تحریر ناظمہ ایاز آج لیٹے لیٹے نظر چھت پہ لگے جالوں پر گئی
تحریر ناظمہ ایاز
آج لیٹے لیٹے نظر چھت پہ لگے جالوں پر گئی۔ بُرے لگ رہے تھے۔ ساتھ ہی ایک مکڑی کا جالا بھی تھا۔ میں نے دل ہی دل فون سائیڈ پہ رکھا، مانجھا اٹھایا، اور جیسے ہی ہاتھ بڑھایا جالا صاف کرنے کو، وہ نیلی آنکھوں اور براؤن کمر تک آتے بالوں والی مکڑی نے میرے ہاتھ سے چھین کے دُور پھینکا اور انگلی اٹھا کے مجھے خبردار کرنے والے انداز میں بولی:
“تمہیں سکون نہیں آتا؟ ہر ہفتے آ کے ہمارا گھر توڑ دیتی ہو؟
ہال میں جو تمبوریاں لٹکی ہیں، وہ کیوں نہیں اتارتی؟ روز ہی اُن کے ہاتھوں بے عزت ہوتی ہو!”
میں بھی اس قدر بےعزتی پر فوراً بولی :
“دیکھ مکڑی! وہ تمبوریوں کا تمبورا مجھے چھیڑتا ہے۔ میں ان کی گلی سے بھی نہیں گزرتی، بدنامی کی ٹوکری اپنے سر کیوں رکھوں؟
مگر تمہاری روز کی یہ کشیدہ کاری میری صفائی پہ پانی پھیر دیتی ہے۔ مہمان آ کے مجھے ‘پھوہڑ’ کہہ جاتے ہیں۔ سمجھ رہی ہو؟”
میری بات سن کر مکڑی قہقہہ لگا کے ہنسی اور میرے ہاتھ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بولی:
“سنا ہے، کبھی تتلی تمہارے ہاتھ پہ بیٹھتی تھی؟ اب تمبورا بیٹھا کرتا ہے؟
سانپ دیکھ کے باتھ روم میں جا چھپتی ہو، کاکروچ دیکھ کے راستہ بدل لیتی ہو، اور چپکلی کے ڈر سے دیوار کے ساتھ والی چارپائی پہ نہیں سوتی!
ہم مکڑیوں پہ آ کے تمہاری بہادری جاگ جاتی ہے؟
تم انسانوں کی منافقت عجیب ہے — ظالم سے ڈر کے خاموش، اور مظلوم پر ظلم کے نام پر صفائی کا بھوت سوار!”
ابھی مکڑی بول ہی رہی تھی کہ ایک چھوٹا مکڑا، خون میں لت پت، روتا ہوا آیا اور ماں سے لپٹ گیا:
“ماں، اُس ظالم لڑکی کی پڑوسن نے ہمارا گھر توڑ دیا! میں بھی مشکل سے بچ کے بھاگا ہوں، اُس نے مجھ پہ بھی مانجھا پھیراہے !”
وہ بلک بلک کر روتا جا رہا تھا:
“ماں! اب ہم تین جوان بہنوں کے ساتھ کھلے آسمان تلے کہاں رہیں گے؟
انہی ظالموں نے ابا کو بھی چھت سے پھینک دیا تھا!”
مکڑی، بیوگی کی چادر میں لپٹی، خالی نظروں سے اپنے لہو لہان بیٹے کو دیکھتے ہوے بولی:
“یہ اللہ کی زمین بہت بڑی ہے انسان چھت چھین سکتا ہے مگر تمہارا اللّه نہیں …”
اس نے آدھے بنے جالے کو حسرت سے دیکھا اور اپنے چاروں بچوں کو لیکر باہر کی طرف قدم بڑھانے لگی۔
نجانے کیوں یہ منظر میرے جیسی کاہل اور سست لڑکی سے دیکھا نہ گیا
میں نے اس کا ہاتھ تھاما اور کہا:
“سنو تم یہاں رہ سکتی ہو، اپنا گھر بناؤمیں کام چور ہوں مگر اتنی ظالم نہیں ہوں۔”
پھر فون اٹھا کے خاموشی سے کیمرہ کھولا… اور جالا محفوظ کرتے ہوے دوسری طرف منہ کرتے ہوے لیٹ گئی
خوشی