مال گاڑی میں امانتیں تحریر:مجیداحمدجائی 0301.7472712 الطاف حسن قریشی لکھتے ہیں ”قیام
مال گاڑی میں امانتیں
تحریر:مجیداحمدجائی 0301.7472712
الطاف حسن قریشی لکھتے ہیں ”قیام پاکستان ایک سیاسی حقیقت تھی لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ ایک روحانی تجربہ بھی تھا۔لاکھوں مسلمانوں نے ہجرت کی،جان ومال کی قربانی دی اور خون کے دریا عبور کیے مگر یہ ہجرت ایک تہذیبی،ادارتی اور فکری حیثیت کی حامل تھی۔”مال گاڑی میں امانتیں“اُسی عظیم تجربے کا ایک جان دار عکس ہے۔“
”مال گاڑی میں امانتیں“محمد حنیف بندھانی کی خودنوشت ہے۔محمد حنیف بندھانی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ سندھ ہیں۔یہ کتاب پندرہ جولائی 1947ء سے تیس ستمبر1947ء تک کے دل گداز واقعات لیے ہوئے ہے۔یہ کتاب پڑھتے ہوئے محمد حنیف بندھانی کے والد کے لیے داد تحسین کے کلمات نکلتے ہیں۔مشکل حالات میں کس طرح جان فشانی کے ساتھ سرکاری لوگوں کی امانتیں ان تک پہنچائیں،لیکن جو سلوک ان کے ساتھ روا رکھا گیا۔یہ الگ الم ناک اور دل خراش کہانی ہے۔
”مال گاڑی میں امانتیں“آپ بیتی ہے اورمیں ہمیشہ سے خود نوشت پڑھنے کا شوقین رہا ہوں۔ایسی کتب سے بزرگوں کے حالات ِزندگی،مشاہدات و تجربات سے سیکھنے کو ملتا ہے۔ان کی زندگیوں کے نشیب و فراز جاننے کے بعد ہم اپنی مستقبل کی زندگی کے بارے میں اچھے اچھے فیصلہ کرکے ثابت قدمی سے بڑھنے لگتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میرے مطالعے میں اولیت خود نوشت کو رہی ہے۔
”مال گاڑی میں امانتیں“پڑھتے ہوئے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ تقسیم ہند کے محرکات کیا تھے۔ہم نے تو اپنوں سے آزادی لی ہے۔وہ اپنے جن کے ساتھ ہمارے زندگی کے شب وروز گزرے تھے۔سوال سر اٹھانے لگتے ہیں کہ کیا ہم پہلے آزاد تھے یا اب آزاد ہیں؟آزادی ہم نے کس سے لی؟۔ہجرت کی کہانیاں،افسانے،ناولز پڑھیں یا خود نوشت،کلیجہ منھ کو آتا ہے۔آنکھیں برسنے لگتی ہیں۔صدیوں ایک ساتھ رہنے والے ایک دوسرے کو ذبح کرنے لگے۔کیوں؟کس لیے؟ان سوالوں کے جوابات تو شاید ہر گزرتے لمحے کے ساتھ بدلتے ملیں گے لیکن ہم ”مال گاڑی میں امانتیں“کی بات کرتے ہیں۔
”مال گاڑی میں امانتیں“محمد حنیف بندھانی،اپنے بچپن اور اپنے والد کے ساتھ گزرے لمحوں کو یاد کرتے ہیں۔آپ کے والد گرامی چودھری محمد اسمعیل دلیر اور نڈر انسان تھے۔محمد حنیف بندھانی نے دستاویزات کو سنبھلے رکھا اور یوں ادب کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے زندہ جاوید کردیا۔الطاف حسن قریشی اس حوالے سے لکھتے ہیں:
”تاریخ ہمیشہ تلوار،تاج اور تخت کے گرد گھومتی رہی ہے۔بڑے بڑے نام،فتوحات،معاہدے اور انقلابات ہمارے حافظے کا حصہ بنے مگراصل تاریخ اکثر ان گم نام کرداروں کے اردگرد پروان چڑھتی ہے جو زمین کی خاموش رگوں میں خون کی طرح رواں رہتے ہیں۔انھی خاموش کرداروں میں سے ایک نام ”چودھری محمد اسمعیل“کا ہے جن کی بے مثال قربانی،فرض شناسی اور دیانت داری کو محمد حنیف بندھانی نے اپنی کتاب”مال گاڑی میں امانتیں“میں زندہ جاوید بنا دیا ہے۔یہ کتاب ایک زندہ جاوید فرد کی سوانح ہونے سے زیادہ ہجرت،تعمیر ِوطن اور قومی وقار کے مظاہر کی ایسی داستان ہے جس سے آج کی نسل بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔اس کتاب میں مصنف نے اپنے والد محترم کے تجربات،قربانیوں اور مشاہدات کو صرف ایک ذاتی خراج ِعقیدت کی صورت میں بیان نہیں کیا بلکہ انھیں پورے برصغیر کی تاریخ،قیام پاکستان کے پس منظر اور ایک نئی مملکت کے ابتدائی سماجی اور انتظامی سانچوں سے جوڑ دیا ہے۔
”مال گاڑی میں امانتیں“کتاب میں ہمیں انسان دوستی کا درس بھی ملتا ہے کہ کس طرح ایک انگریز وائسرئے ہند ایک عام ملازم کی تیمارداری،دواکی فراہمی اور مسلسل نگرانی کراتے ہیں۔اِسی طرح ہم ایک ہندو”رام سر ندرداس“کو نہیں بھول سکتے ہیں جنھوں نے دوستی کا حق ادا کر دکھایا۔یہ واقعات اس حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ تقسیم ہند سے قبل برصغیر میں مذہب سے بالاتر ہو کر انسانی رشتوں کو اہمیت دی جاتی تھی۔یہ وہ سبق ہے جو آج کی نفرت انگیز سیاست اور گہری سماجی تفریق کے دور میں ازحد ضروری ہے۔یہ بھی حقیقت ہے کہ یہ کتاب محض ماضی کا نوحہ نہیں بلکہ مستقبل کے لیے ایک اخلاقی رہنمائی ہے۔جو قومیں اپنے خاموش ہیروز کو یاد رکھتی ہیں،وہی تاریخ میں زندہ رہتی ہیں۔
”مال گاڑی میں امانتیں“مصنف محمد حنیف بندھانی کے جذبات بھی ہیں اور حالات بھی۔اس کے علاوہ تصاویر بھی الگ کہانیاں سناتی ہیں۔دستاویزات کے عکس بھی دئیے گئے ہیں۔اس کتاب کی تیاری میں ”محمود شام صاحب“کا بڑا بلکہ پورا ہاتھ ہے۔کیوں کہ اس کتاب کے منظر عام پر آنے کے محرک وہی ہیں۔محمد حنیف بندھانی لکھتے ہیں:”یہ کتاب کبھی منظر عام پر نہ آتی اگر ہجرت اور تقسیم ہند کے معاملات پر جناب محمود شام کا کالم ”جنگ“میں،میں نے نہ پڑھا ہوتا۔میں نے سوچا کہ اباّحضور کے ٹھیکے کے سلسلے میں جن دستاویزات کو میں اب تک سنبھالتا آرہا ہوں ان کے بارے میں صائب مشورہ یہ صاحب ہی دے سکتے ہیں۔ان کے کہنے پر میں یہ کاغذات ان کے پاس لے گیا۔ان دستاویزات کو دیکھ کر ان کی آنکھوں میں جو روشنی میں نے دیکھی۔میں حیرت زدہ رہ گیا۔سب سے پہلے تو انھوں نے ان بوسیدہ کاغذات کو محفوظ کروایا۔پھر ان کو ترتیب دیا۔مجھے ایک ولولہ تازہ دیا کہ میں بھی اپنی یاداشتیں قلم بند کروں یوں یہ ایک تاریخی کتاب وجود میں آگئی۔“
”مال گاڑی میں امانتیں“ایک طرف تاریخی دستاویزات کی روداد سناتی ہے تو دوسری طرف اپنوں کے منھ پھیرنے کے نوحے بھی سناتی ہے۔کہیں جذبہ ایمانی تو کہیں حب ِوطن کی داستان سناتی ہے۔کہیں بیٹے کی فرمان برداری توکہیں پاکستان بننے کے بعد افسر شاہی کے قصے سناتی ہے۔یہ کتاب سچائیوں کا بیانیہ ہے۔جس کو سادہ اسلوب میں بیان کیا گیا ہے۔پڑھتے ہوئے آنکھیں نم ہوتی ہیں تو دل رنجیدہ ہوتا ہے۔آنکھوں کے سامنے اپنوں کی لاشیں دیکھنا،جذبات و احساسات کا قتل،بدلتے وقت کے ساتھ بدلتے رویوں کا دُکھ،کیا کچھ نہیں اس کتاب میں۔
”مال گاڑی میں امانتیں“کتاب کی تیاری میں جن احباب کا حصہ ہے سب کا شکر گزار ہوں اور سلام پیش کرتا ہوں چاہے وہ مصنف محمد حنیف بندھانی ہوں یا محرک جناب محمود شام یاپھر ناشر علامہ عبدالستار عاصم صاحب۔سب نے اپنا پورا پورا حق ادا کیا ہے۔سب کے لیے پورے دل سے دعائیں ہیں۔علامہ عبدالستار عاصم کا ہمیشہ مقروض رہوں گا۔اس انسان دوست،کتاب دوست انسان نے ہزاروں شاید لاکھوں لوگوں کو کتاب سے جوڑ رکھا ہے۔اس کتاب کے حوالے سے لکھتے ہیں:
”یہ کتاب دراصل صرف ایک شخص کی قربانیوں کا اعتراف نہیں بلکہ ریاست اور اس کے اداروں کی اولین شکل کا تجزیہ بھی ہے۔یہ پاکستان کی ابتدائی تاریخ کا ایک ان مول باب ہے جو بتاتا ہے دیانت،اُصول پسندی اور قومی خدمت کا جذبہ رکھنے والے افراد کس قدر نظر انداز کیے گئے۔”مال گاڑی میں امانتیں“دراصل ان سچائیوں کا بیانیہ ہے جو ہماری درسی کتب،سرکاری بیانات اور قومی تاریخ سے کٹ چکی ہیں۔مصنف محمد حنیف بندھانی نے نہایت باریک بینی،جذباتی سچائی اور تاریخی احتیاط کے ساتھ اس داستان کو قلم بند کیا ہے۔ان کا یہ کام نہ صرف والد کے لیے ایک خراج ِ عقیدت ہے بلکہ ایک نسل کو آئنہ دکھانے کی جرات مندانہ کوشش بھی ہے۔“
”مال گاڑی میں امانتیں“کا اسلوب سادہ اور رواں ہے۔عوام وخواص کو اس سے مستفید ہونا چاہیے۔محمد حنیف بندھانی آپ کا بہت شکریہ آپ نے یہ دستاویزات سنبھالے رکھیں اور ہم تک پہنچائیں۔