*گندم و میدہ سستا،بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی. شہری سراپا احتجاج*
*گندم و میدہ سستا،بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی. شہری سراپا احتجاج*
میلسی (محمدمختارسولگی)ذرائع کے مطابق گندم کی قیمت 5000 روپے فی من سے کم ہو کر 2200 روپے تک آ چکی ہے، جبکہ میدہ — جو بیکری مصنوعات کی تیاری کا بنیادی جزو ہے — اس کا نرخ 8000 روپے فی 50 کلو سے گھٹ کر 3500 روپے رہ گیا ہے۔ اس کے باوجود مارکیٹ میں گندم کے میدہ سے تیار ہونیوالے بریڈ، بسکٹ، کیک اور دیگر بیکری اشیاء سابقہ نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں۔
میلسی شہر میں بیکری مالکان کی من مانیوں کے باعث عوام کو مہنگائی کے نئے طوفان کا سامنا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود بیکری مصنوعات کے نرخ بدستور آسمان سے باتیں کر رہے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ پرائس کنٹرول میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود بیکری مالکان اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر 150 تا 200 فیصد تک منافع کما رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر میلسی اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی اس ناجائز منافع خوری پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومتی اداروں سے فوری کارروائی اور بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں کم از کم 50 فیصد کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے بھی گراں فروشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد کروائے اور قصوروار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔