ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر نگرانی فلڈ ایکسرسائز، ریسکیو اداروں کی مؤثر مشق
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر نگرانی فلڈ ایکسرسائز، ریسکیو اداروں کی مؤثر مشق
بہاول نگر () ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر نگرانی فلڈ ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 شرافت علی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
فلڈ ایکسرسائز کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اداروں کی تیاری، باہمی رابطہ اور فوری ردِعمل کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔ مشق کے دوران ریسکیو ٹیموں نے فرضی سیلابی علاقے میں متاثرہ افراد کو نکالنے، طبی امداد فراہم کرنے اور ریلیف کیمپ قائم کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے ایکسرسائز کے دوران کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اداروں کی تیاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قدرتی آفت سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری ناگزیر ہے، اور ایسے عملی مظاہرے ضلعی انتظامیہ کی سنجیدگی کا مظہر ہیں۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فلڈ سیزن کے دوران ہر سطح پر الرٹ رہیں اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔