November 16, 2026

نقشِ صداقت کالم نگار: محمد حنیف شاہد ارائیں ایران کی غیرتِ ایمانی کا اعلان

20250623_215246

نقشِ صداقت
کالم نگار: محمد حنیف شاہد ارائیں

ایران کی غیرتِ ایمانی کا اعلان

اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے جب یہ الفاظ دنیا کے کانوں میں گونجے کہ:
“اللہ تعالیٰ پر توکل اور باایمان، باعزت عوام کے سہارے، ہم اپنی سرزمین، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی بھی حملے کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑیں گے”
تو یہ محض ایک سیاسی اعلان نہیں، بلکہ ایک ایمانی عہد کی گونج تھی۔ یہ الفاظ ایک فوجی ترجمان کے نہیں، بلکہ اس قوم کے تھے جو کربلا سے سبق لے کر جیتی ہے، اور جس کا ہر سپاہی زینبی غیرت کا پہرہ دار ہے۔
ایران کی افواج، خاص طور پر پاسدارانِ انقلاب، اپنی سرزمین کو نہ صرف ایک جغرافیائی حدود کے طور پر دیکھتے ہیں، بلکہ اسے ایک امانتِ ربانی سمجھتے ہیں۔ جس قوم کے راہنما جبینِ نیاز جھکا کر فیصلے کرتے ہوں، اور جس قوم کی ماں بیٹے کو شہادت کے لیے خود رخصت کرے، اُسے کوئی طاقت دبانے کی جسارت کیسے کر سکتی ہے؟
آج جب دنیا کی بڑی بڑی طاقتیں ایک نظریاتی ریاست کے گرد گھیرا تنگ کرنا چاہتی ہیں، تو وہ دراصل اُس ایمان کو چیلنج کر رہی ہیں جو لا الٰہ الا اللہ کی بنیاد پر قائم ہے۔ اور جب چیلنج ایمان کو دیا جائے، تو جواب صرف توپ یا میزائل سے نہیں، بلکہ “حسبنا اللہ و نعم الوکیل” کی صدا سے دیا جاتا ہے۔
ایران کے ترجمان نے جس سادہ مگر پرعزم لہجے میں دشمن کو خبردار کیا ہے، وہ ہمیں سیدنا حسینؓ کی اُس للکار کی یاد دلاتا ہے جب آپؓ نے یزید کی طاغوتی قوتوں کے سامنے سر جھکانے سے انکار کیا تھا۔
ایران کی یہ بات واضح ہے کہ وہ جنگ نہیں چاہتا، مگر اگر اُس پر جنگ مسلط کی گئی تو وہ اپنی غیرتِ ایمانی، عوام کی مزاحمتی روح، اور شہادت کے شوق سے لبریز جذبے کے ساتھ ایسا جواب دے گا کہ تاریخ اسے سنہری حروف میں لکھے گی۔
ہمیں چاہیے کہ بطور مسلمان، امت کے اس حصے کی پشت پر کھڑے ہوں جو غیرت و حمیت کا نشان بن کر ابھرا ہے۔ ایران کی خودداری، اسلامی وقار اور مظلوموں کی حمایت، پوری امتِ مسلمہ کے ضمیر کو جگانے کا سبب بننی چاہیے۔
ایران کا یہ پیغام دشمنوں کو بھی سن لینا چاہیے:
“ہم زمین کے وارث ہیں، کیونکہ ہم ایمان والے ہیں۔ اور اللہ وعدہ کر چکا ہے کہ زمین اُن کے لیے ہے جو تقویٰ پر قائم ہیں۔”
اور اب یہ محض اعلان نہیں رہا، ایران نے جو کہا تھا، وہ کر دکھایا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، ایران نے خطے میں موجود تمام امریکی اڈوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ یہ حملے اس عزم کا عملی اظہار ہیں کہ ایران اپنی سرزمین کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اللہ تعالیٰ ایران، فلسطین، کشمیر، افغانستان اور ہر مظلوم خطے کے مسلمانوں کی حفاظت فرمائے، اور باطل قوتوں کو ذلیل و رسوا کرے۔
محمد حنیف شاہد ارائیں
(نقشِ صداقت میں کندہ ایک صدائے حق)