درحقیقت خالد نجیب خان
درحقیقت
خالد نجیب خان
khalednajeebkhan@gmail.com
غباروں میں ہوا بھری جا رہی ہے ؟؟
جب خبر آئی ہے کہ صدر ٹرمپ کو امن کے نوبل پرائز کے لئے نامزد کردیا ہے تو کسی نے تبصرہ کیا کہ وہ امریکی صدر ہے، کاروباری ہے،ڈبلیو ڈبلیو ایف سے تعلق رکھنے والا ہے ،وہ کسی بھی عہدے کے لئے نامزد ہو سکتا ہے ،کچھ لوگوں کو تو تکلیف اس لئے ہے کہ اسے پاکستان نے نامزد کیا ہے ۔
حقیقت یہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ شروع سے ہی متنازعہ شخصیت ہیں ۔
جب سے انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے دنیا بھر میں کہیں جنگیں شروع ہو رہی ہیں تو کہیں اعلان جنگ بندی ہو رہا ہے حالانکہ ٹرمپ صاحب نے تو حلف اٹھانے سے پہلے بلکہ اپنی انتخابی مہم کے دوران ہی یہ کہا تھا ” سب سے پہلے امریکہ” یعنی امریکہ اب کسی دوسرے ملک میں مداخلت نہیں کرے گا ۔گویا جو ہونا تھا وہ ہو چکا، اب مزید جنگیں نہیں ہوں گی۔ پوری دنیا حیران تھی کہ امریکہ اب اگر تیسری دنیا کے ممالک کے معاملات میں ٹانگ نہیں اڑائے گا تو پھر کیا کرے گا؟
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر امریکی عوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے عوام بھی بہت خوش تھے اور امریکیوں نے تواس دعوے سے متاثر ہو کر انہیں صدر منتخب بھی کیا۔
جس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب کیا جارہا تھا ،اس وقت غزہ میں تازہ ترین اسرائیلی مظالم کو شروع ہوئے ایک سال سے زیادہ عرصہ بیت چکا تھا۔اہل غزہ اپنے بل بوتے پر مزاحمت جاری رکھے ہوئے تھے جس کے جواب میں اسرائیل فلسطین میں نسل کشی میں مصروف تھا اور اس دوران میں نصف لاکھ سے زیادہ بے گناہ مسلمان بچے، خواتین، نوجوان اور بزرگ شہید کئے جا چکے تھے۔ اس وقت تک پورے غزہ میں کوئی ایک خاندان بھی ایسا نہیں تھا جس کا کوئی نہ کوئی فرد اس مزاحمت کے دوران شہید نہ ہوا ہو۔
اپنے دعوے کے پیش نظر تو ٹرمپ صاحب کو چاہیے تھا کہ وہ اسرائیل سے کہتے کہ چونکہ اب میں دنیا میں امن قائم کرنا چاہتا ہوں ،اس لیے تم فلسطین کے وہ تمام علاقے خالی کر دو جن پر تم نے گزشتہ سالوں میں قبضہ کیاہے تاکہ اہل غزہ سکون سے زندگی بسر کر سکیں۔گویا اہل غزہ کو کوئی مزاحمتی کاروائی کرنا ہی نہ پڑے اور جنگ کی صورتحال بھی ختم ہو جائے مگر ایسا نہیں ہوا۔ امریکی صدر کے حلف اٹھانے سے صرف ایک دن پہلے اہل غزہ اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہواتو اس پر مسلم دنیا میں خوشی کی لہر پھیل گئی۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ ٹرمپ صاحب نے عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی اتنا بڑا کام کر دیا ہے تو بعد میں کیا کچھ نہیں کریں گے۔
عہدہ سنبھالنے کے کچھ ہی دنوں کے بعد روس اور یوکرین کی جنگ کا موضوع زیر بحث ایا تو صدر ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی سے کہا” دیکھو مسٹر! اب روس کے ساتھ اگر جنگ جاری رکھنی ہے تو اپنے بل بوتے پر لڑنا امریکہ اب تمہاری کوئی مدد نہیں کرے گا ۔دوسری طرف روسی صدر ولادی میر پوٹن سے بھی ایسے خوشگوار موڈ میں ملاقات کی کہ جیسے امریکہ کی طرف سے روس کے لئے کوئی غلط بات کبھی ہوئی ہی نہیں تھی۔ یوکرین کے صدر اور صدر ٹرمپ کی ملاقاتوں اور ہدایات پر تبصرے ابھی دانشوروں کی زبان اور صحافیوں کی نوک قلم پر ہی تھے کہ اسرائیل نے امریکہ کی ہدایت پر کیا ہواغزہ امن معاہدہ توڑ دیا اور اہل غزہ پر ایسی بمباری کی کہ ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں تھی۔ دنیا حیران تھی کہ اسرائیل غزہ کے کھنڈرات پر کیوں حملہ کر رہا ہے؟ مستزاد یہ کہ ٹرمپ صاحب نے اہل غزہ سے “اظہار ہمدردی” کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ علاقہ کو خالی کر کے دوسرے علاقوں میں چلے جائیں. گویا امن قائم کرنے کے لیے یہ ضروری تھا کہ اہل غزہ وہ بات مان لیں جس کے لیے وہ گزشتہ کئی سالوں سے مزاحمت کر رہے ہیں ۔ٹرمپ کی ہدایت نہ ماننے پر اہل غزہ کا حقیقتاً ناطقہ بند کر دیا گیا۔غزہ میں غذائی قلت کا یہ عالم ہو گیا تھا کہ دودھ انڈے اور گوشت تو دور کی بات ،اٹا سبزی اور دالیں تک نہ پید ہوچکی تھیں،اگر کہیں دستیاب بھی ہوتیں تو اس قدر مہنگی کہ اتنی زیادہ رقم کسی کے پاس تھی ہی نہیں۔
اس دوران میں پاکستان سمیت کئی اسلامی اور غیر اسلامی ممالک میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی تھی۔کئی مسلم ممالک کے عوام پاکستان کی طرف پرامید نظروں سے دیکھ رہے تھے کہ پاکستان ، اسرائیل کو منہ توڑ جواب دے، مگر پاکستان کے ارباب اختیار کسی اور طرف دیکھ رہے تھے, جہاں سے انہیں کوئی اشارہ یا رہنمائی نہیں مل رہی تھی۔ اسی دوران پاکستان کی تمام دینی جماعتوں نے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر اسرائیل کے خلاف جنگ کرنے کا فتوی دے دیا۔ جس سے حکومت پاکستان بہت پریشان تھی کہ وہ کرے تو کیا کرے۔ براہ راست جنگ کرنے کی اجازت مل نہیں رہی تھی اور دینی جماعتیں ہی نہیں عوامی سطح پر بھی یہ سوال اٹھایا جا رہا تھا کہ “ایٹم بم کیا ہم نے شیخ رشید کی بارات پر پھوڑنے کے لیے بنایا تھا” اسی دوران یہ خبریں انے لگیں کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کر دیا ہے۔ پاکستان پر یہ حملہ غیر متوقع نہیں تھا بلکہ پاکستان اس کے لیے مکمل طور پر تیار تھا گولہ باری ،بم، بارود، جہاز، دھماکے، میزائل، آگ کی خبریں جو پہلے غزہ سے ا رہی تھیں ،اب اپنے وطن سے انے لگیں تو کم از کم پاکستانی لوگ تو کچھ دیر کے لیے غزہ کا غم بھول گئے۔ پھر جب پاکستان نے اپریشن بنیان مرصوص شروع کیا تو گویا کایا ہی پلٹ گئی اور بھارت کو وہ سبق ملا جس کا اسے خیال تو نہ تھا مگر وہ مستحق اس ہی کاتھا۔ ایسے میں ٹرمپ صاحب نے انٹری ماری اور اپریشن سندور اور اپریشن بنیان مرصوص کو فوری طور پر بند کرنے کا کہا جسے دونوں ممالک نے قبول کر لیا۔ ابھی بھارت کے تباہ ہونے والے طیاروں کی حتمی گنتی جاری تھی کہ یوکرین نے روس پر فضائی حملے کردئیے جس سے روس کو بڑا نقصان پہنچانے کے دعوے کیے گئے مگر روس کی طرف سے جوابی حملے کے بعد یوکرین بھی سکون سے بیٹھ گیا۔ اس جنگ میں بھی ٹرمپ صاحب کے جنگ بندی کرانے کے دعوے کی گونج سنائی دیتی رہی۔ یہ الگ بات ہے کہ اس کی تصدیق یا تردید کسی بھی طرف سے نہیں ہوئی۔ اس دوران میں پاکستان اور بھارت کے الگ الگ وفود امریکہ اور یورپ میں جا کر اپنا کیس بیان کرتے رہے۔ پاکستانی وفد امریکی صدر سے ملاقات تو نہ کر سکا مگر اس نے کسی نہ کسی طرح اپنا پیغام پہنچا دیا کہ صدر ٹرمپ صاحب بھارت اور پاکستان کے درمیان مصالحت کرا کے اپنا کردار ادا کریں جس پر ہم نے تبصرہ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ کا مصالحت میں کردار دو بلیوں میں کیک کی تقسیم کرنے والے کی طرح کا ہی ہوسکتا ہے جبکہ بھارتی وزیراعظم نے امریکی صدر کی مداخلت قبول کرنے سے صاف انکار کر دیا۔شاید ان کا خیال تھا کہ مصنوعی دانتوں کا حامل ٹرمپ کیک بہت شوق سے کھاتا ہے۔ بہرحال
یہ مصالحت کس طرح، کہاں اور کیوں ہوگی؟ ابھی ان موضوعات پر روشنی ڈالنا باقی تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا جس میں ایران کے چوٹی کے قائدین کے علاوہ ایٹمی سائنسدان بھی شہید کر دیئے گئے ۔ان حملوں سے جو بات کھل کر سامنے ائی وہ یہی تھی کہ ایران کو سب سے زیادہ نقصان ایران میں موجود اسرائیلی جاسوسوں نے پہنچایاہے ۔تاہم ایران نے جب اسرائیل پر جوابی حملے کیے تو اسرائیلی عوام کو وہ تمام مناظر دیکھنے کو ملے جو گزشتہ ڈیڑھ برس سے نہتے اہل غزہ دیکھتے چلے آرہے تھے۔ اسرائیلی عوام اور حکومت دونوں کے لیے یہ صورتحال غیر متوقع تھی ایسے میں جب اس نے امریکہ سے مدد طلب کی تو بادل نخواستہ ایران پر کچھ اس طرح سے حملہ کیا کہ اس کا اپنا ایک جہاز تو تباہ ہو گیا مگر ایران کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ گویا لاٹھی بھی ٹوٹ گئی اور سانپ بھی نہیں مرا۔ ادھر ایران نے ایک چھوٹے سے پڑوسی اسلامی ملک پر اس وجہ سے میزائل فائر کیے کہ اس نے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں انہیں براہ راست مدد فراہم کی تھی مگر اس کے وہ میزائل فضا میں ہی ختم کر دیئے گئے۔ یہ تمام خبریں غیر متوقع ہرگز نہیں تھیں جبکہ غیر متوقع خبر یہ تھی کہ پاکستان کے ارمی چیف جو پہلے سے امریکہ کے دورے پر تھے سے ملاقات کرنے کے لیے صدر ٹرمپ صاحب اپنا کینیڈا کا دورہ مختصر کر کے امریکہ پہنچ گئے اور چند گھنٹوں کے بعد ہی یہ خبر ملی کہ پاکستان نے امریکی صدر ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کر دیا ہے ۔پہلے سے ہی معزز امریکی صدر کو ایک نئے اعزاز کے لیے پاکستان کی طرف سے نامزد کرنے کی خبر شروع کے چند گھنٹے تو” فیک نیوز” ہی لگی مگر معلوم ہوا کہ ایسا سچی مچی ہو چکا ہے. بعض لوگ یہ خیال ظاہر کر رہے ہیں کہ امن کا نوبل پرائز حاصل کرنے کے لیے امریکی صدر نے اسرائیل کو جنگ بندی کا اعلان کرنے کے لیے کہا ہے جبکہ بعض لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ اسرائیل کے پاس اس کے سوا کوئی اپشن ہی نہیں تھا۔ بہرحال اسرائیل اور امریکہ دونوں ہی ایران کے خلاف اپنی جنگ ختم کر چکے ہیں جبکہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ ایران نے اپنی جنگ ختم کی ہے یا نہیں کیونکہ غزہ میں اسرائیل کو جتنی بھی ہزیمت اٹھانا پڑی ہے اس میں ایران کا بڑا ہاتھ ہے یہ ہاتھ قانونی طور پر تو یقینا کسی کو نظر نہیں ایا مگر اس حقیقت سے انکار بھی ممکن نہیں ہے۔ ایسے میں ایران کو اسرائیل کے خلاف جنگ بندی یقینا اس شرط پر ہی کرنی چاہیے کہ اسرائیل فلسطین سے اپنی فوجیں نکال کر 1967ء والی پوزیشن پر لے جائے ورنہ۔۔
دوسری طرف یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ ایران پر امریکی حملہ محض خانہ پری کے لیے اور ایران کا حوصلہ بڑھانے کے لیے کیا گیا ۔
اس وقت صورتحال یہ ہے کہ خطے میں دو اسلامی ممالک اپنے پڑوسی ہنود اور یہود سے جنگ جیت چکے ہیں۔ایسے میں ان دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ صرف اپنی شرائط پر جنگ بندی کریں ناکہ کسی اور طاقت کے اشارے پر۔اگر یہ دونوں ممالک اپنی شرائط کی بجائے کسی اور ملک کے کہنے پر ہی جنگ بندی کرتے ہیں تو یہ گمان کیا جاسکتا ہے کہ دراصل
ان دو اسلامی ممالک کے غباروں میں ہوا بھری جا رہی ہے۔