November 16, 2026

کیاایران افزودہ یورنیم سےدستبردارہورہاہے؟ تحریر:اللہ نوازخان

20250624_162929

تحریر:اللہ نوازخان
allahnawazk012@gmail.com
کیاایران افزودہ یورنیم سےدستبردارہورہاہے؟
ایران اور اسرائیل جنگ کا خاتمہ ہو چکا ہے۔اس جنگ کافاتح ایران نہ بھی ہو تو پھر بھی اس کی مضبوطی ظاہر ہوگئی ہے۔بڑی طاقتوں سے ٹکرانا،بہت ہی مشکل امر تھا لیکن ایران نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔جنگ سے قبل امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات جاری تھے۔جوہری مذاکرات کے دوران جنگ چھڑ گئی،یوں مذاکرات کی اہمیت ہی ختم ہو گئی۔اطلاعات کے مطابق ایران یورنیم کو اس حد تک افزودہ کر چکا تھا کہ ایٹمی ہتھیارتیار کیے جا سکیں۔امریکہ نےبھی جنگ کے دوران ایٹمی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا لیکن یورنیم کے ذخیرے کو تباہ نہ کیا جا سکا۔ایران کی طرف سے دعوی کیا گیا کہ یورنیم کے ذخائر محفوظ ہیں۔اگر ایران واقعی یورنیم کےذخائر محفوظ کر چکا ہے تودعوی کیا جا سکتا ہے کہ ایران محفوظ ہے۔اب کیا ایران یورنیم کے ذخائر کوامریکہ یا کسی دوسری ریاست کےحوالے کرنے پر تیار ہو چکا ہے؟یہ سوال اس انٹرویو کی وجہ سےاٹھ رہا ہے جو اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نےمشہورویب سائٹ المانیٹر کو دیا۔امیر سعید ایروانی نے کہا کہ اگر امریکہ کے ساتھ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو ایران اپنے 60 فیصد اور 20 فیصد افزودہ یورنیم کے ذخائر کسی دوسرےملک منتقل کرنے پرآمادہ ہو سکتا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے ایران کے توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت دینے کی بات بھی کی۔تاہم انہوں نے تمام اقدامات کو معاہدے سے مشروط قرار دیا ہے۔امیرسعید نےایک اورمتبادل آپشن کے امکان کا بھی ذکر کیا ہے کہ ایران کے اندر ہی یورنیم کو بین الاقوامی ایٹمی تونائی ایجنسی(IAEA)کی نگرانی میں محفوظ کیا جا سکتا ہے،بشرط کے مذاکرات میں پیش رفت ہو۔ایروانی نےیہ بات زور دے کر کہی کہ ایران اپنے میزائل پروگرام یااندرونی افزودگی پر کسی بھی قسم کی پابندیاں قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ایروانی نے یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ امریکہ کے ساتھ ممکنہ معاہدے میں یہ ضروری ہے کہ ایران کے بطور این پی ٹی(جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے معاہدے)کے ذمہ دار رکن کی حیثیت سےحقوق تسلیم کیے جائیں۔اگر ایران افزودہ یورنیم امریکہ یا کسی دوسرے ملک کے حوالے کرتا ہے توآسانی سے علم ہو جائے گا کہ ایران بہت کچھ کھو چکا ہے۔ایروانی نے جس طرح بات چیت کی ہےکہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ہوتے ہیں تو افزودہ یورنیم کسی دوسرے ملک کے بھی حوالے کی جا سکتی ہے،اس سے علم ہوتا ہے کہ ایران سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار ہو گیا ہے۔اگرآئی اے ای اےکی نگرانی میں بھی افزودہ یورنیم کے ذخائر دے دیے جاتے ہیں تو پھر بھی ایران کی کمزوری ظاہر ہوگی۔یہ بھی ممکن ہے کہ ایران مزید ڈٹا رہے اور بہتر وقت کا انتظار کرے۔اس وقت ایران کڑے وقت سے گزر رہا ہےاور انتہائی مشکلات میں پھنسا ہوا ہے۔ممکن ہے پیچیدگیوں سے نکلنے کے لیے امریکی شرائط تسلیم کر لی جائیں۔بہرحال اس بات کا بھی امکان ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مستقبل قریب میں مذاکرات ہوں گے۔
کچھ رپورٹس مل رہی ہیں کہ ایران پر پابندیوں کے سلسلے میں نرمی کی جا رہی ہےاور اجازت دی جا رہی ہے کہ کچھ ممالک کے ساتھ ایران تیل سمیت دیگراشیا کی تجارت کر سکتا ہے۔ایران اگر معاشی حالت مضبوط کر لیتا ہے توامریکہ سمیت کئی قوتوں کے لیے خطرہ بن جائے گا،اسی لیے امریکہ سمیت کئی ممالک نہیں چاہیں گے کہ ایران معاشی طور پر مضبوط بنے۔اب اگر ایران کے پاس افزودہ یورنیم موجود ہےتوامریکہ ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ ایران کے پاس افزودہ یورنیم نہ رہے۔ایک اور اطلاع بھی پھیلی ہوئی ہےکہ امریکی حملوں کے بعد دس ایٹمی ہتھیار بنانے کے قابل ایران کی چارسو کلوگرام افزودہ یورنیم لاپتہ ہو گئی ہے۔یورنیم اگر 90 فیصد افزودہ ہو جائےتو اس سے ایٹمی ہتھیار بنائے جا سکتے ہیں۔آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسری نے کہا ہے کہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ ایران نے 60 فیصد افزودہ یورنیم کا ذخیرہ کہاں چھپا رکھا ہے۔علاوہ ازیں نو ہزار کلو گرام افزودہ یورنیم کا ایران کے پاس موجود ہونے کا بھی دعوی کیا گیا تھا۔افزودہ یورنیم کا اتنا بڑا ذخیرہ کوئی معمولی بات نہیں۔اس بات کا بھی امکان ہے کہ ایران مشکلات سے نکلنے کے لیےافزودہ یورنیم اعلانیہ یا خفیہ طور پر فروخت کر سکتا ہے۔ایران کی طرف سےہمیشہ یہ کہا گیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مثبت مقاصد کے لیے ہے۔اب امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کب ہوتے ہیں کچھ نہیں کہا جا سکتا،لیکن اس بات کاامکان ہے کہ مذاکرات ہوں گے۔دونوں فریق مجبورا مذاکرات کریں گے تاکہ کوئی حل نکل سکے۔بہتر یہی ہے کہ بہترین حل نکلے ورنہ حالات بہت ہی خراب ہو جائیں گے۔
ایران اس بات سے خوفزدہ بھی ہوگا کہ اگر امریکی شرائط کو تسلیم کر لیا گیاتو مستقبل میں امریکہ یا کوئی اور ریاست ایران پر حملہ کر سکتی ہے۔موجودہ دور میں ایٹمی توانائی کسی ملک کی سلامتی کے لیے ضروری ہے،کیونکہ کم وقت میں یہ زیادہ نتائج دیتی ہے۔ایران کو اس وقت سرمایہ کی بھی شدید ضرورت ہے۔ایک یہ اطلاع بھی پھیلی ہوئی ہے کہ ایران کویورنیم کےبدلے 30 ارب ڈالر کی پیشکش بھی ہوئی ہے،لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاس خبر کو جھوٹی(Fake)قرار دیاہے۔اس بات کا امکان ہے کہ مستقبل میں ایران کواربوں ڈالر یادیگرمفادات کی پیشکش ہواور ایران قبول کر لے۔یہ بھی نہیں کہاجاسکتا کہ قبول کرے گا،ہو سکتا ہے ایران ہر قسم کی ڈیل کو قبول کرنے سے انکار کر دے،اس طرح مستقبل میں ایران پر مزید حملے ہو سکتے ہیں۔ایران اگرحقیقتا یورنیم اتنی افزودہ کر چکا ہے کہ ایٹمی ہتھیار بنائے جا سکتے ہیں توایران ایٹمی ہتھیاروں کابھی استعمال کرے گا۔ایران افزودہ یورنیم سے دستبردار ہوتا ہے یا نہیں،ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ اب بھی بہت کچھ اسرار کے پردوں میں چھپا ہوا ہے۔جوہری توانائی دیگر مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوتی ہےاور مثبت مقاصد کےلیے استعمال کرنے کا حق ہر ایک کو حاصل ہے۔یہ بھی درست ہے کہ جوہری توانائی کا پھیلاؤ کم سے کم ہو تاکہ زیادہ نقصان سے محفوظ رہاجاسکے۔