حق کی بات عنوان: قانون سے بالاتر کون؟ تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
حق کی بات
عنوان: قانون سے بالاتر کون؟
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
جب ریاستی عہدے عزت کا باعث نہیں بلکہ امانت کا بوجھ بن جائیں، تو ہر قول و فعل پر سوال اٹھانا لازم ہو جاتا ہے۔ اور اگر یہ سوال کسی جج کے زبان سے نکلے، تو وہ صرف عدالتی ریمارکس نہیں ہوتے، وہ دراصل اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑنے والی صدا بن جاتے ہیں۔
سپریم کورٹ میں توہینِ مذہب مقدمات پر کمیشن سے متعلق سماعت کے دوران جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ایک ایسا سوال اٹھایا جو محض قانونی نہیں، اخلاقی اور اسلامی لحاظ سے بھی نہایت سنگین ہے۔ ان کا کہنا تھا:
> “کیا وزیراعظم اور ڈی جی آئی ایس پی آر پابندی کے باوجود وی پی این کے ذریعے ایکس (ٹویٹر) استعمال کر رہے تھے؟
پابندی کے باوجود ایکس استعمال کرنا غیرقانونی ہے، تو کیا یہ اعلیٰ حکام جانتے بوجھتے غیرقانونی کام کر رہے تھے؟”
یہ سوال کسی اخبار کی شہ سرخی سے زیادہ کچھ ہے۔ یہ سوالِ عدل ہے، وہی عدل جسے قرآن مجید میں اللہ نے “قِسْط” کہا ہے، اور جو نبی کریم ﷺ کی سنت کا بنیادی ستون تھا۔
ذرا سوچیے!
جب ایک عام شہری پر وی پی این کے استعمال پر مقدمہ بن سکتا ہے، تو کیا وزیرِاعظم یا کوئی جرنیل اللہ کے قانون سے مستثنیٰ ہو سکتا ہے؟
اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین ہو یا قرآن کا حکم، دونوں کا اصول واضح ہے: کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
> “تم سے پہلی قومیں اسی لیے تباہ ہوئیں کہ ان میں جب کوئی بڑا چوری کرتا تو چھوڑ دیا جاتا، اور جب کوئی کمزور چوری کرتا تو اس پر حد نافذ ہوتی۔ قسم ہے اُس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، اگر فاطمہ بنتِ محمد بھی چوری کرتی، تو میں اُس کا ہاتھ کاٹ دیتا۔”
(صحیح بخاری)
آج کا “وی پی این استعمال” کل کا “قانون توڑنا” بن سکتا ہے، اور جو قومیں چھوٹے قانون کی خلاف ورزیوں کو “چالاکی” سمجھتی ہیں، وہ پھر بڑے جرائم کو بھی “حکمت عملی” کہنا شروع کر دیتی ہیں۔
آج امت کو سوچنا ہوگا:
کیا ہم واقعی اس نبی کی امت ہیں جس نے انصاف کو اپنا زیور بنایا؟
کیا ہم اس دین کے پیروکار ہیں جس میں خلیفہ وقت کو عوامی عدالت میں کھڑا ہونا پڑا؟
جسٹس اعجاز اسحاق خان کا سوال عدالتی کارروائی نہیں، یہ امت کی غیرت کا ٹیسٹ ہے۔
اگر ہم خاموش رہے، تو پھر قانون صرف غریب کے لیے اور چھوٹ صرف طاقتور کے لیے رہ جائے گی۔