*قربانی کی شرعی حیثیت* منگل 03 جون 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*قربانی کی شرعی حیثیت*
منگل 03 جون 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
علم دین سے نا واقفیت، مادہ پرستانہ ماحول اور ترقی پسندانہ انکار کی یلغار نے مل جل کر مسلمانوں کا ایمان اس قدر کمزور بنا دیا ہے کہ اسلام کی خاطر جذبہ ایثار آہستہ آہستہ مفقود ہوتا چلا جارہا ہے۔ انہی عوامل کے باعث آج ہمارے معاشرہ میں قربانی کی اہمیت کو ختم کرنے یا کم کرنے کی سوچ بھی بڑھتی چلی جارہی ہے۔
کہا جاتا ہے کہ کروڑوں روپے کا سرمایہ محض قربانی پر ضائع کرنے کی بجائے اگر یہی سرمایہ قومی ترقی اور رفاہ عامہ کے کاموں پر خرچ کیا جائے تو نہ صرف ملکی ترقی کیلئے سود مند ہوگا اجر و ثواب کا باعث بھی ہوگا۔
قربانی دراصل یادگار ہے اس عظیم الشان تاریخی واقعہ کی جس میں ابوالانبیاء سیدنا حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالی کی رضا کیلئے اپنے نوجوان بیٹے کے گلے پر چھری چلا دی تھی۔ اللہ تعالی نے ان کے اس جذبہ فدا کاری کو یوں شرف قبولیت بخشا کہ بیٹے کی جگہ جنت سے ایک مینڈھا بھجوا کر حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جان بچالی ۔ اسی لئے رسول اللہ ﷺ نے عید الاضحیٰ کی قربانی کو سنت ابراہیمی قرار دیا ہے۔ (احمد، ابن ماجہ )
غور فرمائیے !اگر اللہ تعالی حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی قبول فرما لیتا اور اس کے بعد امت کو یہ حکم دیا جاتا کہ ہر مسلمان سنت ابرا ہیمی پر عمل کرتے ہوئے اپنے پہلے بیٹے کو اللہ کی راہ میں ذبح کرتے تو کتنا بڑا امتحان ہوتا اور ہم میں سے کتنے مسلمان ایسے ہوتے جو اس امتحان میں پورے اترتے ؟
اللہ تعالی نے اپنے کمزور اور عاجز بندوں پر فضل و کرم فرمایا اور اولاد کی جگہ جانوروں کی قربانی قبول فرما لی۔ اس کے باوجود جو لوگ اس قربانی سے بھی راہ فرار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں اپنے دین اور ایمان کا خود جائزہ لینا چاہیے کہ وہ ایمان کے کس درجے پر فائز ہیں؟
ثانیا” یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ قربانی ایک عبادت ہے جس کا مقصد صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرتا ہے اللہ اور اس کے رسول اللہ ﷺ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق اللہ تعالی کی رضا حاصل کرنے کیلئے خرچ کی جانے والی رقم کو نہ تو ضیاع قرار دیا جا سکتا ہے اور نہ ہی عبادت کی اس معینہ شکل کو از خود کسی دوسری من پسند شکل میں بدلا جا سکتا ہے۔ غور فرمائیے ! کیا ہزاروں یتیم بچوں کو کفالت پر خرچ کی گئی رقم ایک فرض نماز ترک کرنے کا کفارہ بن سکتی ہے؟
کیا ہزاروں بیواؤں کی کفالت پر خرچ کی گئی رقم ایک فرض روزہ ترک کرنے کا کفارہ بن سکتی ہے؟
کیا ہزاروں مریضوں کی صحت کیلئے خرچ کی گئی رقم ترک حج کا کفارہ بن سکتی ہے؟
ہر گز نہیں! اسی طرح قومی ترقی اور رفاہ عامہ پر خرچ کی گئی رقم اللہ کی راہ میں جانوروں کا خون بہانے کا کفارہ کبھی نہیں بن سکتی۔
ثالثا” قربانی کے معاملے میں رسول اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔ رسول اکرم ﷺ نے مدینہ منورہ میں دس سال قیام فرمایا۔ اس سارے عرصہ میں آپ نے ایک مرتبہ بھی قربانی ترک نہیں فرمائی۔ حتی کہ دوران سفر بھی آپ ﷺ نے قربانی کا اہتمام فرمایا۔
حضرت عبداللہ بن عباس فرماتے ہیں ہم ایک سفر میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھے عیدالاضحٰی آگئی اور ہم لوگ ایک گائے میں سات اور ایک اونٹ میں دس آدمی شریک ہوئے۔ (ترمذی) حجۃ الوداع کے موقع پر رسول اللہ ﷺ نے سواونٹ قربان فرمائے۔ اونٹ خریدنے کے لئے آپ ﷺ نے حضرت علی کو خصوصاً یمن بھیجا۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ اونٹوں کی اتنی بڑی تعداد نہ مکہ میں دستیاب تھی نہ مدینہ میں اور پھر یوم النحر جیسے مصروف ترین دن میں تریسٹھ اونٹ رسول اکرم ﷺ نے اپنے دست مبارک سے ذبح فرمائے۔ اونٹ ذبح کرنے میں یقینا صحابہ کرام نے آپ ﷺ کی معاونت فرمائی ہوگی۔ اس کے باوجود اونٹ کو قربانی کی جگہ لانا ، اسے ذبح کرنا اور پھر اسے گرانا اس سارے عمل پر استعمال کیا گیا وقت اگر کم سے کم پانچ منٹ فی اونٹ شمار کیا جائے تب بھی آپ ﷺ نے اس کا پر پانچ گھنٹے پندرہ منٹ صرف فرمائے۔
غور فرمائیے! وہ ذات جو زندگی کا ایک لمحہ بھی ضائع کیے بغیر ہر وقت امت کو دینی مسائل اور احکام سکھانے میں مصروف رہتی ہو ، اس کا ایسے موقع پر جبکہ ایک لاکھ چوبیس ہزار یا چالیس ہزار) صحابہ اکرام کا مجمع ارد گرد موجود تھا۔ جسے آپ خود فرمار ہے تھے
خُلُوا عَلَى مَنَاسَكَكُمْ
یعنی مجھ سے حج کے طریقے سیکھو۔
آپ ﷺ کا قربانی کیلئے اتنا طویل وقت نکالنا اور اتنی مشتمت اٹھانا، یقینا ایک غیر معمولی فعل تھا۔ اس واقعہ کا اگر حیات طیبہ کے معاشی پہلو سے جائزہ لیا جائے تو قربانی کی اہمیت کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ مدنی زندگی میں ایک طرف تو بیک وقت 9 گھروں کے اخراجات کا بارگراں آپ کے کندھوں پر تھا۔ دوسری طرف کوئی مستقل ذریعہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے آپ کی معاشی حالت ایسی تھی کہ بسا اوقات فاقہ کشی تک نوبت پہنچ جاتی۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں رسول اکرم جب سے مدینہ تشریف لائے، آل محمد ﷺ نے متواتر تین دن رات بھی سیر ہو کر گندم کی روٹی نہیں کھائی حتاکہ آپ ﷺ اس دنیا سے تشریف لے گئے ۔ ( بخاری )
نیز فرماتی ہیں” ہم پر ایسے مہینے بھی گزرے ہیں جن میں ہم نے گھر میں آگ تک نہیں چلائی ہمارا گزارا صرف پانی اور کھجوروں پر ہوتا سوائے اس کے کہ کہیں سے گوشت ( کا ہدیہ) آجاتا ۔” (بخاری)
ایسے معاشی حالات میں رسول الله کا سواونٹ ذبح کرنے کیلئے وسائل مہیا کرنا، قربانی کی اہمیت کو بہت زیادہ بڑھا دیتا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے سو اونٹ ذبح فرمائے تو سارے گوشت کو تقسیم کرنے کا اہتمام نہیں فرمایا، بلکہ ہر اونٹ سے ایک ایک ٹکڑا حاصل کر کے اسے پکوایا اور کھایا جس کا مطلب یہ ہے کہ قربانی کے گوشت کا تقسیم نہ ہو سکتا قربانی نہ کرنے کا جواز نہیں بن سکتا۔ قربانی کا گوشت تقسیم ہو یا نہ ہو استعمال میں آئے یا نہ آئے اس سے قربانی کی اہمیت کسی صورت بھی کم نہیں ہوتی۔
(1) اللہ تعالی کا ارشاد مبارک ہے
لَنْ يَنَالَ اللَّهَ لُحُومُهَا وَلَا دِمَاؤُهَا وَلَكِنْ بَّنَا لَهُ التَّقْوَى مِنكُمْ (37:22)
اللہ تعالی کو قربانیوں کے گوشت اور خون نہیں پہنچتے ، بلکہ تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے ۔ (سورة الج
آیت نمبر (37)
یعنی اللہ تعالی کو گوشت تقسیم ہونے یا نہ ہونے سے غرض نہیں بلکہ وہ یہ دیکھتا ہے کہ کس نے کس نیت اور ارادے سے قربانی کی ہے۔ آخر میں قربانی کی استطاعت رکھنے کے باوجود قربانی نہ کرنے والوں کے بارے میں رسول اکرم ﷺ کا ایک ارشاد مبارک بھی پڑھ لیجئے ۔ ارشاد نبوی ہے:
“جو شخص قربانی کی استطاعت رکھتا ہو پھر بھی قربانی نہ کرے وہ (نماز عید کیلئے) ہماری عیدگاہ کے قریب بھی نہ آئے ۔ (مسند احمد )
پس اللہ اور یوم آخر پر ایمان رکھنے والوں کیلئے رسول اکرم ﷺ کی ذات ایک نمونہ ہے
*آلدعا*
یا اللہ تعالی ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت پر عمل کرنے والا بنا دے۔
آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com
Cell:00933008604333