فضول لاف زنی
فضول لاف زنی
گزشتہ دو دنوں سے صدر ٹرمپ غزہ میں امن کامژدہ سنارہے ہیں، آج بھی اپنے بیضوی دفتر میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “اگلے ہفتے تک غزہ میں جنگ بندی ہوجائے گی”
تاہم اس کی جو شرائط بیان کی جارہی ہیں ان کا ذکر ہم پہلے کر چکے ہیں، مزاحمت کاروں کیلئے ‘ہتھیار ڈالنے’ کا لفظ ہی ناقابل قبول ہے، کجا کہ وہ اس کو قبول کریں، خبر ہے کہ نیتن یاہو اور وزیر تزویراتی امور ران ڈرمر اسی موضوع پر بات کرنے واشنگٹن جارہے ہیں، ان پھرتیوں اور چلت پھرت کے عوامل پر کچھ کہنا مشکل ہے، لیکن ہمیں اہلِ غزہ کے لئے راحت کا فی الحال کوئی سامان نظر نہیں آتا۔
آج گفتگو کے دوران حسب عادت امریکی صدر نے اہل غزہ پر احسان بھی جتایا کہ “ہم ان کی کی مدد کے لئے کھانے پینے پر بڑی رقم خرچ کررہے ہیں” فرعون نے بھی حضرت موسٰیؑ کو طعنہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘کیاہم نے تجھے پالا نہیں تھا؟” تو اللہ کے اعلیٰ ظرف نبی نے فرمایا “اس لئے کہ تو نے میری قوم کو غلام بنایا ہوا تھا (ورنہ محنت کش والدین کیلئے میری کفالت مشکل نہ تھی)”
صدر صاحب! اہل غزہ نہ بھیک منگے ہیں، نہ آپ کی مدد کے محتاج؛ اپنے لاڈلے سے کہیں کہ فوج ہٹا کر محاصرہ ختم کردے، غزہ کے جفاکش زمین کا سینہ چیر کر اللہ کی مہربانی سے تین و زیتون اور غلہ و فواکہات کے انبار لگادیں گے۔
مسعود ابدالی