عنوان: عدلیہ کی کرسی یا آئین کا مورچہ؟ تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
آئینہ وقت
عنوان: عدلیہ کی کرسی یا آئین کا مورچہ؟
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
ایوانِ عدل میں کبھی کبھی کوئی صدا ایسی گونجتی ہے جو صرف الفاظ نہیں ہوتی، ایک نظریہ ہوتی ہے، ایک عہد کی پکار ہوتی ہے۔ ایسی ہی ایک گونج ہمیں سپریم کورٹ کے جج جناب جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے سننے کو ملی، جنہوں نے صاف، دو ٹوک اور آئینی لہجے میں وہ کچھ کہہ دیا جو اکثر جج حضرات کے منہ سے “بین السطور” بھی سننے کو نہیں ملتا۔
جسٹس صاحب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز کو آئینی محافظ کے طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کی وفاداری صرف آئین سے ہونی چاہیے، نہ کہ کسی سیاسی ہدایت نامے، دباؤ یا مفاد پرست بیانیے سے۔ یہ کوئی سادہ سی بات نہیں تھی، یہ دراصل عدلیہ کی روح کو جگانے کی ایک کوشش تھی۔
پاکستان کی عدالتی تاریخ میں کئی جج آئے، گئے، کچھ نے “نظریۂ ضرورت” کے سائے میں حلف اٹھایا اور کچھ نے اصولوں کی چھاؤں میں فیصلے سنائے۔ لیکن منصور علی شاہ کی یہ پکار وقت کے عدالتی افق پر ایک ستارے کی طرح چمکی ہے، جو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ جج وہی ہے جو ضمیر سے جڑا ہو، قانون سے بندھا ہو، اور سچ کے ساتھ کھڑا ہو۔
ان کا یہ کہنا کہ عدلیہ، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ مکالمہ کرے، یہ صرف تجاویز نہیں، یہ آئینی معاشرے کی تعمیر کا خاکہ ہے۔ کیونکہ جب جج بند کمرے میں صرف فائلیں پڑھتا ہے اور عوام کی نبض سے ناآشنا ہوتا ہے، تو فیصلے کھوکھلے ہو جاتے ہیں، اور انصاف صرف کاغذ پر زندہ رہتا ہے۔
آج “آئینہ وقت” یہی سوال لے کر کھڑا ہے:
کیا ہماری عدالتیں واقعی آئینی مورچے ہیں؟
یا وہ صرف حکم کی منتظر گھڑیاں ہیں جو طاقت کے اشارے پر ٹِک ٹِک کرتی ہیں؟
منصور علی شاہ جیسے جج ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ عدلیہ اگر آئین کی وفادار نہ ہو، تو پھر آئین بھی بے یار و مددگار رہ جاتا ہے۔
آئینہ یہی کہتا ہے:
عدالتیں محلات کے دباؤ سے نہیں، آئین کے پرتو سے روشن ہوتی ہیں۔