تحریر : ناظمہ ایاز بھابھی کے ہتک آمیز رویے سے دلبرداشتہ ہو کے وہ کب سے میکے گھر آنا چھوڑ چکی تھی وہاں کون
تحریر : ناظمہ ایاز
بھابھی کے ہتک آمیز رویے سے دلبرداشتہ ہو کے وہ کب سے میکے گھر آنا چھوڑ چکی تھی وہاں کون سا کسی کو کوئی گھاٹا پڑ گیا تھا تبھی تو کبھی بھول کے بھی بلاوا نہیں آیا تھا نہ جیتی مرتی پوچھنے کا فون ۔۔۔ لیکن پرسوں ماں کا فون بھی آیا اور بھائی کا بھی حتی کہ بھابھی نے بھی بڑی محبت سے گلاب جامن والے شیرے میں لتھڑ کے تاکید کی تھی ضرور آجانا ۔۔۔ دیکھو یاد سے آجانا ہم سب بہت اداس ہیں اور بچے بھی ۔۔۔ مل کے کھانا کھائیں گے اور پرانے وقت یاد کریں گے ۔ پرانے وقت دہرانے کے لالچ میں سائرہ نے خوشی خوشی دن بھر کے کام جلدی جلدی نمٹائے لو جی میں ایویں کلس رہی تھی مجھے کون بھول سکتا ہے بھلا کاکے کو گود میں بھرا اور بڑے چاؤ سے چنگچی پہ پچاس روپے کرایہ بھر کے بختے والے محلے میں جا اتری ۔۔ سڑک کنارے ریڑھی والا موٹے موٹے آڑو دو سو روپے کلو بیچ رہا تھا کلو لئے تو پانچ دانے تول میں چڑھے جو ایک ننھی سی شاپری میں پورے آگئے اتنے عرصے بعد میکے آنے پہ یہ بہت کم لگ رہے تھے تو آدھا کلو اور ڈلوا لئے ۔ میکے محلے کے چوڑے سے گلے میں گھس گئی جسکی ٹوٹی پھوٹی گلیاں اسے بے حد عزیز تھیں دن کے گیارہ بجے تھے محنت کشوں کا محلہ تھا زیادہ تر نچلا طبقہ آباد تھا کہیں کہیں صدی بھر پرانے گھر ابھی بھی موجود تھے گھروں کے آگے ٹوٹی پھوٹی تھڑیاں چیخ چیخ کر اپنی بوسیدگی اور خستہ حالی کا اعلان کر رہی تھیں۔ بیشتر مرد اس وقت اپنے کام کاج کی جگہ پر تھے چوڑی گلی ویران سی تھی گلی میں کتے نے اپنائیت بھری بھونک سے اس کا استقبال کیا اسے کتے پہ پیار آگیا ۔۔۔ یہ کتا بچپن سے اسکی گلی میں رہتا تھا کتوں کی اوسط عمر کتنی ہوتی ہوگی چلتے چلتے اس نے ایویں سوچا ۔۔ شائد وہ بھی پہچان گیا تھا اسی لئے بے ضرر سے” بخ ” کے بعد کسلمندی سے دوبارہ اپنی جگہ پہ جا بیٹھا ۔۔ اسے ماں کے گھر کی کنـڈی کھڑکانے کی بے تابی ہونے لگی جیسے اڑ کے پہنچنا چاہتی ہو ۔ موڑ مڑتے ہی گلی کی ایک ذرا سی اونچی اینٹ سے پاؤں اچٹ گیا اگر سنبھل نہ جاتی تو اوندھے منہ گر پڑتی منہ متھا چھل جاتا وفورِ شوق سے قدم کہیں رکھ رہی تھی پڑ کہیں رہے تھے ۔
بس کنڈی کھڑکا کے اندر جانا تھا نہ بھی کھڑکاتی پر اب بھابھی کے دن بدن کھنچے رویے سے جھجھک آڑے آتی تھی دروازہ کھلا ہی تھا اور بریانی کی خوشبو لنڈے کے پردے کی اوٹ سے نکل کے گلی تک پھیل رہی تھی ٹوٹی پھوٹی گلی کی نسبت گھر صاف ستھرا سا تھا پرانا لیکن تازہ چونے کے لیپ نے گھر میں چاندنی سی بکھیر دی تھی اور چند گملوں کے اضافے سے آنگن میں لگا پیڑ اپنی سال خوردگی کے باوجود ہرا بھرا لگ رہا تھا ۔۔ اس نے خوب طویل سانس لی اور اس استقبالیہ خوشبو کو روح میں اترتے محسوس کیا ۔۔ صبح دم ناشتے میں کھائے چائے پاپے کب سے پیٹ کے سمندر میں غرقاب ہو چکے تھے اس کے لبوں پہ مسکراہٹ آگئی ۔۔ شائد بھابھی کی محبت نند کے لئے جاگ گئی ہے اس نے سرشاری سے سوچا بھابھی اسکی بچپن کی سہیلی اور پھوپھی کی بیٹی ہی تھی ۔۔ خاندان بھر میں دونوں کی دوستی مشہور تھی ایک دوسری کی جان سمجھی جاتی تھیں جو چیز افورڈ نہ کر سکتیں مل کے خرید لیتیں حیدرآبادی چوڑیوں کا سیٹ , راجھستانی چنیری کا دوپٹہ , سٹائلو کے سنہری بکل والے سینڈل کشمیری ماتھا پٹی کتنا کچھ تو تھا جو انکا مشترکہ خزانہ تھا املی کے پُڑے ایک ساتھ بیٹھ کے چوستی تھیں انڈین ایکٹریسز کی فلمیں ایک ساتھ دیکھ کے تبصرے کرتیں ایک دوسری کے کپڑے پہن کے خوش ہوتیں مائیں ان پہ چیختی رہتیں آپس میں لڑتیں بھی لیکن ان دونوں کو پروا ہی نہ تھی ماؤں سے چھپ کے آدھے آدھے پیسے ڈال کے ڈائجسٹ خریدتیں اور جھلنگا چاپائی میں دھنس کے ایک ساتھ پڑھتیں کوئی ذو معنی بات لکھی ہوتی تو شرم سے ایک ساتھ لال پڑ جاتیں اور ڈائجسٹ بند کر کے اسی جھلنگا چارپائی پہ غٹ ہو جاتیں ۔ انکی اسی محبت کی وجہ سے وہ اسکی بھابھی بن گئی نصیر اس کا بھائی جسے پھپھی اور اسکی بیٹی اور ان دونوں کی دوستی سبھی کچھ زہر لگتا تھا اور فرزانہ تو اسے ویسے ہی بہت بری لگتی تھی اسے گھر میں دیکھ کے نصیر کی آنکھوں میں خون اتر آتا اسے لگتا اسکی بہن کو بگاڑ رہی ہے پر جب قدرت کے لیکھوں سے فرزانہ اسکی بیوی بن گئی تو اب وہ کالی رات سے سفید اجالا بن گئی اماں نے کھانے کا خرچا بچانے کے لئے نصیر کے ساتھ ہی اسکی رخصتی بھی رکھ لی فرزانہ نے بھابھی بنتے ہی ایسے کینچلی بدلی کہ وہ حیران رہ گئی ۔۔ اگلے دن سے سب کچھ بدل گیا جس نصیر کو اس کا وجود ایک منٹ بھی گھر میں گوارا نہ تھا اب پورے گھر میں خوشبو کی طرح گھومتی اور بھائی کی نظریں اس فرزانہ نامی خوشبو کے تعاقب میں رہتیں ماں بھی اسی کے گن گاتی وہ سوچتی فرزانہ کے پاس کونسا جادو ہے جو دونوں کو مٹھی میں کر لیا ہے ایک میں ہوں شادی کے بعد ماں اور بھائی تو بیگانے ہوئے ہی شوہر بھی اپنا نہ بن سکا ۔۔
اس کے پہنچتے ہی دسترخوان بچھ گیا اس کا شوہر اپنے کام سے چھٹی نہیں کر سکتا تھا ویسے بھی اکھڑ مزاج تھا اس لئے وہ اکیلی ہی چلی آئی تھی پھپھی بھی آئی ہوئی تھی ماں سے پہلے اس نے لپٹا کے پیار کیا ۔۔ آج دستر خوان پہ بڑا خوشگوار ماحول تھا ماں البتہ کچھ چپ چپ تھی کھانے کے بعد بھابھی نے برانڈ کی سیل سے خریدا ہوا اس کے پسندیدہ رنگ کا خوبصورت جوڑا اسکی گود میں ڈالا تو وہ گنگ رہ گئی اتنی مہربانی ۔۔۔اپنے گِھسے ہوئے جوڑے پہ نظر ڈالتے اسے بھابھی پہ پیار ہی آگیا بڑھ کے گلے سے جا لگی ۔۔ بڑی دیر سے جھجھکتے ہوئے ماں نے تول تول کے زبان کھولی میکہ سلامت رہنے کی دعا دی بھائی کی طویل زندگی کی دعا کرنے کی پٹی پڑھائی اور سر پہ پیار بھرا ہاتھ رکھ کے کہا کہ گھر میں اپنا حصہ بھائی کے نام لکھ دو تاکہ ماں سکون سے مر سکے کہ بچے مل جل کے رہ رہے ہیں اور میری بیٹی کا میکہ سلامت ہے ۔ کاٹن کے سفید جوڑے میں ملبوس بھائی نے کھنگورا بھرا اسکے سر پہ ہاتھ رکھا اور اسکی گود میں مٹھائی کا ڈبہ رکھ کے گفتگو میں شامل ہوا ۔۔ دستخط کر دینے سے تمہارا میکہ مضبوط رہے گا اپنا گھر سمجھ کے آتی جاتی رہنا ۔۔۔ کھانے کی دعوت قیمتی جوڑے اور ماں کی نصیحتوں سے اس کی تمام مَشکیں کس کے بھائی نے اشٹام پیپر اسکے آگے رکھ دیا ۔
شادی سے پہلے تھوڑے بہت رسالے پڑھنے سے اپنے حق حقوق سے آشنائی ہو چکی تھی پر ان محبتوں کے آگے جاہ ہی نہیں چلی دستخط کرواتے سمے اسے ماں بہت ظالم لگی کاش ماں اسکی زبان ہوتی پر وہ تو صرف بیٹے کی ماں تھی دل بھر آیا رندھے گلے سے دستخط کرتی گئی دو موٹے آنسو پلکوں کی باڑھ توڑ کے لڑھک گئے جنہیں اس نے چن کے چپکے سے ہتھیلی میں ہی مسل دیا وہ صرف آنسو نہیں تھے پھٹ جاتے تو ایٹم بم بن جاتے ۔ ایک پھپھی تھی جس نے اسے بھینچ کے گلے سے لگا لیا اسے اٹھائیس سال پرانا وقت یاد آگیا یہی صحن تھا یہی پکوان تھا یہی چاہ تھی گود میں بیٹی کاکے جتنی تھی جب اس سے انگوٹھا لگوایا گیا تھا پھر میکہ میکہ نہیں رہا تھا بلکہ ایسا رویہ رکھا گیا تھا کہ پچھلی گلی میں کرائے کے گھر میں رہتی پھپھی کبھی آئی ہی نہ تھی غریبوں کی زندگی میں سکھ تو ویسے بھی نہیں ہوتے جتنے دکھ تھے اکیلی ہی جھیلتی رہی سائرہ تو فرزانی کے پیچھے پھپھی کے گھر آتی جاتی تھی پھپھے نے تمام زندگی بیوی کو طعنے دے دے کے جینا حرام کئے رکھا تھا ۔۔ اسے اب سمجھ لگی پھپھی کیوں لپٹا لپٹا کے پیار کر رہی تھی وہ اٹھائیس سال پہلے اس غم سے آشنا ہوئی تھی جس طبقے سے ان کا تعلق تھا اسے پتا تھا نخلستان تو پہلے بھی نہیں تھی پر اب سائرہ کی اگلی زندگی بے آب و گیاہ دشت میں بدلنے والی تھی ۔