November 16, 2026

دنیا میں آزمائشیں حقیقت ، وقعت ،مقصدیت سب امتحان ہیں ۔ تحریر ۔۔۔۔۔ ضرار جگوال

IMG-20250620-WA0045

دنیا میں آزمائشیں حقیقت ، وقعت ،مقصدیت سب امتحان ہیں ۔

تحریر ۔۔۔۔۔ ضرار جگوال

یہ دنیا اللہ تعالیٰ کی دنیا ہے۔ اسے اس نے ایک خاص مقصد سے بنایا ہے ۔ اس کی ساخت اور اس کا نظام، دونوں انسان کی آزمایش کے لیے وضع کیے گئے ہیں۔اس لیے اس کے نظام اور ساخت میں ایسی چیزیں رکھ دی گئی ہیں جو ہمارے لیے امتحان کی صورت پیدا کرتی رہتی ہیں۔ اس میں آسانیوں اور مشکلوں کا ایک طویل اور مسلسل سلسلہ رکھ دیا گیا ہے۔ جو دو طرف سے ہمارا امتحان کرتا رہتا ہے۔ دو رخا امتحان عمل اور رد عمل کی جانچ کے لیے ہے۔ مثلاً نعمتیں اس لیے دیں کہ آدمی نعمت پا کر کیا کرتا ہے ۔محروم اس لیے رکھا کہ وہ رد عمل میں کیا کچھ کر گزرتا ہے۔سو یہ امتحان اس لیے رکھا گیا ہے کہ اللہ ہمیں آزمائے کہ اس دنیا میں آ کر ہم کیسا عمل کرتے ہیں ،اچھا کرتے ہیں یا برا۔ اللہ تعالیٰ نے اس دنیا میں موت و حیات کا یہ سلسلہ اسی لیے چلایا ہے، جو شخص اس دنیا کو کسی اور نگاہ سے دیکھے گا، وہ اس میں پریشان رہے گا، کیونکہ اس کے وہ پتے لازماً ہوا دیتے ہیں جن پر وہ تکیہ کرتا ہے۔ اس کی تعمیر استحکام اور رعنائی میں کیسی ہی کیوں نہ ہو اس میں خرابی کی کوئی نہ کوئی صورت ضرور موجود رہے گی لیکن جو شخص اس کی اس حقیقت کو جان لے گا، اس کے لیے یہ ایک فطری معاملہ بن جائے گا۔ جس طرح ہر کام کا ایک نتیجہ ہوتا ہے اسی طرح آزمایش کے لیے بنائی گئی اس دنیا میں خوشیوں کے ساتھ ساتھ مقامات آزمایش بھی ہوں گے ۔ یہ مقصد آزمایش کا لازمی تقاضا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں غم اور خوشی، خوش حالی و بدحالی، بھوک و سیری، عزت و ننگ ایک ساتھ پائے جاتے ہیں۔ اس کے بغیر یہ دنیا آزمایش کے لیے موزوں نہ ہوتی۔چنانچہ وہ شخص جسے یہ بات معلوم نہ ہو یا وہ فراموش کر بیٹھا ہو، اس کے لیے پھر مشکلات خدا سے ناراضی یا اس کی موجودگی سے انکار تک لے جاتی ہیں۔جبکہ اس بات سے واقف شخص اس بات کو سمجھتا ہے اور وہ ہر مشکل کو صحیح رخ سے دیکھ کر اس کا مواجہہ (face) کرتا ہے ،اور وہ اس دنیا اور اس کے بنانے والے کے بارے میں کسی غلط فہمی کا شکار نہیں ہوتا ۔ دنیا کی نعمتیں جن کے ملنے پر ہم خوش ہوتے اور جن کے چھن جانے پر یا محروم رہ جانے پر ہم پریشان ہوتے ہیں، ان کی وقعت (value)کو دنیا کی حقیقت کے لحاظ سے متعین کرنا چاہیے۔ دنیا کی حقیقت یہی ہے کہ یہ جنت اور دوزخ میں جانے کے لیے ایک امتحان گاہ ہے۔ اس اعتبار سے اس دنیا کی نعمتوں کی اصل حیثیت امتحانی سوالات کی ہے، نہ کہ مال و منال کی ۔ یہ دنیا عارضی ہے۔ ہاتھ میں آ جائے تو تب بھی نہ آنے کے برابر ہے۔ اس لیے کہ جب موت کا سایہ اس پر منڈلا رہا ہے تو یہ سب کچھ چھن جانے والا ہے۔ اس آدمی کے اوپر ہم ہنستے ہیں جو پوری محنت سے ایسی چیز حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہو جو ہاتھ میں آ کر ضائع ہو جانے والی ہو۔آخرت ابدی ہے، جس کو مل گئی کبھی چھینی نہ جائے گی۔ اس اعتبار سے دیکھیں تو دنیا کی نعمتیں بس ایک تماشا اور کھیل ہی لگتی ہیں یہی وجہ ہے کہ آخرت کے مقابلے میں دنیا کی نعمتیں مال اولاد وغیرہ انسان کے لیے رکاوٹ بنتی ہیں تو قرآن مجید انھیں انسان کے لیے فتنہ قرار دیتا ہے۔ یعنی ایسی چیزیں جو انسان کو غافل کر کے کسی مصیبت میں پھنسا دیں یہ دنیا ایک مقصد کے ساتھ بنی ہے اور اس کا یہ مقصد اس میں پیش آنے والے کسی حادثے اور واقعے (event) میں جدا نہیں ہوتا۔اس کی تخلیق، اس کے روز و شب کے معاملات، اس کی الٹ پھیر ، اس میں عروج و زوال، اس میں شکست و تعمیر ہر جگہ اگر کوئی اصول اصلاً کار فرما ہے تو وہ اس کا وہ مقصد ہے جس کا ذکر ہم اوپر سے کرتے آئے ہیں۔ یہ دنیا اسی ہدف کے لیے بنی ہے ۔ اس کا ایک حرفی ایجنڈا ہے اور وہ یہی ہے کہ یہ دنیا انسان کی آزمایش کے لیے بنی ہے۔ ہر چیز اسی حساب میں ظاہر ہوتی ہے اور اسی کے لحاظ سے ہمارا امتحان لیتی اور نتیجہ لکھ کر فارغ ہو جاتی ہے۔اس لیے اس میں کار فرما یہ اصول اس کی ہر مصیبت کی اولین اور صحیح تر توجیہ ہے۔جب یہ بات واضح ہو کہ یہ دنیا آزمایش کے لیے بنی ہے تو اس میں آسانیاں بھی آئیں گی اور مشکلات بھی۔اور یہ بھی لازم ہو گا کہ اللہ تعالیٰ جب ہم پر مشکلات نازل فرماتے ہیں تو وہ ایسا ہماری دشمنی میں نہیں کرتے، بلکہ ان مشکلات کے پیچھے اصل سبب آزمایش ہے۔ اچھا برا جو کچھ ہم پر نازل ہوتا ہے، وہ دراصل ہمارے امتحان کے لیے ہوتا ہے۔یہ بات بھی لازم ہو گی کہ آزمایش جتنی مشکل ہو گی ، اس میں سے کامیاب ہونے والے کو اتنا ہی بڑا انعام ملے گا۔
اس نے اپنے آپ کو ہمارا دوست قرار دیا ہے، اور خیر خواہ دوستوں کی طرح ہمارے ازلی دشمن سے بھی ہمیں خوب اچھی طرح متعارف کرا دیا ہے تاکہ ہم اس کے دکھائے ہوئے سبز باغوں کے فریب میں مبتلا نہ ہو جائیں۔ اسی طرح یہ بھی اللہ نے اپنی کتابوں میں واضح کر دیا ہے کہ اللہ ایسا نہیں ہے کہ موقع دیے بغیر آخری اقدام کر دے ۔ اللہ اپنے بارے میں خود فرماتا ہے کہ وہ اگر ہر غلطی پر پکڑنے لگتا تو زمین پر کوئی متنفس باقی نہ رہتا۔اس لیے اس نے مہلت اور توفیق کا قانون جاری کر رکھا ہے کہ وہ ہر خطا کار کو برائی پر مہلت دیتا اور توبہ کرنے کا موقع عطا کرتا ہے تاکہ آدمی غلطی کرتے ہی پکڑ کے عذاب میں مبتلا نہ کر دیا جائے۔اللہ ہمارا خیر خواہ دوست ہے، مگر وہ ایسا دوست نہیں ہے کہ ہم جہالت سے کام لیں تب بھی وہ اندھی دوستی کرے گا، اور جہالت میں بھی ہمارا ساتھ دے گا۔ وہ ہمارا مخلص دوست ہے ، اس لیے وہ ہماری جہالت اور حماقت میں ہمارا ساتھ دینے کے بجائے ، ہمیں ان سے نکالنے کے درپے رہتا ہے۔ اس کے لیے کتابوں کے نزول کے ساتھ ساتھ اس نے اپنی اس دنیا میں عسر و یسر (غمی و خوشی) کا ایسا ضابطہ بھی جاری کر رکھا ہے کہ جو ہمارے ایک ہمدرد ساتھی کی طرح شب و روز ہمار ے ساتھ لگ کر ہمیں راستہ دکھاتا رہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے اوپر دین و شریعت میں اتنا ہی بوجھ ڈالتا ہے جتنا ہم اٹھا سکیں۔ شریعت کے لیے اللہ تعالیٰ نے جب اس اصول کو اختیار کیا ہے تو ہم اس سے قیاس کر سکتے ہیں کہ عام آزمایشوں کے لیے بھی اللہ کا اصول یقینا ایسا ہو گا ۔ اس لیے کہ یہ بات اس کی صفات عدل و رافت کے خلاف ہے کہ وہ ہماری ہمتیں شکستہ کرنے کے لیے آزمایشوں میں مبتلا کرے۔ اس لیے بڑی سے بڑی مشکل میں بھی اللہ تعالیٰ صرف ہماری آزمایش کرتے ہیں ۔ اس سے اللہ تعالیٰ کا مقصود ہر گز یہ نہیں ہوتا کہ وہ ہمیں ہماری ہمت سے زیادہ مشکل میں ڈال کر تنگ کریں۔ انسان کو مشکلات میں ایمان بچا لینے کی ہمت ہونی چاہیے ، یعنی اللہ تعالیٰ ہمیں ایسی آزمایش میں اول تو مبتلا ہی نا کرے کہ جس کی صرف سختی ہی ہماری ثابت قدمی کے باوجود،غارت گر ایمان ہو۔ اگر وہ کوئی ایسی سختی ڈالتا بھی ہے تو پھر اس میں لازم ہو گا کہ وہ پھر ہمارے امتحان کے لیے نہ ہو۔ اگر کوئی ایسی سختی ہم پر آئے تو اس کی کئی صورتیں ہو سکتی ہیں ایک یہ کہ اگر وہ آزمایش ہماری زندگی ختم کرنے کے لیے نہیں آئی تو اس میں ناکام ہونے کی صورت میں ہمارا مؤاخذہ نہیں ہو گا۔ ایک مصیبت جان لے سکتی ہے، ہمیں رلا سکتی ہے،ہماری نیندیں اڑا سکتی ہے، لیکن اگر وہ مصیبت اتنی بڑی ہے کہ ہم ساری توانائیاں لگا کر بھی اپنا ایمان نہیں بچا سکے تو اس کے معنی یہ ہیں کہ وہ آزمایش ہمارے امتحان کے لیے نہیں، بلکہ کسی اور ہی مقصد کے لیے آئی ہے اور یہ قدرت کا مقصد پوشیدہ ہو سکتا ہے ۔ بہرحال اللہ تعالیٰ ہم پر جتنی بھی مشکلیں ڈالتے ہیں تو وہ محض مشکلات نہیں ہوتیں، بلکہ وہ اپنی جلو میں بہت سی نعمتیں لے کر آتی ہیں۔ کبھی یہ نعمتیں مشکلات کے ساتھ ساتھ حاصل ہو رہی ہوتی ہیں اور کبھی مشکلات کے جانے کے بعد۔ اسی طرح جتنی بھی مشکلیں ہیں، وہ اپنی ذات میں بھی مہربانی ہیں۔اللہ تعالیٰ نے اپنی حکمت بالغہ سے یہ دنیا اضداد کے جوڑوں سے استوار کی ہے۔ ہر چیز میں یہ رنگ دیکھا جا سکتا ہے۔ رات کے بغیر دن کا تصور بے معنی ہی نہیں، بلکہ نا ممکن بھی ہے۔ ٹھیک اسی طرح بے شمار آسانیاں ایسی ہیں کہ مشکلات کے بغیر ان کا حصول نا ممکن ہے۔ مثلاً ایک عورت بے پناہ تکلیف کے بعد اولاد کی نعمت پاتی ہے۔ طالب علم طویل عرصے کی محنت شاقہ کے بعد تعلیمی سند حاصل کرتا ہے۔ داعی طویل جد وجہد کے بعد اپنی دعوت کو عام کر پاتا ہے۔ اسی طرح کی سخت آزمایشوں کے بعد ہی آدمی جنتی بنتا ہے۔ قرآن مجید نے کہا ہے کہ یہ سمجھتے ہیں کہ یونہی جنت میں داخل کر دیے جائیں گے، جبکہ ان پر ابھی وہ آزمایشیں نہیں آئیں جو پہلے انبیا پر اور ان کے صحابہ پر آئیں جن سے وہ ہلا مارے گئے اور پکار اٹھے کہ اللہ کی نصرت کب آئے گی؟ اسی طرح اللہ کی حکمت بالغہ ہی کے تحت اس دنیا کی ہر چیز اپنے اندر کم از کم دو پہلو رکھتی ہے، ایک ہی چیز فائدہ مند بھی ہے اور نقصان دہ بھی۔ ایک ہی چیز تکلیف بھی دیتی ہے اور آرام بھی۔ جس طرح ایک سرجری کا تکلیف دہ عمل ہمارے جسم کو بیماری سے پاک کر دیتا ہے، اسی طرح مشکلیں بھی ایک سرجری والا آپریشن ہی ہیں، جو ہمارے اندر کے میل کچیل اور خرابیوں کو دور کرنے کا ذریعہ ہیں۔ خدا کی بنائی ہوئی اس دنیا میں اصول یہ ہے کہ ایک خوبی پیدا کرنے کے لیے اور کوئی نعمت عطا کرنے کے لیے وہ مشکلات سے آدمی کو گزارتا ہے ۔ اور اس طرح کی ہر مشکل اور آسانی میں دراصل مومن کے لیے آسانی ہی ہے۔