November 16, 2026

*نماز کی دین اسلام میں اہمیت و فضیلت* بدھ 18 جون 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

20250618_002503

*نماز کی دین اسلام میں اہمیت و فضیلت*

بدھ 18 جون 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

*بسم الله الرحمن الرحيم*
الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَلَمِينَ وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى سَيِّدِ الْمُرْسَلِينَ وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ !
!اما بعد

فرمان نبوی الشریف ہے:
اَلصَّلَاةُ عِمَادُ الدِّيْنِ، فَمَنْ تَرَکَهَا فَقَدْ هَدَمَ الدِّيْنَ. ”نماز دین کا ستون ہے، جس نے اس کو ترک کیا پس اس نے پورے دین کو منہدم کیا۔

سورہ بقرہ کی ابتدائی آیات میں قرآن مجید کو متقین کے لئے ہدایت قرار دیا گیا ہے اور متقین کی پانچ صفات بھی بیان کر دی گئی ہیں۔ وہ یہ ہیں

1- غیب پر ایمان
2- نماز قائم کرنا
3- دیئے ہوئے رزق سے اللہ کی راہ میں خرچ کرنا۔
4- قرآن مجید پر ایمان اور اس سے پہلی والی کتابوں پر ایمان۔
5- یوم آخرت پر ایمان۔

خلاصہ یہ نکلتا ہے کہ جن مسلمانوں میں یہ پانچ صفات نہیں ہیں وہ متقی قطعا” نہیں ہیں۔ مذید برآں اگر ان پانچ صفات میں سی ایک بھی صفت کم ہے تو یہ شخص متقی کامل نہیں ہے اور اگر متقی کامل نہیں ہے تو قرآن مجید کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے کہ ایسے شخص کو ہدایت دے۔
مسلم شریف میں روایت ہے۔
*إن بين الرجل، وبين الشرك والكفر، ترك الصلاة (مسلم)*

ترجمہ:
بندے اور کفر و شرک میں فرق نماز کا ترک کرنا ہے

رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا۔ نماز کا وقت ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم حضرت بلال رضی اللہ تعالی عنہ کو ان الفاظ کے ساتھ اذان دینے کا حکم فرماتے “أَقِمِ الصَّلَاةَ يَا بِلَالُ أَرِحْنَا بِهَا ” اے بلال! ہمیں نماز سے راحت پہنچاؤ(ابوداود

نماز کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جنت میں جانے کی ضمانت قرار دیا۔ حضرت ربیعہ بن کعب اسلمی رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم کی خدمت میں حاضر رہتے اور نبی اکرم صلعم کے لئے وضو کا پانی اور دوسری چیزیں لایا کرتے ۔ ایک مرتبہ آپ صلعم نے (خوش ہو کر ) فرمایا ربیعہ ! مانگو ( کیا مانگتے ہو ) حضرت ربیعہ رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کیا یا رسول اللہ جنت میں آپ کی رفاقت چاہتا ہوں ۔ آپ صلعم نے فرمایا تو پھر کثرت سجود سے میری مدد کرو۔ (صحیح مسلم ) یعنی تمہارے نامہ اعمال میں کثرت نماز ، میرے لئے سفارش کرنا آسان بنادے گی۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں کامیاب لوگوں کی نشانی یہ بتائی ہے کہ ” وہ لوگ نمازوں کی پابندی کرتے ہیں ۔ (المومنون آیت نمبر 9) نیز یہ کہ انہیں تجارت اور خرید و فروخت اللہ تعالیٰ کی یاد، اقامت نماز اور ادائے زکاۃ سے غافل نہیں کرتی ۔ (سورۃ نور، آیت نمبر 37) اللہ تعالی نے نماز کو اقامت دین کی تمام تر جد و جہد کا حاصل قرار دیا ہے ۔ ارشاد باری تعالی ہے اگر ہم انہیں زمین میں اقتدار بخشیں تو وہ نماز قائم کریں گے، زکاۃ ادا کریں گے، نیکی کا حکم دیں گے اور برائی سے منع کریں گے۔ (سورہ حج، آیت نمبر (41) تکلیف
دکھ اور رنج کے وقت مؤمن کا یہی سب سے بڑا سہارا ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے ” اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ سے صبر اور نماز کے ساتھ مدد مانگو ” (سورہ بقرہ آیت نمبر (153) حضرت ابراہیم علیہ اسلام اللہ تعالیٰ کے حکم پر اپنے اہل و عیال کو بیت الحرام کے پاس بے آب و گیاہ جگہ پر لے آئے تو بارگاہ رب العزت میں یہ دعا کی کہ میرے رب ! مجھے اور میری اولاد کو نماز قائم کرنے والا بنا۔ (سورہ ابراہیم آیت نمبر 40)

حضرت اسماعیل علیہ کے جن اوصاف کا ذکر قرآن مجید نے فرمایا ہے ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کو نماز اور زکاۃ کا حکم دیتے تھے ( سورہ مریم آیت نمبر 55) رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم کو بھی اس بات کا حکم دیا گیا کہ اے محمد! اپنے اہل و عیال کو نماز کا حکم دو اور خود بھی اس کے پابند رہو۔ (سورہ طہ، آیت نمبر 132) قرآن کریم سے ہدایت حاصل کرنے والے خوش نصیب لوگوں کی اللہ کریم نے جو نشانیاں بتائی ہیں ان میں سے ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ نماز قائم کرنے والے لوگ ہیں ۔ (سورہ بقرہ، آیت نمبر 3) نماز میں غفلت کاہلی اور سستی سے کام لینے کو اللہ تعالی نے منافقین کی نشانی بتایا ہے ۔ ارشاد باری تعالی ہے جب منافق نماز کے لئے اٹھتے ہیں تو کاہلی سے محض لوگوں کو دکھانے کے لئے اٹھتے ہیں ۔ (سورہ نساء آیت نمبر 142)

سورہ ماعون میں اللہ تعالیٰ نے ان نمازیوں کے لئے ہلاکت اور تباہی بتائی ہے جو نماز کے معاملے میں غفلت اور بے پروائی سے کام لیتے ہیں۔ قرآن مجید میں اللہ تعالی نے اقوام کی تباہی اور ہلاکت کا اصل سبب ترک نماز ہی بتایا ہے ۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے اللہ کےفرمانبردار بندوں کے بعد ایسے نالائق لوگ ان کے جانشین ہوئے جنہوں نے نماز کو ضائع کیا اور دنیا کے) مزے اڑانے میں لگ گئے ایسے لوگ عنقریب گمراہی کے انجام سے دو چار ہوں گے ۔ (سورہ مریم ، آیت نمبر 59) قیامت کے روز جہنمیوں کا ایک گروہ جہنم میں جانے کا ایک سبب یہ بیان کرے گا۔

*لَمْ نَكُ مِنَ الْمُصَلِّينَ*
یعنی ہم نماز نہیں پڑھتے تھے ۔ (سورہ مدثر ، آیت نمبر 43)

حالت امن ہو یا حالت خوف، گرمی ہو یا سردی ، تندرستی ہو یا بیماری حتی کہ جہاد و قتال کے موقع پر عین میدان جنگ میں بھی یہ فرض ساقط نہیں ہوتا۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم پانچ فرض نمازوں کے علاوہ نماز تہجد ، نماز اشراق، نماز چاشت، تحیۃ الوضو اور تحیۃ المسجد کا بھی اہتمام فرماتے اور پھر خاص خاص مواقع پر اپنے رب کے حضور توبہ استغفار کے لئے نماز ہی کو ذریعہ بناتے۔ خسوف یا کسوف ہوتا تو مسجد تشریف لے جاتے ،زلزلہ یا آندھی آتی تو مسجد تشریف لے جاتے ۔ طوفان باد و باراں ہوتا تو مسجد تشریف لے جاتے ، فاقے کی نوبت آتی تو مسجد تشریف لے جاتے ، کوئی پریشانی اور تکلیف ہوتی تو مسجد تشریف لے جاتے ، سفر سے واپسی ہوتی تو پہلے مسجد تشریف لے جاتے پھر گھر پلٹتے۔

حیات طیبہ کے آخری دنوں میں حالت علالت میں بھی رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو جس چیز کی سب سے زیادہ فکر تھی ، وہ نماز تھی ۔ وفات مبارک سے چند یوم قبل تیز بخار کی وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر غنودگی کی حالت طاری تھی عشاء کے وقت آنکھ کھلی تو سب سے پہلے یہ سوال کیا کیا لوگوں نے نماز پڑھ لی ہے؟ عرض کیا گیا نہیں ، آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہی کا انتظار ہے۔ تیسری مرتبہ آپ نے پھر اٹھنا چاہا تو بیہوش ہو گئے جب آنکھ کھلی تو زبان مبارک سے پھر وہی الفاظ نکلے ”کیا لوگوں نے نماز پڑھ لی ہے؟ عرض کیا گیا نہیں ، آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہی کا انتظار ہے۔ تیسری مرتبہ اٹھنے کی کوشش میں پھر غشی طاری ہوگئی۔ افاقہ ہونے پر ارشاد فرمایا ” ابو بکر رضی اللہ عنہ نماز پڑھائیں ۔

وفات مبارک سے چند لمحے پہلے آپ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امت کو جو آخری وصیت فرمائی ، وہ یہ تھی۔

*الصَّلَاةُ ، أَلصَّلَاةُ وَ مَا مَلَكَتْ أَيْمَانُكُمْ*

یعنی مسلمانو! نماز، نماز اور اپنے غلاموں کا ہمیشہ خیال رکھنا۔

نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے نماز کی اہمیت واضح ہو جاتی ہے۔

نماز بذات خود جتنی اہم ہے طریقہ نماز بھی اس قدر اہم ہے۔ نماز کے بارے میں حکم صرف یہی نہیں کہ اسے ادا کرو۔ بلکہ حکم یہ بھی ہے کہ اس طرح ادا کرو جس طرح مجھے ادا کرتے دیکھتے ہو ۔ (صحیح بخاری )

ایک حدیث میں ارشاد مبارک ہے کہ قیامت کے روز حقوق اللہ میں سے سب سے پہلے نماز کا حساب لیا جائے گا جس کی نماز درست طریقہ سے پڑھی گئی ہو گی وہ کامیاب و کامران ہوگا اور جس کی نماز میں بگاڑ ہوگی وہ ناکام و نامراد ہوگا ۔ (بحوالہ ترمذی)

غور فرمائیے! قیامت کے روز نماز کے بارے میں جس چیز کا حساب ہوگا وہ یہ نہیں کہ نماز پڑھی یا نہیں پڑھی بلکہ حساب اس بات کا ہوگا کہ نماز سنت کے مطابق پڑھی گئی یا نہیں؟ اس حدیث سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ادائیگی نماز کے ساتھ ادائیگی نماز کا طریقہ کس قدر اہم اور ضروری ہے۔

ایک صحابی حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے ایک آدمی کو نماز پڑھتے دیکھا، جو رکوع اور سجود پورا نہیں کر رہا تھا ۔ جب وہ آدمی نماز سے فارغ ہوا، تو حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ نے اسے بلا کر کہا تم نے نماز نہیں پڑھی اور اگر اسی طرح کی نماز پڑھتے پڑھتے مر گئے ، تو طریقہ اسلام کے خلاف مرو گے۔“ ایک دوسرے صحابی حضرت عبداللہ بن عباس نے ایک شخص کو نماز عید سے پہلے نفل پڑھتے دیکھا تو اسے منع کیا۔ وہ شخص کہنے لگا “اللہ تعالیٰ مجھے نماز پڑھنے پر عذاب نہیں کرے گا۔“ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا اللہ تعالیٰ تجھے سنت رسول کی مخالفت کرنے پر ضرور عذاب دے گا ۔ ایک اور صحابی حضرت عمارہ بن روبیہ رضی اللہ تعالی عنہ نے خطبہ جمعہ کے دوران حاکم وقت کو منبر پر ہاتھ بلند کرتے دیکھا تو کہا اللہ خراب کرے ان ہاتھوں کو۔ میں نے رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم کو دیکھا ہے کہ اس سے زیادہ نہ کرتے تھے ۔ اور اپنی انگشت شہادت سے اشارہ کیا۔ (صحیح مسلم)

*وضاحت:*
امام خطبہ کے پہلے حصے اور دوسرے حصے کے درمیان بیٹھنے پر ہاتھ اٹھا کر دعاء نہیں مانگ سکتا مگر مقتدی ہاتھ اٹھا کر دعا مانگ سکتا ہے بلکہ یہ دعاء کی مقبولیت کا وقت ہوتا ہے اور یہ مجرب بھی ہے کہ اگلے جمعہ کی نماز سے پہلے پہلے دعاء قبول ہو جائے گی۔ (انشاءاللہ)

اتباع سنت کے معاملہ میں صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کی یہی سوچ اور فکر ہمارا مذھب ہے۔ سنت رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم سے محبت کا یہی جذبہ ہمارا دین ہے۔

صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہم کے مذکورہ بالا طرز عمل سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ جن مسائل کو ہم فروعی یا اختلافی اور غیر اہم سمجھتے ہوئے نظر انداز کر دیتے ہیں۔ صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہم کے نزدیک ان کی کتنی اہمیت تھی ۔ حقیقت یہ ہے کہ جو شخص رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم کے اس فرمان مبارک سے آگاہ ہے(مَنْ رَغِبَ عَنْ سُنَّتِي فَلَيْسَ منی)
یعنی جس شخص نے میری سنت اختیار کرنے سے گریز کیا وہ مجھ سے نہیں ۔ وہ کسی بھی سنت کو معمولی اور غیر اہم سمجھ کر نظر انداز کرنے کی جسارت نہیں کر سکتا۔

رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے جس نے دانستہ میری طرف ایسی بات منسوب کی جو میں نے نہیں کہی وہ اپنی جگہ جہنم میں بنالے۔“ (جامع ترمذی)

نماز بذات خود جتنی اہم ہے طریقہ نماز بھی اس قدر اہم ہے۔ نماز کے بارے میں حکم صرف یہی نہیں کہ اسے ادا کرو۔ بلکہ حکم یہ بھی ہے کہ اس طرح ادا کرو جس طرح مجھے ادا کرتے دیکھتے ہو ۔ (صحیح بخاری ) ایک حدیث میں ارشاد مبارک ہے کہ قیامت کے روز حقوق اللہ میں سے سب سے پہلے نماز کا حساب لیا جائے گا جس کی نماز درست طریقہ سے پڑھی گئی ہو گی وہ کامیاب و کامران ہوگا اور جس کی نماز بگاڑ ہوگی وہ ناکام و نامراد ہوگا ۔

غور فرمائیے! قیامت کے روز نماز کے بارے میں جس چیز کا حساب ہوگا وہ یہ نہیں کہ نماز پڑھی یا نہیں پڑھی بلکہ حساب اس بات کا ہوگا کہ نماز سنت کے مطابق پڑھی گئی یا نہیں؟ اس حدیث سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ادائیگی نماز کے ساتھ ادائیگی نماز کا طریقہ کس قدر اہم اور ضروری ہے

وماعلینا الا البلاغ المبین

*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں مارنا تو مسلمان ہی مارنا۔ یا اللہ تعالی ہمیں نبی کریم کی سنت کے عین مطابق نماز پڑھنے والا بنا دے۔
یا اللہ تعالی ہماری نمازوں میں اگر کوئی کمی رہ جائے تو درگزر فرمانا۔
یا اللہ تعالی سب مسلمانوں کو متقی بنا دے، تیرے دیئے ہوئے احکامات کو تیرے نبی کریم محمد صل اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے طریقے کے مطابق سر انجام دینے والا بنا دے۔

اَللّٰھُمَّ عَافِنِیْ فِیْ بَصَرِیْ لَا اِلٰهَ اِلَّا اَنْتَ۔ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُ بِکَ مِنَ الْکُفْرِ وَ الْفَقْرِ، اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُبِکَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ، لَا اِلٰهَ اِلاَّ اَنْتَ۔

ترجمہ: اے اللہ ! تو مجھے جسمانی صحت میں عافیت عطا فرما، اے اللہ ! تو میری قوتِ سماعت میں عافیت عطا فرما، اے اللہ ! تو میری قوتِ بینائی میں عافیت عطا فرما، تیرے سوا کوئی معبود نہیں، اے اللہ ! میں تیری پناہ مانگتا ہوں کفر اور فقر سے، اے اللہ ! میں تیری پناہ مانگتا ہوں قبر کے عذاب سے، تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔

ﺍﮮ جود و سخا اور کرم والے ﺍلله ﺍﭘﻨﺎ ﮐﺮﻡ فرما اور میری دعائیں قبول فرما۔

آمین یا رب العالمین

احقر العباد:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333