سکھر: بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی سندھ ہائیکورٹ بینچ سکھر میں پنوعاقل کے کیٹی شاہ فاریسٹ سے درختوں کی کٹائی،
سکھر: بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سندھ ہائیکورٹ بینچ سکھر میں پنوعاقل کے کیٹی شاہ فاریسٹ سے درختوں کی کٹائی، جنگلی حیات کے تحفظ اور جنگلاتی زمین پر قبضوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایس ایس پی سکھر کو درختوں کی کٹائی روکنے، زمین سے قبضے ختم کرانے اور جنگل کی حفاظت کے لیے سرگرم مقامی افراد کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق، پنوعاقل کے رہائشی عبدالصمد مہر کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کیٹی شاہ فاریسٹ سے درختوں کی کٹائی، جنگلی حیات کے تحفظ اور جنگلاتی زمین سے قبضے ختم کرانے کی اپیل کی گئی تھی۔
جسٹس ذوالفقار علی سانگی اور جسٹس عبد الحمید پر مشتمل آئینی بینچ کے روبرو ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ضیاءد اللہ لغاری اور ڈپٹی کنزرویٹر عدنان حامد پٹھان پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی کہ کیٹی شاہ فاریسٹ کے پنهواري بلاک میں ہرنوں اور دیگر جنگلی جانوروں سمیت تیتر اور مقامی درختوں کی افزائش کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون سے 2018 سے 2021 تک ایک منصوبے پر کام کیا گیا۔ اس دوران جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اس علاقے کو باڑ لگا کر (چاردیواری) بنایا گیا۔
ورلڈ بینک کا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد پنهواري بلاک کا انتظام سندھ فاریسٹ اور سندھ انوائرمنٹل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سپرد کیا گیا جو اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ فنڈز کی کمی کے باعث جنگلی حیات کے تحفظ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ افسران نے عدالت سے مزید نگرانی کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے فاریسٹ اور وائلڈ لائف محکمے کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہا، لیکن مزید فنڈز دینے کی استدعا مسترد کردی اور سختی سے ہدایت کی کہ درخواست گزار سے مکمل تعاون کیا جائے جسٹس نے ڈویژنل فاریسٹ افسر ضیاد اللہ لغاری کے کام کی تعریف کی اور افسران کو جنگل و جنگلی حیات، خصوصاً ہرنوں اور تیتر سمیت دیگر جانوروں کا مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کو کہا عدالت نے ایس ایس پی سکھر کو درختوں کی کٹائی روکنے اور جنگلاتی زمین سے قبضے ختم کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس ختم کردیا۔