November 16, 2026

لاہور(راجہ نورالہی عاطف سے)اولمپئن ارشد ندیم کوریا سے ایشئن چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد اپنے آبائی گھر چک 101 پندرہ ایل پہنچ گئے

IMG-20250602-WA0224

لاہور(راجہ نورالہی عاطف سے)اولمپئن ارشد ندیم کوریا سے ایشئن چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد اپنے آبائی گھر چک 101 پندرہ ایل پہنچ گئے۔ گھر سے باہر موجود ان کے رشتہ داروں اور گاؤں کے رہائشیوں نے فقید المثال استقبال کیا۔ انہوں نے قومی ہیرو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،ہار پہناءے اور خوشی سے جھوم کر نعرے بازی بھی کی ۔ گھر میں داخل ہوتے ہی اولمپئن ارشد ندیم اپنی والدہ سے لپٹ گئے اور والدہ نے خوشی سے ارشد ندیم کامنہ چوم لیا ۔ اس موقع پر ارشد ندیم کی والدہ نے اپنے بیٹے کے کامیاب ہوکر واپس لوٹنے پر اللّٰہ پاک کا شکر ادا کیا۔ اولمپئن ارشد ندیم کے دوست احباب ارشد ندیم کی خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ اولمپئن ارشد ندیم کے بھائی بھی خوشی سے نہال تھے۔ قومی ہیرو ارشد ندیم کے والد محمد اشرف کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ میرا بیٹا مزید 5 گولڈ میڈل جیت کر لائے گا۔ارشد ندیم جب اپنے آبائی گاؤں 101 پندرہ ایل پہنچے تو اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے میری کامیابی کے لیے دعائیں کیں ۔
انہوں نے کہا کہ میری آئندہ بھی کوشش ہوگی کہ اسی طرح انتھک محنت کرکے گولڈ میڈل لیکر آؤں۔ قومی ہیرو ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اپنے شہر کے لوگوں کا استقبال اور پیار دیکھ کر خوشی ہوئ ۔ قبل ازیں ائیرپورٹ پر لاہور کے شہریوں نے فخر پاکستان اولمپئین ارشد ندیم کوخوب پیار دیا ۔ اس موقع پر اولمپئین ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ
ایشین چیمپئن شپ میں پچاس سال کے بعد گولڈ میڈل پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی بھر پور پرفارمنس دوں گا ۔ قومی ہیرو نے کہا کہ جب انسان میدان میں اترتا ہے تو اس کے لیے مقابلہ مشکل ہی ہوتا ہے ۔ میری کامیابی کا سہرا پاکستانی عوام کو جاتا ہے جن کی دعائوں سے فائنل جیتا ۔ اولمپئین ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اپنے کوچ سلمان اقبال بٹ ، لیسکو واپڈا ،پاکستان سپورٹس بورڈ اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے تعاون سے ہی جیت ممکن ہوئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں چار ماہ باقی ہیں اور اس میں بھی انشاءاللہ پاکستان کا نام روشن کروں گا ۔ ہمارے سپیشل کارسپانڈنٹ راجہ نورالہی عاطف کے مطابق ارشد ندیم نے پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کہا کہ میں نے ایک اور گولڈ میڈل پاکستان کے لئے جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ
اولمپک گیمز ،اب ایشیائی گیمز کے بعد میرا اگلا ٹارگٹ ورلڈ چمپئن شپ ہو گی ۔