November 16, 2026

*حضرت ابراہیم علیہ السلام* پیر 26 مئی 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

20250521_071525

*حضرت ابراہیم علیہ السلام*

پیر 26 مئی 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

حضرت ابراہیم علیہ السلام اللہ تعالی کے برگزیدہ پیغمبرتھے۔ آپ کا وقت پیدائش 1810قبل مسیح ہے، یہ قدیم عراق کا شہر”ار(UR) ہے جہاں آپ علیہ السلام نے جنم لیا۔انجیل مقدس سے لیے گئے نسب نامے کے مطابق چند پشتوں بعد آپ کاشجرہ حضرت نوح علیہ السلام سے آن ملتاہے، گویا آپ حضرت نوح علیہ السلام کی قریبی پشت سے تھے۔عہدنامہ قدیم
”ابراہام“اور”ابراہم“کثیرالاستعمال ہیں جبکہ قرآن مجید نے آپ کو ”ابراہیم“ علیہ السلام کے نام سے یاد کیا ہے۔ محققین کے مطابق یہ لفظ دراصل ”ابورھام“ ہے جس کا مطلب بہت سی اولادوں کا باپ ہے، لیکن کثرت استعمال کے باعث اب ”ابراہام“ یا” ابراہیم“کہلاتا ہے۔ آپ علیہ السلام کا لقب مبارک ”خلیل اللہ“ ہے ایک اور لقب ”ابوالضیفان“ بھی ہے کیونکہ آپ بہت مہمان نواز تھے اور بغیر مہمان کے کھانا نہیں کھاتے تھے۔دنیا کے تین سب سے بڑے مذاہب یہودیت، مسیحیت اور اسلام آپ کو اپنا روحانی و مذہبی پیشوا مانتے ہیں اور اپنے آپ کو ملت ابراہیمی پر گردانتے ہیں۔ اللہ تعالی نے آپ کی اولاد میں بھی نبوت و رسالت کاسلسلہ جاری رکھا تھا اور ایک کثیر تعداد میں مبعوث ہونے والے انبیاء و رسل آپ کی نسل سے اٹھائے گئے تھے۔ آپ کی اولاد دو مشہور سلسلوں میں ابھی بھی دنیا پر اپنا وجود رکھتی ہے، آل اسمئیل جو عرب اقوام ہیں اور آل اسرائیل یابنی اسرائیل جو یہودی قبائل ہیں، یہ سب حضرت ابراہیم علیہ السلام کی نسل سے ہیں۔ بیت المقدس کی عبادت گاہیں اورحرم مکہ مکرمہ کی تعمیرات بھی آپ سے منسوب ہیں۔ آپکو عطا کردہ معجزات شہرہ آفاق ہیں اور دنیابھرکی ادبی کتب میں بطور تمثیلات کے بکثرت استعمال ہوتی ہیں۔قرآن مجید جیسی آخری الہامی کتاب میں آپ کے نام کی ایک مکمل سورۃ بھی موجود ہے یعنی”سورۃ ابراہیم۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پیدائش سے قبل وقت کے بادشاہ نمرود کو نجومیوں نے بتا دیا تھا کہ تیری قوم میں ایک بچہ پیدا ہونے والا ہے جو تیرے اقتدار کے خاتمے کا باعث بنے گا تب اس نے ہر پیدا ہونے والے بچے کے قتل کاحکم صادر کردیا۔ چنانچہ بچے کی جان کے خوف سے والدین نے ایک غار میں پناہ ڈھونڈی اور کم وبیش سوا سال کی عمرمیں باہر لائے۔ عراق میں پیدائش کے مقام پر آج ایک بہت بڑی مسجد تعمیر کر دی گئی ہے جہاں زائرین کی بھیڑ لگی رہتی ہے۔ اس مسجد سے ایک راستہ اس غارکی طرف جاتا ہے آخر میں ایک شیشہ لگا ہے جس کے دوسری طرف حضرت ابراہیم علیہ السلام کی جائے جنم ہے۔ وہاں نیچے گہرے کوئیں میں پانی بھی موجود ہے جسے نالیوں کے ذریعے اوپر کھینچ کر نل لگا دیے گئے ہیں۔زائرین اس پانی سے اپنی جسمانی و روحانی پیاس بجھانے کا انتظام کرتے ہیں۔حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بارے میں مشہور ہے کہ ان کی نشونما بہت تیزی سے ہوئی تھی اور باقی بچوں کی نسبت وہ بہت جلد اپنی جسمانی ساخت میں تنومند ہو چکے تھے۔ کتابوں میں لکھاہے کہ فرشتوں نے آپ کی خوراک اور غذا کا انتظام کردیا تھا جس کے باعث آپ کا قد اور وزن مبارک معمول سے کہیں زیادہ رفتار سے بڑھتا چلا گیا۔حضرت ابراہیم علیہ السلام لڑکپن کو پہنچے تو رسم و رواج کے مطابق آزرنے انہیں ایک بت کے سامنے کھڑا کر دیا اور کہاکہ یہ تیراخدا ہے۔لڑکپن میں ہی اللہ تعالی کے یہ نبی انتہائی ذہین و فطین اور دانشمندانہ ذہن کے مالک تھے۔انہوں نے پتھر کے اس بت سے کھانا، پانی اور لباس مانگا، جب کوئی جواب نہ ملا تو فرمایا تو کیسا خدا ہے جو جواب ہی نہیں دیتا اور زمین سے ایک پتھر اٹھایا اور اس بت کو دے مارا۔ انسانی فطرت کسی بھی خدا کے بغیر نامکمل رہتی ہے، چنانچہ جو لوگ ان دیکھے خدا کو نہیں مانتے وہ ہوس نفس، دولت، دنیا، اقتدار، رنگ، نسل،علاقہ، زبان یا خاندانی روایات وغیرہ نامی خداؤں کے ضرور پجاری ہوتے ہیں۔ فطرت کے تقاضے کی بجا آوری کے لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بھی اپنے خدا کی تلاش شروع کر دی۔ اس وقت حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قوم میں ستارہ پرست، چاند پرست اور سورج پرست لوگ بھی موجود تھے۔بتوں سے مایوسی کے بعد ان سب اہل مذاہب نے آپ علیہ السلام کواپنی طرف کشش کرنا چاہا۔ قرآن مجید نے ان سب جھوٹے خداؤں کی تردید آپ کی زبانی نقل کی ہے۔ ستارے نکلے اور بوقت صبح ماند پڑگئے، چاند نظر آیا لیکن سورج سے مات کھا گیا، شہنشاہ خاور بڑے جاہ وجلال سے آسمان دنیا پر جلوہ گر ہوا لیکن وقت شام غروب ہو کر معدوم ہوگیا تب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ان اجرام فلکی کے پجاریوں کو سمجھایا کہ میں زوال آشنا خداؤں کاعبادت گزار نہیں ہوں بلکہ میں نے اپنا چہرہ عبودیت یکسو ہوکر اس رب کی طرف کرلیا جوزمین و آسمان کا بنانے والا ہے اور میں مشرکوں میں سے نہیں ہوں۔آج فی زمانہ کتنے ہی رائج جھوٹے خدا ہیں، پیٹ کی خواہش، پیٹ سے نیچے کی خواہش، رنگ، نسل،علاقہ، زبان، قوم اورخاندان اور دھن دولت، شہرت، اقتدار، حکومت، ملازمت، ترقی اور مستقبل کے حسین خواب وغیرہ وقت کے وہ جھوٹے معبود ہیں کہ انسانوں کا جم غفیر دن رات ان کی پوجاپاٹ میں مصروف ہے اور درس ابراہیم علیہ السلام کو فراموش کربیٹھا ہے کہ ان سب خداؤں سے بے نیاز ہوکر اپنا چہرہ صرف ایک اللہ تعالی کی طرف کرلینا چاہیے اور اپنے خوف، اپنی لالچ، اپنی امیدیں اور آرزوئیں حتی کہ اپنے غم وآلام اور اپنی خوشیاں بھی سب اسی سے وابسطہ کرلی جائیں۔
معرفت الہی کے بعد اللہ تعالی نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو ایمان بالشہادۃ کی خاطر زمین و آسمان کی بادشاہت کا مشاہدہ کرایا۔ امتی کا ایمان، ایمان بالغیب ہوتا ہے یعنی اس نے جن حقائق کو مانا ہوتا ہے ان کا مشاہدہ نہیں کیا ہوتا جب کہ نبی کاایمان، ایمان بالشہادۃ ہوتاہے، اللہ تعالی سے اس کا براہ راست رابطہ ہوتاہے، فرشتے سر راہ نبی سے مصافحہ کرتے ہیں، گزشتہ ارواح سے نبی کی ملاقاتیں ہوتی ہیں اورنبی کو جنت، دوزخ، عاقبت، آخرت اور ملاء الاعلی وغیرہ کا نظارہ کرایا جاتاہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالی سے پوچھا کہ لوگ مرنے کے بعد کیسے جی اٹھیں گے؟؟ اللہ تعالی نے کہا کہ اے ابراہیم علیہ السلام، کیا آپ میری قدرت پر یقین نہیں رکھتے؟؟ آپ علیہ السلام نے عرض کی اے بارالہی پختہ یقین ہے لیکن دل کی تسلی چاہیئے۔ اللہ تعالی نے حکم دیا کہ چار پرندے لے لیں، ان کی لپرورش کریں، انہیں خود سے مانوس کرلیں، پھر انہیں ذبح کریں، ان کاقیمہ کریں اس قیمے کو پہاڑوں کی چارچوٹیوں پر رکھ کر آئیں، پھر ان کے مانوس ناموں سے انہیں آواز دیں، تب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دیکھا کہ وہ پرندے اڑتے ہوئے آپ علیہ السلام کے پاس زندہ سلامت پہنچ گئے۔ اس طرح کے واقعات خرق عادت کہلاتے ہیں یعنی معمول کے برعکس۔جب یہ خرق عادت اللہ تعالی کرے تو یہ اس کی شان کہلاتی ہے جیسے لشکر فیل پر ابابیلوں کاحملہ، جب یہ انبیاء کے ہاتھوں سے صادر ہو تو معجزہ کہلاتی ہے اور جب امتیوں کی طرف سے خرق عادت کا ظہور ہو تو یہ کرامت کہلاتی ہے جیسے اصحاف کھف کا تین سوسالوں سے زائد زندہ رہنا۔
حق واضع ہونے کے بعد اس کی تلقین و تبلیغ کاسلسلہ شروع ہوتاہے، تب حضرت ابراہیم علیہ اسلام نے سب سے پہلے اپنے گھر سے تبلیغ و ارشاد کاآغاز کیا اور آزر کو سمجھایا کہ پتھر سے بنے بت کسی کے نفع نقصان کے مالک نہیں ہو سکتے۔ ان کی قوم میلے پر شہر سے باہر گئی تو حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بت خانے میں گھس کر تمام بتوں کو زخمی کردیا اور کلہاڑے کو بلندی پر جمے سب سے بڑے بت کے کاندھے پر دھردیا۔ قوم واپس آئی تو اپنے خداؤں کی یہ حالت دیکھ کر سیخ پا ہوگئی اور اسی وقت حضرت ابراہیم علیہ السلام کو طلب کیا گیا، آپ علیہ السلام نے جواب دیا کہ کلہاڑا تو اس بڑے بت کے کاندھے پر پڑا ہے اور پوچھتے مجھ سے ہو؟؟ ہم اپنے خداؤں سے پوچھونا۔ ان کی قوم نے جواب دیا کہ یہ تواپنے اوپر سے مکھی نہیں اڑا سکتے تب اپنے احوال کیا سنائیں گے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کہا کہ جب تمہارے یہ جھوٹے خدا اپنی حفاظت نہیں کر سکتے تو تمہارے نفع نقصان کے مالک کیسے بن سکتے ہیں، پھر کیا تمہاری مت ماری گئی ہے کہ ان کی پوجا کرتے ہو، ان پر چڑھاوے چڑھاتے ہواور صبح و شام ان کے آگے سجدہ ریز بھی ہوتے ہو۔حقیقت احوال جب بادشاہ وقت ”نمرود“ کے ہاں پہنچی تو اس نے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے مجادلہ کیا۔ نمرود بذات خود خدائی کادعوی کرتا تھا۔ اس نے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے پوچھا تمہارا خدا کیا کرتا ہے۔آپ علیہ السلام نے جواب دیا کہ وہ زندگی اور موت کا مالک ہے۔ نمرود نے تھوڑی دیر بعد پھانسی پانے والے ایک شخص کو آزاد کردیا اور دربار میں کھڑے ایک فرد کی گردن اڑادی اور پھر کہا کہ دیکھو زندگی اور موت تو میرے قبضے میں ہے۔اس پر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کہا کہ اچھا میرارب تو مشرق سے سورج کو نکال کر لاتا ہے تو مغرب سے نکال کردکھا۔ اس جواب پر نمرود مبہوت ہو کررہ گیا۔ آج حضرت ابراہیم کے پیروکار سے وقت کا تقاضا ہے کہ زمانے کے نمرودوں سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر حق بات کہیں، یاد رہے کہ طاغوت سے کسی طرح کی مفاہمت سنت ابراہیمی کے مخالفت ہوگی۔

قیدوبند ظاور دارو رسن انبیاء علیھم السلام کے راستے کے سنگ ہائے میل ہیں۔ شاہی افواج نےحضرت ابراہیم علیہ السلام کو آگ کے بھڑکتے ہوئے ایسے الاؤ میں ڈال دیاجس کے شعلے آسمان سے باتیں کررہے تھے اور اس آگ کو کئی دنوں سے بھڑکا یا جا رہا تھا۔ لیکن کنارے پر کھڑی پوری قوم نے مشاہدہ کیا کہ اللہ تعالی کے حکم سے بھڑکتی ہوئی آگ ٹھنڈی اور سلامتی والی ہو گئی اور کل قوم کے سامنے حضرت ابراہیم علیہ السلام آگ کی بجائے گل و گلزار پر چلتے ہوئے باہر نکل آئے۔اس کے بعد اس قوم پر اللہ تعالی کی طرف سے متعدد سزائیں نازل ہوئیں اور ان کے بادشاہ نمرود پر ایک کیڑا مسلط کردیا گیا۔قرآن مجید نے قوم ابراہیم علیہ السلام پر کسی عذاب کا ذکر نہیں کیا لیکن بہت جلد وہ قوم نیست و نابود ہوگئی۔ آج کے انسان نے بھی اپنے سینے میں کتنے ہی الاؤ جلا رکھے ہیں۔حسد، کینہ، بغض، بری نظر، سگے رشتہ داروں سے مصنوعی مقابلے، جادو، ٹونے، ناجائز پڑھائیاں، گرہوں پر پھونکنے والیاں، دل ہی دل میں دوسروں کے خلاف سازشیں بننا اور ان کا ذہنی دباؤ اپنی حساس نفسیات پر لاد لینا، دوسروں کی ترقی اور ان کی کامیابیوں پر اپنے اندر نار نمرود بھڑکانا اور خود بھی نیتاََ ایسی جھوٹی باتیں، تدبیریں اوردعوے کرنا کہ دوسرے بھی اسی طرح کی تپش میں جلتے رہیں۔ یہ وہ رویے ہیں جن کو مضبوط ایمان کے ذریعے صرف اللہ تعالی کی مدد سے گل و گلزار بنا کر ان سے آزاد ہو جانا انبیاء علیہ السلام کاطریقہ ہے۔کیونکہ جب حضرت ابراہیم علیہ السلام آگ میں ڈالے جانے لگے توجبریل علیہ السلام نے پوچھا کہ میرے لائق کوئی حکم؟؟ آپ علیہ السلام نے انکار کردیا۔ پھر بار دیگرجبریل علیہ السلام آیا اور کہا اب اللہ تعالی پوچھ رہا ہے کہ مجھ سے کچھ مانگنا ہے؟؟ ہم جیسا ہوتا تو چیختا دھاڑتا کہ آگ میں گرنے والا ہوں اور ابھی بھی پوچھ رہے ہو کہ کیا کرنا ہے۔ لیکن حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اتنا پوچھا کہ کیا یہ سب اللہ تعالی دیکھ رہا ہے، تو جبریل نے اثبات میں جواب دیا تب آپ علیہ السلام نے کہا کہ جاؤ مجھے اپنے رب سے بھی کچھ نہیں کہنا۔ پس اپنے سینوں میں لگی آگ بھی سنت ابراہیمی سے گل و گلزار بنائی جاسکتی ہے۔
طالمود کے مطابق حضرت ابراہیم علیہ السلام نے عراق سے کنعان(فلسطین) کی طرف اپنی زوجہ محترمہ حضرت سارہ کی معیت میں ہجرت کی، حضرت سارہ آپ علیہ السلام کی چچازاد بہن تھیں اور روایات کے مطابق حضرت لوط کی سگی ہمشیرہ تھیں اور بہت مالدار خاتون تھیں۔اس سفر ہجرت میں مصر کے بادشاہ سے آپ کی ملاقات ہوئی تو اس نے آپ کو ایک خاتون حضرت ہاجرہ تحفے میں دی، آپ علیہ السلام نے ان سے بھی نکاح کر لیا۔ اللہ تعالی نے آپ علیہ السلام کواسمائیل جیسا فرزند ارجمند عطا کردیا۔ پیرانہ سالی میں بیٹا ملا تو اللہ تعالی کے حکم سے بیوی اور بیٹے کو لق دق صحرا کے عین نشیب میں تن تنہا چھوڑ آئے۔ جب کبھی اونچے مقام پر پہنچتے تو اللہ تعالی سے پوچھتے کہ یہاں چھوڑ دوں؟؟جواب ملتا کہ نہیں۔کیونکہ اونچی جگہ سے مشکل وقت میں کسی مددگار تک نظروں کے پہنچنے کا امکان موجود تھا۔ جب بالکل نشیب میں پہنچے اورچاروں اطراف میں بلندوبالا پہاڑ سینہ تانے دشت تنہائی کی دہائی دے رہے تھے تو حکم الہی ہوا کہ یہاں چھوڑ دو۔ ہونا تویہ چاہیے تھا کہ کسی جنگلی جانور کے حملے میں یہ بیٹا بھی ہاتھ سے جاتا اور نسل ابراہیم علیہ السلام گم گشتہ ہوجاتی۔لیکن جو اہل ایمان اللہ تعالی پر توکل کرتے ہیں اللہ تعالی انہیں کافی ہوجاتا ہے۔ ایک ہی بیٹے کو بھی صحرامیں بے آسرا چھوڑ کر آنے والے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی نسل تاقیامت اس زمین پر اپنا وجود منواتی رہے گی۔ آج اپنا اوراپنی اولادوں کا بیمہ کرانے والوں کے لیے اس میں بہت بڑا درس توکل ہے کہ مستقبل کا انحصار مادیت پر رکھنے کی بجائے اللہ تعالی کی ذات پر اعتماد کرکے استوار کیا جائے کہ اللہ تعالی سب سے بڑھ کر اپنے وعدے پورے کرنے والا ہے اور اپنے فوت ہونے کے بعد اولاد کی فکرکرنے کی بجائے اولاد کے فوت ہونے کے بعد اولاد کی فکر اجاگر کی جائے۔
تشنہ کام صحرائی ٹیلوں کے درمیان جب مشکیزہ خشک ہوا تو صفا و مروہ کے درمیان مامتا حالت پریشانی میں دوڑتی بھاگتی اورقطرہ حیات کو تلاشتی اس حال میں تگ و دو کرتی نظر آئی کہ دل اللہ تعالی کی طرف، آنکھیں لخت جگر کی طرف اور جسم اطہر تلاش و بسیار آب میں سرگرداں ہے۔ شان خداوندی کہ ننھے اسمائیل علیہ السلام کے قدموں سے اللہ تعالی نے شیریں پانی کاچشمہ زم زم جاری کردیا۔ اللہ کرے کی آج کی مامتا بھی اتنی سر خرو ہو کہ اس کے نونہال بھی عالم انسانیت کے لیے سکون واطمنان اور طمانیت روحانی کے ابلتے ہوئے چشموں کاباعث بنیں۔ ایک اسمائیل علیہ السلام کے قدموں سے پانی کاچشمہ رواں کرکے قدرت خداوندی ختم نہیں ہوگئی۔ آج کی مائیں بھی اپنے جگر گوشوں کو روشن مستقبل کے نام پر خود غرضی اور ہوس زر سکھانے کی بجائے انبیاء علیھم السلام کی سنتوں کے مطابق کل انسانیت کے لیے متقین کاامام بنانے کی خواہش کریں توجس طرح جنت ماں کے قدموں تلے آسکتی ہے اسی طرح بنی آدم کی سیرابی کے چشمے بھی ایسی ماؤں کے لعل اپنے قدموں سے پھوٹ نکال سکتے ہیں۔حضرت اسمائیل تھوڑے سے اور بڑے ہوئے تو انہیں ذبح کرنے کاحکم آگیا لیکن یہ ایک امتحان تھا جس میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کامیاب ہوئے اور جنت سے لایا گیا مینڈھا قربان ہوگیا۔ایک ہی اکلوتا بیٹا اور وہ بھی اللہ تعالی کی راہ میں قربان کرنے چل کھڑے ہوئے، راستے میں تین جگہ شیطان نے بہکایا لیکن عزم صمیم میں جنبش نہیں آئی۔ بیٹے کے سامنے ارادے کااظہارکیاتو بیٹا بھی آداب فرزندی میں معراج سعادت کو پاگیا اورجب چھری چلی توعرش معلی سے گونجتی ہوئی صدا زمین تک آن پہنچی کہ اے ابراہیم علیہ السلام آپ نے اپنا خواب سچ کر دکھایا اور فرمانروائے کائنات نے اس عمل کو”ذبح عظیم“ قراردے دیا اور اس قربانی کے نتیجے میں امامت عالم آپ علیہ السلام کو مرحمت ہوگئی اورآپ علیہ السلام ”خلیل اللہ“ کے مقدس لقب سے ملقب ہوئے۔ بڑی بڑی خواہشات کی قربانی میں چھوٹی خواہشات خودبخود قربان ہوجاتی ہیں، انسان زبان سے کسی کوبھی خدا کہتا رہے لیکن نامہ اعمال میں خدا اسی کو لکھاجاتا ہے جس کے لیے وہ قربانی دیتاہے۔ جو اولاد کے لیے قربانی دیتاہے وہ اولاد کا عبد ہے، کوئی دولت کو معبود مانتا ہے، کوئی نفس اور ہوس نفس کابندہ ہے تو کسی نے خوبصورت چہروں کو صنم بنا رکھا ہے اور کوئی حکومت اور اقتدار کے پجاری ہیں، کسی کو اپنا وقت، اپنی پیشہ ورانہ مہارت، اپنا آرام اور اپنے روزمرہ کے معمولات خدائی عبادت کی حد تک عزیز ہیں تو یہ سب جھوٹے خداؤں کے ماننے والے ہیں، ہاں جو ان سب کو ایک اللہ تعالی کے نام پر دن میں پانچ مرتبہ قربان کر دیتے ہیں تو وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرح سچے خدا کے عبادت گزار ہونے کاثبوت فراہم کرتے ہیں۔ باپ بیٹے نے مل کر خانہ کعبہ کی عمارت کی تاسیس نو کی اورحج و عمرہ جیسی بابرکت مناسک کا آغاز ہوا۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام مہمان نواز تھے، بغیر مہمان کے کھانا نہیں کھاتے تھے۔ کتب میں لکھاہے کہ پورا پورا دن گزرجاتااور مہمان کے انتظارمیں بھوکے رہتے تھے اور بعض اوقات مہمان کی تلاش میں دو دو میل دور تک نکل جاتے تھے۔ ایک بار دوران تناول معلوم ہواکہ مہمان کافر ہے۔آپ علیہ السلام نے اسے گھر سے نکال دیا، اس پر اللہ تعالی نے وحی کی کہ اے ابراہیم علیہ السلام وہ کفر تو میرا کرتا ہے اور میں اسے ہمیشہ رزق فراہم کرتا ہوں لیکن آپ نے اسے ایک وقت کا کھانا بھی نہ کھلایا، تب حضرت ابراہیم علیہ السلام اسے پکڑ کر لائے اوردسترخوان پر بٹھا دیا۔

*اولاد کی بشارت*
قرآن مجید نے بتایا کہ ایک بار دو مہمان آئے لیکن انہوں نے کھانے کی طرف ہاتھ نہ بڑھایا، استفسار پر انہوں نے بتایا کہ وہ فرشتے ہیں اور بیٹے کی خوشخبری دینے آئے ہیں۔ پس دیوار حضرت سارہ ٹھٹھہ لگا کر ہنسیں کہ کیا اب ہمارے ہاں بیٹاہوگا جب کہ میرے شوہر بڈھے کھوسٹ اورمیں بوڑھی بانجھ ہوچکی ہوں؟؟
تو ان انسانی شکل میں ملائکہ نے کہا کہ اے محترمہ بی بی پاک صاحبہ، کیاآپ اللہ تعالی کی قدرت پر ہنستی ہو؟؟۔اس کے کچھ ہی عرصہ بعد اللہ تعالی نے آپ علیہ السلام کو حضرت اسحق علیہ السلام جیسا ہونہار بیٹا عطا کیا جو بعد میں اللہ تعالی کے نبی بنے۔تاریخ انسانی میں کچھ امور کا آغازحضرت ابراہیم علیہ السلام سے ہوا، سیرت نگاروں کے مطابق قبیلہ بنی نوع انسان میں سب سے پہلے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بال سفیدہوئے تھے، انہوں نے دیکھ کر اللہ تعالی سے پوچھا کہ یہ کیا ہے، اللہ تعالی نے فرمایا کہ یہ ہمارا نور ہے۔

*سنت ابراہیمی*
ختنے کی ابتدا حضرت ابراہیم علیہ السلام سے ہوئی، آپ علیہ السلام نے پیرانہ سالی میں ”قدوم“ نامی ایک ہتھیار سے اپناختنہ کرایا اور اس وقت حضرت اسمائیل علیہ السلام کی عمر مبارک تیرہ برس کی تھی جب کہ حضرت اسحق علیہ السلام کا ختنہ پیدائش کے فوراََ بعد کر دیا گیا تھا۔ ہاتوں اور پاؤں کے ناخن تراشنا، زیرناف اور زیربغل بال صاف کرنا، استنجہ کرنا، حج و عمرہ و طواف، داڑھی کاخط کرنا اورطہارت و نظامت سے متعلق دیگرکئی امور آپ علیہ السلام کی سنتیں جانی جاتی ہیں چنانچہ ان میں سے جو امور فطرت ہیں وہ یہودی، مسیحی اور امت مسلمہ سب میں رائج ہیں۔
بعض روایات کے مطابق ”ہاران“ آ پکے سگے بھائی تھے، ان کے بیٹے کانام ”لوط“ تھا۔ ”ہاران“وہ پہلے فرد تھے جوحضرت ابراہیم علیہ السلام پر ایمان لے آئے تھے۔والد کی وفات کے بعد حضرت لوط اپنے چچا یعنی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ساتھ رہنے لگے، بعد میں انہیں بھی مقام نبوت عطا ہو گیا تھا۔ فلسطین ہجرت کرنے کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام نے حضرت لوط علیہ السلام کو قریب کی بستی ”سدوم“ کی طرف بغرض اصلاح بھیجا جو اخلاقی برائیوں میں مبتلا تھی۔اس قوم نے اپنے نبی کی بات نہ مانی اور عذاب الہی کاشکار ہوکر تباہ و برباد ہوئی۔عذاب کے ایک ہفتے بعدجب حضرت ابراہیم علیہ السلام اس قوم کی زمین پر تشریف لے گئے تو طالمود کے مطابق آپ علیہ السلام نے فرمایا بستی الٹی ہوئی تھی اورنیچے ایسی آوازیں آرہی تھیں جیسے ہنڈیا کھول رہی ہو، الامان والحفیظ۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کم و بیش 175برس کی عمر پائی۔ آپ علیہ السلام کے کل آٹھ بیٹے ہوئے اور اولادوں کی تعداد تیرہ تک ملتی ہے۔حضرت سارہ اور حضرت حاجرہ علیھماالسلام کے علاوہ بھی متعدد نکاح آپ سے منسوب ہیں۔ حضرت سارہ فلسطین میں ہوتی تھیں اور حضرت حاجرہ مکہ میں۔ آپ علیہ السلام کامستقل قیام تو فلسطین میں ہی تھا لیکن آپ علیہ السلام مکہ بھی آتے رہتے تھے،خاص طورپر خانہ کعبہ کی تعمیر کے بعد مناسک حج وعمرہ کی ادائیگی کے لیے آپ علیہ السلام بصدشوق تشریف لایا کرتے تھے۔آپ علیہ السلام نے فلسطین میں وصال پایا اور ”رملہ“کے مقام پر مدفون ہوئے۔ اللہ تعالی نے سب انبیاء علیھم السلام کو جداگانہ خصوصیات عطاکی ہیں، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی نمایاں خصوصیت دانشور ہونا ہے۔آپ علیہ السلام نے اپنی دانست سے توحید کا سبق حاصل کیا اور استقامت سے حالات کامقابلہ کیا اور قربانی سے قرب خداوندی حاصل کرلیا۔ آپ علیہ السلام نے عالمی دعوت الی اللہ کا آغاز کیا، خود فلسطین میں رہے، بیٹے کو مکہ میں تعینات کیا اور بھتیجے کو سدوم کی طرف روانہ کیا، جب کہ اس زمانے میں سدوم کی بستی افریقہ اور ایشیاکے درمیان شاہراہ تجارت پر واقع تھی اور آئے دن تجارتی قافلے وہاں پڑاؤ کیا کرتے تھے۔روزقیامت ہر نبی اپنی امت کی قیادت کرے گا اور جن انبیاء علیھم السلام کی امتیں نہیں ہوں گی یا عذاب کا شکار ہوچکی ہوں گی وہ الگ سے ایک گروہ کی شکل میں عرش الہی کے سائے میں کھڑے ہوں گے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام بھی بغیر امت کے ہوں گے لیکن وہ امتوں کی صف میں اکیلے کھڑے ہوں گے، یعنی اپنی دانست اورعقل و خرد کے باعث وہ فرد واحد کے باوجود بیک وقت نبی اور امت دونوں کا استحقاق شرف (پروٹوکول) لیے ہوئے ہوں گے۔ سلام علی المرسلین والحمدللہ رب العالمین۔

*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں مارنا تو مسلمان ہی مارنا۔
اور اپنے جوار رحمت میں جگہ دینا۔

آمین یا رب العالمین

Please visit us at www.nazirmalik.com
Cell: 00923008604333