November 16, 2026

آئینہ وقت از قلم: محمد حنیف شاہد ارائیں دنیا ایک اور بڑی جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے۔

20250618_110242

آئینہ وقت
از قلم: محمد حنیف شاہد ارائیں

دنیا ایک اور بڑی جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے۔ امریکہ اور اس کے اتحادی جس راستے پر چل پڑے ہیں، وہ تباہی، بربادی اور خونریزی کی طرف جا رہا ہے۔ تیسری عالمی جنگ کا ماحول تیار ہو چکا ہے۔ اب جو قوم یا ملک ان کے آگے لیٹ جائے گا، یا جان بچانے کے چکر میں پیچھے ہٹ جائے گا، وہی سب سے پہلے روند دیا جائے گا۔

اگر مسلم دنیا نے وقت پر آنکھ کھولی ہوتی، اگر غزہ کے معصوم بچوں کی چیخوں پر دل پسیج جاتا، اگر فلسطین کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنایا جاتا، تو آج ایران پر حملے کی نوبت نہ آتی۔ اب بھی وقت ہے، لیکن بہت کم۔

ڈرنے کی بات یہ ہے کہ جس طرح ایران کو تنہا چھوڑا جا رہا ہے، اسی طرح کل کوئی اور اسلامی ملک نشانے پر ہو گا۔ اور پھر یہی بڑے بڑے اسلامی حکمران پچھتائیں گے، لیکن تب بہت دیر ہو چکی ہو گی۔ وہ کہیں گے، کاش ایران کے لیے کھڑے ہو جاتے تو ہماری باری نہ آتی۔

مسلمانوں کو ایک صف میں کھڑا ہونا ہو گا۔ اختلافات کو بھلا کر، مفادات سے اوپر اٹھ کر، صرف ایک امت بن کر اس ظلم کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ وقت گزر رہا ہے، لیکن توبہ اور اصلاح کی گنجائش ابھی باقی ہے۔

یہ جنگ صرف میزائلوں اور بموں کی نہیں، یہ نظریات، عزت، غیرت اور خودمختاری کی جنگ ہے۔ جو قومیں اس وقت خاموش ہیں، وہ کل خود اپنی آزادی کی بھیگ مانگتی نظر آئیں گی۔ امریکہ اور اس کے حواریوں کو صرف ایک بات سمجھ آتی ہے: طاقت اور اتحاد۔

اگر آج امت مسلمہ یک زبان ہو جائے، صرف ایک دن تیل کی ترسیل بند کر دے، صرف ایک بار اقوام متحدہ میں اجتماعی واک آؤٹ کرے، تو دنیا کی سپر پاورز گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائیں۔ لیکن افسوس، کچھ مسلمان حکمرانوں کی کرسی ان کے ضمیر سے بڑی ہو چکی ہے۔

وقت ہے کہ عوام اٹھ کھڑے ہوں، اپنے حکمرانوں کو مجبور کریں کہ وہ امریکی غلامی سے نکلیں، اور ایک آزاد، باوقار امت کی تشکیل کریں۔
یہ لڑائی صرف ایران یا فلسطین کی نہیں، یہ ہم سب کی ہے۔
جو آج ساتھ نہیں دے گا، کل تنہا ہی روندا جائے گا۔

تاریخ خاموش نہیں رہتی، وہ سب کچھ محفوظ رکھتی ہے — اور پھر ایک دن فیصلہ کرتی ہے کہ کون حق پر تھا اور کون مصلحت کی چادر اوڑھ کر ذلت کا خریدار بنا۔