November 16, 2026

آئینہ وقت عنوان: مزدور کی اجرت یا سرمایہ دار کی مرضی؟ تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

20250610_032439

آئینہ وقت

عنوان: مزدور کی اجرت یا سرمایہ دار کی مرضی؟
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

‏صحافی کا سوال:
“وزراء اور اراکینِ اسمبلی کی تنخواہیں بڑھا دی گئیں، مگر مزدور کی کم از کم تنخواہ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا — کیوں؟”

‏وزیر خزانہ کا جواب:
“سرمایہ داروں اور صنعت کاروں کی مخالفت کی وجہ سے کم از کم اجرت میں اضافہ ممکن نہیں ہو سکا۔”

کیا یہ پاکستان ہے یا کاروباری جاگیرداروں کی پرائیویٹ لابی اسمبلی؟
جنہوں نے بجٹ کا ترازو یوں پکڑا کہ ایک پلڑا وزراء، مشیروں اور وی آئی پیز کی مراعات سے جھک گیا — اور دوسرا مزدور کے پیٹ پر رکھے گئے پتھر سے بھی ہلکا نکلا۔

یہ سوال کہ “مزدور کی اجرت کیوں نہیں بڑھی؟”
اس کا جواب سن کر تو قلم شرما گیا، کیونکہ وزیر خزانہ نے گویا اقرار کر لیا کہ:

> “ہم عوام کے نہیں، سرمایہ داروں کے نمائندے ہیں!”

یہ بھیانک سچ ہے کہ مزدور کا پسینہ مہنگائی کے بخارات میں تحلیل ہو جاتا ہے،
جبکہ ایوانوں میں بیٹھے وہ لوگ جو دن میں تین بار قافیہ، چار بار تصویریں اور پانچ بار پروٹوکول بدلتے ہیں،
وہ ہر بجٹ میں “قومی خدمت” کے نام پر اپنی تنخواہیں بڑھانے میں پیش پیش ہوتے ہیں۔

مگر مزدور…؟
وہ تو “قومی مفاد” میں خاموش رہے،
بجلی کے بلوں پر بھی، آٹے کے تھیلے پر بھی، بچوں کے اسکول چھوڑنے پر بھی۔

وزیر خزانہ صاحب! اگر واقعی سرمایہ داروں کی ناراضگی آپ برداشت نہیں کر سکتے، تو مزدوروں کی بے بسی پر آپ کو حکومت کا حق کس نے دیا؟
کیا یہ ریاست مدینہ کا تصور ہے — یا سرمایہ دار کی جوتی پر بجٹ لکھنے کا ماڈل؟

کوئی ان سے پوچھے:

جب اسمبلی ممبر کے ٹی اے ڈی اے میں اضافہ ہوتا ہے، کیا وہ غریب کا پیٹ بھرنے آتا ہے؟

جب وزراء کے گھروں کے یوٹیلیٹی بل قومی خزانے سے ادا ہوتے ہیں، کیا وہ مزدور کا پسینہ نہیں پیتے؟

جب کم از کم اجرت پر صنعت کار کو اعتراض ہوتا ہے، تو کیا مزدور کی زندگی بے مول ہو جاتی ہے؟

یہ کیسا انصاف ہے جہاں فیصلے مزدور کے لیے نہیں، سرمایہ دار کی مرضی سے ہوتے ہیں؟

اختتامیہ:
اگر ایک حکومت مزدور کا حق صنعت کار کی ناراضی سے تولتی ہے، تو وہ “ریاست” نہیں بلکہ ریاست کا اشتہاری بورڈ بن چکی ہے۔

> مزدور کی مزدوری پر مفاہمت نہیں، عدل و انصاف کا تقاضا ہے۔
اگر مزدور کی اجرت نہیں بڑھی، تو بجٹ کی تقریر نہیں، مزدور کی آہ سنی جائے گی — بہت جلد!

“آئینہ وقت” ہر بار آئینہ دکھاتا ہے… چاہے دیکھنے والا آنکھیں بند ہی کیوں نہ کرے۔

محمد حنیف شاہد ارائیں