November 16, 2026

*بلاعنوان* میں آجکل ریٹاٸرڈ فوجیوں کے مساٸل اور دکھڑوں میں مکمل پھنس چکا ہوں

IMG-20250702-WA0132

*بلاعنوان*
میں آجکل ریٹاٸرڈ فوجیوں کے مساٸل اور دکھڑوں میں مکمل پھنس چکا ہوں ۔ دل چاہتا ہے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو ایک التجاٸی خط لکھوں کہ قومی سطح پر ریٹاٸرڈ فوجیوں کیلیے بھی ایک دربار منعقد کریں اور انکے دُکھ اور مساٸل خود سنیں ۔ ملک و قوم پر قربان ہونے والے شہیدوں کی بیواٶں اور یتیموں کی آہ زاریاں سنیں ۔ کلیجہ مونہہ کو آتا ہے ۔
ریٹاٸرمنٹ کے بعد نہ انکے لیے کوٸی روزگار ہے نہ اتنی پینشن ملتی ہے کہ عزت سے اپنے بچے پال سکیں ۔ انہیں پڑھا سکیں یا انکی شادیاں کرسکیں ۔
سول سوساٸٹی کو اندازہ ہی نہیں کہ 38-40 سال کی عمر میں چھوٹے رینکس کے سارے فوجی معمولی پینشن دیکر ریٹاٸر کر دیٸے جاتے ہیں تاکہ ملک و قوم پر شہید ہونے کو نٸے خون کے لٸے جگہ خالی ہو سکے ۔ پھر یہ غازی پیٹ پالنے کو سیکیورٹی گارڈ ۔ چوکیدار کی نوکری یا بازار میں مزدوری ڈھونڈھ رہے ہوتے ہیں ۔ کاش میں اس پر کوٸی ڈاکومنٹری بنا کر قوم کو دکھا سکتا ۔
دو تین پہلے سندھ کے ایک گاٶں کے رہنے والے ریٹاٸرڈ ناٸیک کی بیٹی کا واٹس ایپ پر میسیج آیا کہ انکل سنا ہے آپ ریٹاٸرڈ فوجیوں کیلیے کام کرتے ہیں کیا آپ سے کال پر بات ہوسکتی ہے ۔ میں نے فوراََ اسے کال کرلی ۔ وہ روتے ہوٸے بات کر رہی تھی ۔ بتایا کہ گاٶں میں ہمارے گھر کی چھت گر گٸی ہے ۔ ابو بہت بیمار رہتے ہیں ۔ ہمارا کوٸی بھاٸی نہیں ہے ۔ ہم دو بہنیں اپنے ابو کو لیکر اپنی بڑی بہن اور بہنوٸی کے پاس کراچی آگٸے ہیں ۔ بہنوٸی مزدوری کرتا ہے ۔ ابو کی پینشن 17000 روپے ہے ۔ بہت مشکل ہے گزارہ کرنا ۔ میں انٹر پاس ہوں ۔ کوٸی نوکری دلوا دیں ۔ آپکا احسان ہوگا ۔
میں نے کہا بٹیا رونا بند کرو کچھ کرتے ہیں ۔ *وہ مزید رونے لگی کہ انکل آپ نے مجھے بٹیا کہا میں تو بات کرنے سے ڈر رہی تھی* ۔ فوج کے بڑے افسر ہم جیسے غریبوں کے مساٸل کیوں نہیں سنتے ۔

کراچی کے لوگ بہت بھلے ہیں کہ ضرورتمندوں کیلیے میری ایک آواز پر مہربانی کرتے ہیں ۔ دو دوستوں نے بچی کو بلایا ہے اور انشاللہ بچی کو محرم کی چھٹیوں سے پہلے ہی نوکری مل جاٸیگی ۔
کاش صاحب اختیار افسروں یا صاحب حیثیت لوگوں کو کسی ریٹاٸرڈ بیمار ناٸیک کی پریشان بیٹی کا میسیج ملے یا کال سننے کی توفیق ہو اور پتہ چلے کہ ملک و قوم کے اصل محافظ ریٹاٸرمنٹ کے بعد کیسی مشکل زندگی سے دوچار ہیں ۔

*برگیڈیربشیرآرائیں* (ریٹاٸرڈ)