قبروں سے دال چاول چننے والا بابا
قبروں سے دال چاول چننے والا بابا
ہر سال محرم الحرام میں مجھ پر تین طرح کے غم غالب رہتے ہیں۔
جب بھی محرم الحرام کا آغاز ہوتا ہے، دل گویا غموں کا نگر بن جاتا ہے۔
پہلا غم: خلیفۃ المسلمین، سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کی شہادت کا ہوتا ہے۔
دوسرا غم: ایّام گزرتے ہیں تو نواسۂ رسول ﷺ، سیدنا حسین ابن علی رضی اللہ عنہما اور ان کے جانثار ساتھیوں کی المناک شہادت کا صدمہ تڑپانے لگتا ہے۔
تیسرا غم: ایک منظر ہے جو گزشتہ تین برسوں سے دل میں کانٹے کی طرح کھٹکتا ہے۔ ایک ایسا واقعہ جو مجھے اندر سے چیر ڈالتا ہے، نیند کو کوسوں دور لے جاتا ہے، بےچینی بڑھاتا ہے۔
یہ واقعہ کچھ یوں ہے:
آج سے تین سال قبل، محرم الحرام کی گیارہ تاریخ تھی۔
حسبِ معمول، نمازِ فجر کے بعد قبرستان چلا گیا۔
قبریں مختلف رنگوں میں رنگی ہوئی تھیں، ہر طرف صفائی کا اہتمام تھا، مگر پورا قبرستان سنسان اور خاموش تھا۔
جب میں قبرستان کی وسطی راہ گزر سے گزر رہا تھا، تو ایک بزرگ نظر آئے، جو دو قبروں کے بیچ کپڑے سے صفائی کر رہے تھے۔
پہلے پہل یہی سمجھا کہ شاید وہ محبت میں اپنے کسی عزیز کی قبر صاف کر رہے ہوں گے۔
مگر جب میں تھوڑی دیر بعد واپس لوٹا تو دیکھا وہ بزرگ اب کچھ اور قبروں کی صفائی کر رہے تھے۔
میں ان کے قریب پہنچا تو پہچان گیا: وہ ایک سابق دیہاڑی دار مزدور تھے، جو ماضی میں ہمارے گھر کام کر چکے تھے۔
ابھی میں سلام کرتا، کہ میری نظر ان کے لرزتے ہاتھوں پر پڑی۔
وہ قبروں پر پھینکی گئی دال اور چاول اکٹھے کر رہے تھے، اور آہستہ آہستہ شاپر میں ڈال رہے تھے۔
یہ منظر دیکھ کر میرا دل کانپ گیا، آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا۔
میں وہیں قریب پڑی سیمنٹ کی سلیب پر بیٹھ گیا، دل شدتِ غم سے بوجھل ہوگیا۔
اللہ اللہ!
وہ ضعیف شخص، جو کبھی ہمارے گھر مزدوری کرتا تھا،
اب قبروں سے دال چاول چن رہا تھا تاکہ اپنی معذور بیٹی اور ضعیف بیوی کے لیے دو وقت کا کچھ بندوبست کر سکے۔
زندوں کے اس پررونق شہر میں، وہ بوڑھا شخص مردوں کے شہر سے رزق چننے پر مجبور تھا!
مجھے اپنے وجود سے شرم آنے لگی، جیب میں پڑے پیسے بوجھ محسوس ہونے لگے،
اپنی خوشحالی مجھ پر گراں گزرنے لگی۔
کافی دیر رونے کے بعد میں نے نلکے کا کھارا پانی پیا، کچھ ہوش بحال ہوا۔
اتنے میں وہ بزرگ اپنا چھوٹا سا تھیلا کندھے پر ڈال کر قبرستان کے گیٹ سے باہر چلے گئے۔
میں نے ایک مخیر دوست سے رابطہ کیا، انہیں سارا حال سنایا۔
الحمدللہ، انہوں نے فوری مدد کی اور بابا جی کی وفات تک ان کی کفالت کی۔
بعد ازاں ان کی بیوہ اور معذور بیٹی اپنے آبائی گاؤں لوٹ گئیں۔
احباب گرامی!
اپنے اردگرد کے چھوٹے چھوٹے اندھیرے محلّوں پر بھی نظر رکھئے۔
کہیں ایسا نہ ہو کہ کوئی بےبس، معذور، ضعیف انسان آپ کی مدد کا منتظر ہو۔
کہیں ایسا نہ ہو کہ زندوں سے بھرے شہر میں کوئی بھوکا، بھوک مٹانے قبرستان جا پہنچے۔
#آج_کی_بات
07 جولاٸ 2025