آئینہ وقت تاریخ کے کوڑے دان میں: ایک جج، ایک ایجنڈا، اور ترازو کی پامالی تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
آئینہ وقت
تاریخ کے کوڑے دان میں: ایک جج، ایک ایجنڈا، اور ترازو کی پامالی
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
تاریخ کسی کا باپ نہیں ہوتی، جو جھوٹ پر پردہ ڈالے۔ جس نے آئین کو موم کی ناک بنا کر اپنے ایجنڈے کے مطابق موڑا، جس نے انصاف کو تماشا اور عدالت کو تھیٹر بنایا — وہ جج کہلانے کا نہیں بلکہ تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے رہنے کا حق دار ہے۔
بات ہو رہی ہے اس جج کی جو انصاف کی کرسی پر بیٹھا مگر انصاف کا جنازہ نکالا — قاضی فائز عیسیٰ۔
یہ وہ شخص ہے جس نے عدالت کو سیاسی اکھاڑا بنایا، اور فیصلے آئین کی کتاب سے نہیں، اندرونی “اشاروں” اور مخصوص طبقات کی خوشنودی کے لیے لکھے۔ سب سے بڑا جرم؟ پاکستان تحریکِ انصاف کو الیکشن سے قبل دیوار سے لگانا، ان کا انتخابی نشان “بلّا” چھیننا، اور کروڑوں ووٹرز کی آواز کو کچل دینا۔
عدالت میں بیٹھ کر وہ فیصلے دیے گئے جو عوام کی رائے کے منہ پر طمانچہ تھے۔ ایک ایسا شخص جو خود کو عدلیہ کا نجات دہندہ کہلواتا ہے، وہ عوامی مینڈیٹ کی تذلیل کرتا ہے؟ یہ کون سا قانون ہے؟ کون سا آئین؟ یا کیا اب آئین بھی “اینٹی پی ٹی آئی ایجنڈے” کی ذیلی شق بن چکا ہے؟
قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے آزاد عدلیہ کی مثال نہیں، بلکہ “ہینڈ پِکڈ انصاف” کی بدترین علامت ہیں۔ کیا یہی وہ انصاف ہے جس کے تحت آپ نے ایک بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کر کے الیکشن کو متنازعہ بنایا؟ کیا یہی وہ آزادی ہے جہاں جج خود فریق بن جائے؟ اور پھر خود ہی منصف بھی؟
کیا یہ آئین کی حفاظت ہے — یا ایک خاص بیانیے کی مشروط غلامی؟
یہ وہی سوچ ہے جو قوموں کو اندر سے توڑتی ہے۔ فیصلوں میں چھپی بدنیتی کو نہ کوئی قانونی موشگافی چھپا سکتی ہے، نہ مکار الفاظ کا لبادہ۔ قوم سب دیکھ رہی ہے — اور یاد رکھئے، قوم بھولتی نہیں۔
قاضی فائز عیسیٰ!
آپ تاریخ کے اس موڑ پر کھڑے ہیں جہاں سے آپ کا نام آئین شکنوں، انتخابی سازشیوں اور انصاف کے سوداگروں کے ساتھ لکھا جائے گا۔ آپ کا قلم قانون کے لیے نہیں، ایک سیاسی محاذ کی تلوار کے طور پر استعمال ہوا۔ اور قوم یہ سب نوٹ کر چکی ہے۔
تاریخ کے کوڑے دان میں اب آپ کا مقام محفوظ ہو چکا ہے۔ وہاں جہاں ایسے کردار دفن ہوتے ہیں جو انصاف کی کرسی پر بیٹھ کر انصاف کا گلا گھونٹتے ہیں۔