارے میں چھان بین کر سکوں۔
امی اس شرط پر مان گئیں کہ اگر ھفتے بعد بھی تم نے فیصلہ نہ کیا تو ھم انکو ھاں کر دیں گے۔
فیصلہ تو میں لڑکی والوں کے گھر میں ھی کر چکا تھا۔ مگر گھر والوں کو سلمی پسند تھی اور میں ناہیلہ کو پسند کر چکا تھا۔
میرے فیصلے کا میرے علاوہ کسی کو علم نہیں تھا۔
میں چاھتا تھا کہ جب تک میں ناہیلہ کو اپنے فیصلے پر راضی نہ کر لوں کسی کو نہیں بتاؤں گا۔ اسی لۓ میں نے امی سے ایک ھفتے کا وقت مانگا تھا۔
پریشانی کی وجہ سے مجھے رات بھر نیند نہیں آئی۔ صبح دفتر میں بھی دن بھر پریشان رھا کہ ناہیلہ سے کیسے بات کی جاۓ۔
میں نے اپنی چھوٹی بہن سعدیہ سے پوچھا، ” سلمی کے گھر والوں کا نمبر لیا تھا”؟
اس نے بتایا کہ ناہیلہ باجی نے اپنا نمبر مجھے دیا تھا اور میرا نمبر لیا تھا۔ میں نے اسے کہا کہ اسکا نمبر مجھے دے دو اور اسے میرا نمبر بھی اسے بھیج دو اور ساتھ بتا دو کہ بھائی آپ سے ضروری بات کرنا چاھتا ھے۔ مگر یہ بات گھر میں کسی کو پتا نہ چلے۔
سعدیہ نے ناہیلہ کا نمبر مجھے دیا اور ناہیلہ کو بھی فون کر کے بتا دیا کہ بھائی آپ سے بات کرنا چاھتے ھیں۔
مجھے سمجھ نہیں آ رھی تھی کہ ناہیلہ سے کیسے بات کروں۔ کہیں وہ ناراض نہ ھو جاۓ ؟ کہیں وہ فون بند نہ کر دے۔ آخر میں نے ھمت کر کے ناہیلہ کا نمبر ملا دیا۔
السلام علیکم! عثمان بھائی دوسری طرف سے ناہیلہ کی خوبصورت آواز آئی۔
“ناہیلہ میں آپ سے ایک ضروری بات کرنا چاھتا ھوں”۔
مگر مجھے ڈر لگتا ھے کہیں آپ میری بات سن کر فون بند نہ کر دیں۔
ناہیلہ نے کہا عثمان بھائی آپ فکر نہ کریں ۔ سلمیٰ میری بہن ھی نہیں میری دوست بھی ھے ۔ آپ نے جو پوچھنا ھے بلا تکلف پوچھیں۔ ھم آپ سے کچھ نہیں چھپائیں گے۔ “ویسے بھی جوڑے آسمانوں پر بنتے ھیں”۔
اس وقت الفاظ میرا ساتھ نہیں دے رھے تھے مگر پھر بھی بہت کوشش کر کے میں اتنا کہ پایا۔
“ناہیلہ میں سلمیٰ سے نہیں آپ سے شادی کرنا چاھتا ھوں”
ناہیلہ کچھ دیر خاموش رھی پھر فون بند کر دیا۔
اس کے بعد ، میں کافی دیر تک فون ملاتا رھا مگر اس نے اٹینڈ نہیں کیا۔
آخر میں نے اسے میسیج کیا کہ میں جس طرح کی لڑکی چاھتا تھا وہ پہلی بار مجھے تمہاری شکل میں ملی ھے۔
اگر جوڑے واقعی آسمانوں پر بنتے ھیں تو زمین والے فون کیوں بند کر دیتے ھیں؟
تم ایک دفعہ مجھ سے بات تو کر لو پلیز۔۔
میسیج کے دس منٹ بعد میں نے دوبارہ کال کی تو اس نے اٹینڈ کر لی۔
میں نے پوچھا ناہیلہ بول رھی ھیں؟
دوسری طرف سے مدھم سی آواز آئی، جی !
میں نے پوچھا، آپ نے فون بند کیوں کر دیا تھا؟
کہنے لگی آپ نے بات ھی ایسی کر دی تھی۔
میں نے کہا! میں نے تو دل کی بات کہ دی ، اب آپ کیا کہنا چاھتی ھیں؟
اس نے پھر کہا دیکھیں عثمان بھائی ! میرے گھر والے آپ کو پہلے ھی بتا چکے ھیں کہ میں شادی نہیں کرنا چاھتی۔
“مگر ناہیلہ تم شادی کیوں نہیں کرنا چاھتی” ؟ آخر اسکی کوئی وجہ تو ھو گی؟
عثمان بھائی! یہ میرا ذاتی مسئلہ ھے۔
مگر اب یہ میرا بھی ذاتی مسئلہ بن چکا ھے۔
میری بات سن کر وہ کچھ دیر خاموش رھی پھر کہنے لگی۔
دیکھیں میں آپ سے یہ بات کرنا تو نہیں چاھتی تھی مگر اب آپ مجبور کر رھے ھو تو کرنا پڑھ رھی ھے۔
بات یہ ھیکہ میرے والد کے علاوہ ھمارے گھر میں صرف میں کمانے والی ھوں۔ ھم دونوں کی وجہ سے میرے چھوٹے بہن بھائی پڑھ رھے ھیں۔
گھر کا نظام اسی سے چل رھا ھے۔ اگر میں نے شادی کر لی تو میرے بہن بھائیوں کی تعلیم ادھوری رہ جاۓ گی۔
اس کے علاوہ میری چھوٹی بہن ھے۔ اگر ایک اچھا رشتہ اس کیلۓ آیا ھے تو میں اس کے حق پہ ڈاکا کیسے ڈال سکتی ھوں؟۔ وہ میرے بارے میں کیا سوچے گی ،کہ میں اتنی خود غرض ھوں۔
میں نے کہا ! ھر مسئلے کا کوئی حل ھوتا ھے۔ یہ مسئلہ اتنا بڑا نہیں کہ اسکا کوئی حل نہ نکل سکے۔
ناہیلہ کہنے لگی آپ کیلۓ یہ مسئلہ چھوٹا ھو گا میرے لۓ تو یہ بہت بڑا مسئلہ ھے۔
میں نے کہا، “میرے کہنے کا مطلب ھیکہ اگر تم شادی کے بعد بھی اپنے گھر والوں کو سپورٹ کرنا چاھو تو مجھے خوشی ھو گی۔ بلکہ شادی کے بعد آپکا خرچ بھی میرے ذمے ھو گا۔ یہ خرچ بھی تم اپنی مرضی سے استعمال کر سکو گی۔
اگر تم مجھ سے اسٹامپ بھی لکھوانا چاھو تو مجھے کوئی احتراض نہیں ھو گا۔ بس تم ایک دفعہ ھاں کر دو۔
جہاں تک سلمیٰ کا معاملہ ھے ۔ میں اس کے سامنے بھی تمہیں شرمندہ نہیں ھونے دونگا۔ یہ تم مجھ پر چھوڑ دو۔ مجھے صرف تمہاری رضاء مندی چاھۓ۔
عثمان! میں “سوچ کر بتاؤں گی”۔
یہ کہ کر فون بند کر دیا۔
میرے دل میں لڈو پھوٹنے لگے ۔ پہلی دفعہ اس نے مجھے عثمان بھائی کے بجاۓ عثمان کہا تھا۔
جس طرح کی لڑکی کی مجھے تلاش تھی بالکل ویسی ھی تھی۔
اب مجھے سلمی سے بات کرنا تھی تاکہ ناہیلہ کا خلوص اور اپنی خودغرضی کی داستان اسے سنا سکوں۔
میں ناہیلہ کے ذریعے سلمی سے بات نہیں کرنا چاھتا تھا۔ اس لۓ خالہ کو فون کیا کہ وہ سلمی کو بتاۓ کہ میں اس سے کوئی ضروری بات کرنا چاھتا ھوں۔ مگر یہ بات اس کے علاوہ کسی اور کو پتا نہ چلے۔
خالہ نے مجھے بتایا کہ سلمی شام کو ھمارے گھر آۓ گی میں اس سے تمہاری بات کروا دونگی۔
شام کو خالہ کا فون آیا کہ سلمی سے بات کر لو۔
حال احوال کے بعد میں نے اسے نا ہیلہ سے ھونے والی پوری بات بتا دی۔ اسے یہ بھی بتا دیا کہ وہ تم لوگوں کی وجہ سے شادی نہیں کرنا چاھتی۔
اگر تم اسے کہو تو وہ شاید مان جاۓ۔
میں نے اس کو یہ بھی بتایا کہ میرے گھر والوں کو ابھی کسی بات کا علم نہیں ھے۔ اگر وہ مان جاۓ تو مجھے گھر والوں کو بھی منانا ھو گا۔
سلمیٰ میری بات سے بہت خوش ھوئی ۔ وہ بھی یہ چاھتی تھی کہ باجی کی شادی پہلے ھو۔
سلمیٰ نے مجھے کہا عثمان بھائی! آپ فکر نہ کریں۔ آپ اپنے گھر والوں کو منائیں ، باجی کو منانا میرا کام ھے۔
میری پریشانی اب کافی حد تک کم ھو چکی تھی، مگر اب گھر والوں کو منانا اتنا آسان نہیں تھا۔ اسلۓ میں نے امی کے بجاۓ خالہ سے بات کی اور اسے ساری رام کہانی سنا ڈالی۔
خالہ کی پہلے ھی ناہیلہ سے دوستی تھی۔ اس لۓ خالہ بھی میری پسند پہ بہت خوش تھی۔
اب میں نے خالہ کو کہا کہ “آپ امی کو بھی اس رشتے پر راضی کریں”۔
شام کو میں کام سے واپس آیا تو امی سخت غصے میں تھیں۔ میں سمجھ گیا کہ خالہ نے امی سے بات کر لی ھے۔
امی کہنے لگیں ، ایک تو وہ لڑکی شادی نہیں کرنا چاھتی ، دوسرا وہ عمر میں بھی تم سے بڑی ھے۔ لوگ کیا کہیں گے کہ ھمارے لۓ یہی لڑکی رہ گئ تھی۔
امی غصے میں مسلسل بولے جا رھی تھی اور میں کھڑا سن رھا تھا۔
جب امی خاموش ھوئی تو میں نے کہا امی، “اگر میری شادی مجھ سے دو سال چھوٹی سے ھو سکتی ھے تو ایک سال بڑی سے کرنے میں کیا حرج ھے”۔
دوسرا لوگوں کی فکر نہ کریں میں لوگوں کو خوش کرنے کیلۓ شادی نہیں کر رھا۔
امی کہنے لگیں مگر بیٹا لڑکوں کی شادی ھمیشہ اپنے سے کم عمر لڑکی سے اچھی رھتی ھے۔ دوسرا سلمی میں کس چیز کی کمی ھے ؟ وہ ناہیلہ سے زیادہ خوبصورت ھے، زیادہ پڑھی لکھی ھے اور تم سے عمر میں بھی چھوٹی ھے۔ وہ تمہیں زیادہ خوش رکھے گی۔
امی اگر آپ میری خوشی چاھتی ھیں تو ناہیلہ سے میری شادی کروا دیں ۔ ورنہ میرے ساتھ شادی والے موضوع پر بات ھی نہ کریں۔
میری ضد اور خالہ کی کوششوں سے امی بھی مان گئیں۔
اب مجھے ناہیلہ کی طرف سے واضع جواب کا انتظار تھا۔
رات میں نے ناہیلہ کو دو تین بار فون کیا مگر اٹینڈ نہیں ھوا۔
پھر میں نے سلمی کو فون کیا۔ کیونکہ وہ بھی اب میری راز داں بن چکی تھی۔ اس نے بتایا کہ باجی سو چکی ھیں۔ اگر آپ کہتے ھیں تو میں اٹھا دیتی ھوں۔
میں نے کہا نہیں رھنے دو میں کل بات کر لوں گا۔ میں نے سلمی سے پوچھا کہ ناہیلہ سے میرے بارے میں بات ھوئی؟۔
وہ کہنے لگی میں نے بات تو کی ھے۔ مگر باجی کا خیال ھیکہ مرد شادی سے پہلے جو وعدے کرتے ھیں بعد میں پورے نہیں کرتے۔ اسلۓ وہ ھمیں چھوڑنا نہیں چاھتیں۔
عثمان بھائی اگر آپ باجی سے ملکر خود انہیں یقین دلا دیں تو وہ شاید مان جاۓ۔ اگر آپ کہیں تو آپکی اور باجی کی ملاقات میں آپکی خالہ کے ھاں کروا سکتی ھوں۔
میں نے فورا کہا ، اگر تم ملاقات کروا دو، تو میں تمہارا یہ احسان کبھی نہیں بھولوں گا۔
اگلے دن دفتر میں مجھے سلمی کا فون آیا کہ چھٹی کے بعد آپ خالہ کے گھر آ جائیں میں اور باجی بھی وھاں آ جائیں گے۔
ملاقات کی خوشی میں وقت گزارنا مشکل ھو رھا تھا۔ شام کو چھٹی کے بعد میں سیدھا خالہ کے ھاں پہنچ گیا۔ تھوڑی دیر میں سلمیٰ اور ناہیلہ بھی آ گئیں۔
ناہیلہ آج بہت خوبصورت لگ رھی تھی۔ اس نے ھلکے گلابی رنگ کا سوٹ پہن رکھا تھا ساتھ میچنگ دوپٹہ ، ھلکے میک میں وہ بہت پیاری لگ رھی تھی۔ دعا سلام کے بعد ھم سب بیٹھ گۓ۔ اس دن والی ناہیلہ اور آج والی ناہیلہ میں فرق بہت واضع تھا۔ آج وہ قدرے شرمیلی اور کم بولنے والی لڑکی لگ رھی تھی۔
تھوڑی دیر بعد خالہ اور سلمی اٹھ کر باھر جانے لگیں اور ھمیں بتایا کہ آپ لوگ باتیں کریں ھم آپ کیلۓ چاۓ بناتے ھیں۔
میں نے خاموشی توڑتے ھوۓ کہا۔
آج آپ بہت پیاری لگ رھی ھیں۔
وہ شرماتے ھوۓ ھلکا سا مسکرائی اور پھر نیچے دیکھتے ھوۓ کہنے لگی۔ آپ نے سلمی کو میرے پیچھے کیوں لگا دیا؟
میں نے کہا “آپ ھو ھی اتنی اچھی کہ میں آپکو کھونا نہیں چاھتا”۔
آپ کو مجھ میں کونسی ایسی چیز نظر آ گئ ھے کہ آپ میرے پیچھے پڑے ھوۓ ھیں۔
میں نے کہا ” یہ میں ابھی نہیں بتا سکتا” ۔
وہ کہنے لگی، عثمان دیکھیں میری بھی مجبوری ھے، جبتک میرے چھوٹے بہن بھائی اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ھو جاتے میں انکے ساتھ کھڑی رھنا چاھتی ھوں۔
میں نے کہا! دیکھو ! میں تمہارے اس جزبے کی قدر کرتا ھوں۔
میرے پاس اللہ کا دیا ھوا بہت کچھ ھے۔ شادی کے بعد بھی تم پر کسی قسم کی پابندی نہیں ھو گی تم جیسے اب انکو سپورٹ کر رھی ھو شادی کے بعد بھی کر سکتی ھو۔
آپ لوگ مجھے تو اتنا نہیں جانتے مگر خالہ کو تو آپ جانتے ھیں۔ اگر خالہ میری طرف سے آپکو گارنٹی دے دے تو آپ ھاں کر دیں گیں؟
وہ کہنے لگی آپکی خالہ تو میری بہت اچھی دوست ھے۔ مجھے ان پہ پورا بھروسہ ھے۔ اگر وہ گارنٹی دیں تو مجھے کوئی احتراز نہیں ھو گا۔
میں نے خالہ کو آواز دی تو خالہ اندر آ گئیں۔ میں نے ناہیلہ کے تحفظات کے بارے خالہ کو بتایا تو خالہ نے فورا کہ دیا کہ “ناہیلہ تم اس بات کی فکر نہ کرو” ۔ میں تمہیں اپنی بیٹی سمجھتی ھوں اور عثمان کو بھی اچھی طرح جانتی ھوں۔ عثمان تمہیں کبھی مایوس نہیں کرے گا۔ خالہ کی اس بات پر اس کا چہرہ چمک اٹھا۔
ھمارے گھر میں شادی کی تیاریاں شروع ھو گئیں اور جلد ھی ھماری شادی ھو گئ۔
شادی کی رات اس نے پھر کہا “اب آپ بتا دیں، کہ آپ نے مجھ میں کیا دیکھ لیا کہ آپ میرے پیچھے پڑھ گۓ تھے”۔
میں نے کہا ” ویسے تو تم بہت خوبصورت ھو”۔
مگر “جتنا خوبصورت تمہارا دل ھے یہ تم بھی نہیں جانتی” ۔
ظاھری خوبصورتی تو کچھ عرصے بعد ختم ھو جاۓ گی۔ مگر تمہارے اندر کی خوبصورتی کبھی کم نہیں ھو گی۔
جس طرح تم اپنے ارد گرد کے لوگوں کامیاب دیکھنا چاھتی ھو، ایسا صرف خوبصورت دل ھی لوگ ھی سوچ سکتے ھیں، یہی خوبصورت دل مجھے تم میں نظر آیا تھا ۔
میں یہی چاھتا ھوں کہ تم کبھی بھی اپنے ارد گرد لوگوں کا ساتھ نہ چھوڑو۔
یہ کہ کر میں خاموش ھو گیا۔ اور اس کی آنکھوں سے دو خوشی کے موتی نکل کر میری ھتھیلی پر آ گرے۔
وہ کہنے لگی “عثمان آپ نے جس طرح میرا مان رکھا ھے،
میں بھی کبھی آپکو مایوس نہیں کروں گی۔
شادی کے تقریبا 20 دن بعد اچانک میری والدہ کی طبیعت خراب ھو گئ اور انہیں ھسپتال داخل کروانا پڑا۔ اس نے سکول سے شادی کیلۓ چھٹیاں لے رکھی تھی۔ میری چھوٹی بہنوں کی کلاسیں چل رھی تھیں۔ اسلۓ اس نے ھسپتال میں امی کے ساتھ بطور اٹینڈینٹ رھتی تھیں۔ امی تقریبا 2 ھفتے ھسپتال رھیں۔ اس دوران اس نے صرف دو دن گھر پر گزارے جس دن میری چھوٹی بہنوں کو یونیورسٹی سے چھٹی ھوتی تھی۔ باقی 12 دن ناہیلہ نے ھسپتال میں امی کی دن رات خدمت کی۔
میں دن میں دو بار صبح اور شام، امی کے پاس جاتا تھا۔ ھسپتال میں عورتوں کے وارڈ میں مردوں کو صرف ملاقات ٹائم میں بیٹھنے کی اجازت ھوتی تھی ۔ شام کو میں بھی امی کے پاس جا کر بیٹھ جاتا۔
وھاں میں نے نوٹ کیا کہ جس مریض کو بھی کوئی چیز یا مدد کی ضرورت ھوتی وہ ناہیلہ کو آواز دیتے۔ وہ بھی خوشی سے انکی بات مان لیتی۔ کسی نے نرس کو بلانا ھوتا تو ناہیلہ کو کہتے وہ نرس کو بلا لاتی۔ کبھی کبھی نرسیں بھی ناہیلہ کی مدد لے لیتیں۔ کسی کو سہارا دیکر اٹھانا ھوتا تو وہ انکی مدد کر دیتی۔
ایک دن ھسپتال میں ایک انکل نے میرا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بیٹے تمہارا اور تمہاری بیوی کا بہت شکریہ، وہ کہنے لگے میری بیٹی کے پاس کوئی خاتون اٹینڈینٹ نہیں ھے۔ اس لۓ ھمیں بہت پریشانی رھتی تھی۔ مگر جب سے تمہاری بیوی آئی ھے۔ وہ میری بیٹی کا بہت خیال رکھتی ھے۔ اسے اپنا فون نمبر بھی دیا ھوا ھے اور اسے بتایا ھیکہ رات کو بھی میری مدد کی ضرورت ھو تو مجھے فون کر کے اٹھا دیا کرو۔
بیٹا میں آپ لوگوں کا یہ احسان کبھی نہیں بھول سکتا۔
میں نے کہا! “انکل اس میں احسان والی کیا بات ھے۔ یہ تو ثواب کا کام ھے اللہ ھمیں اجر دیگا۔”
الحمدللہ میری والدہ اب ھسپتال سے گھر واپس آ چکی ھے، مگر جس دن ھم ھسپتال کے وارڈ سے باھر آ رھے تھے۔ وہ منظر مجھے نہیں بھولتا۔ سب مریض عورتیں میری بیوی سے گلے مل رھی تھیں جیسے انکا کوئی بہت عزیز ان سے بچھڑ رھا ھو۔ کچھ نے میری بیوی سے فون نمبر لے لیا۔ کچھ باھر دروازے تک ھمیں چھوڑنے آئیں۔
اس دن مجھے اپنی پسند پر فخر ھوا ، کہ خوبصورت دل بیوی اللہ تعالی کی کتنی بڑی نعمت ھے۔