اوکاڑہ،،، بیورو چیف جاوید راہی اوکاڑہ یونیورسٹی اور زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ 43ویں بین الاقوامی کانگریس آف زوالوجی کی تین روزہ
اوکاڑہ،،، بیورو چیف جاوید راہی
اوکاڑہ یونیورسٹی اور زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ 43ویں بین الاقوامی کانگریس آف زوالوجی کی تین روزہ تقریبات ایک بصیرت افروز اختتامی نشست کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کی۔
یہ علمی اجتماع دنیا بھر سے آئے ہوئے محققین، ماہرینِ حیوانیات اور اساتذہ کو ایک پلیٹ فارم پر لے آیا۔ کانگریس میں 200 سے زائد محققین نے حیوانیات اور اس سے متعلق مختلف سائنسی شعبہ جات پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔
اس موقع پر زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اے آر شکوری، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالعزیز خان، اوکاڑہ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد، جامعہ پنجاب کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ، بابا گورونانک یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل اور یونیورسٹی آف سکردو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعیم طارق نے اپنی تقاریر میں نوجوان محققین کو زوالوجی کے جدید رجحانات، تحقیقاتی امکانات اور اختراعی رویوں پر روشنی ڈالی۔
اپنے اختتامی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کانگریس کو تحقیق اور اختراعات کا قیمتی ذریعہ قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس جیسے علمی فورمز نئی سوچ اور قابلِ عمل تحقیق کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا، “ایسے علمی اجتماعات محققین کو باہمی روابط، شراکت داری اور اشتراکِ عمل کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔”
پروفیسر شکوری نے ملک بھر سے شرکت کے لیے آنے والے شرکاء کو خراجِ تحسین پیش کیا، خصوصاً شدید موسمی حالات کے باوجود ان کی علمی وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کی تاریخ اور اہم کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے طلبہ کو عزم، اعتماد اور محنت سے اپنے اہداف حاصل کرنے کی تلقین کی۔
کانگریس کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محققین میں میڈلز، شیلڈز، اسناد اور مالی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔